
سید قمر عباس قنبر نقوی ـ نئی دہلی
سکھ مذہب کے بانی اور سکھوں کے پہلے گرو گرو نانک کا شمار اُن برگزیدہ روحانی ہستیوں اور مصلحینِ قوم میں ہوتا ہے جنہوں نے سماج میں محبت، مساوات اور خلوص و رواداری کے چراغ روشن کیے۔ دنیا کے مختلف حصوں میں آباد سکھ برادری اپنے مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا کا یومِ پیدائش (گرو نانک جینتی) انتہائی عقیدت و احترام اور تزک و احتشام کے ساتھ مناتی ہے۔ گرو نانک دیو جی کی شخصیت برصغیر کی مشترکہ تہذیب، صوفیانہ روایات اور بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک روشن علامت ہے، جس نے نفرتوں کی دیواروں کو گرا کر دلوں کو جوڑنے کا عظیم کارنامہ انجام دیا۔
سوانحِ حیات اور تعلیم و تربیت
گرو نانک 15 اپریل 1469ء کو ایک کھتری خاندان میں مہتہ کالو (والد) اور ماتا ترپتا (والدہ) کے یہاں ننکانہ صاحب، لاہور میں پیدا ہوئے۔ تاہم، گرو نانک جینتی ہر سال بکرمی/قمری کیلنڈر کے مطابق مختلف تاریخوں میں منائی جاتی ہے۔ آپ کا وصال 22 ستمبر 1539ء کو کرتارپور میں ہوا۔گرو نانک نے ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں کے ایک بزرگ معلم، سید حسن (جنہیں قطب الدین اور رکن الدین کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) سے حاصل کی، جہاں آپ کے والد نے آپ کو پڑھنے کے لیے بھیجا تھا۔ اسی دوران آپ اسلامی عقائد و تعلیمات سے واقف ہوئے اور فلسفۂ توحید کا گہرا اثر قبول کیا۔
مشہور سکھ محقق، شاعر اور سماجی رہنما سردار نانک سنگھ نشتر لکھتے ہیں:
"گرو نانک کا عقیدہ تھا کہ خدا ایک ہے، جو اپنی ہر تخلیق میں جلوہ گر ہے، اور وہی ازلی و ابدی حقیقت ہے۔"
سردار نانک سنگھ مزید رقم طراز ہیں کہ گرو نانک نے کم و بیش دس مسلم ممالک کا سفر کیا۔ آپ نے مکہ مکرمہ میں تقریباً ایک سال اور عراق، خصوصاً بغداد میں چھ سال کا عرصہ گزارا۔ اس کے علاوہ آپ نے ایران اور افغانستان کے اہم شہروں قندھار اور جلال آباد میں بھی قیام کیا۔ مشہور ہے کہ بغداد کے حکمران نے آپ کو ایک عمامہ عطا کیا، جو عموماً علما کو دیا جاتا تھا، نیز ایک چغہ بھی پیش کیا جس پر کلمۂ طیبہ درج ہے۔ یہ تاریخی چغہ آج بھی محفوظ ہے۔گرو نانک بچپن ہی سے ذات پات اور اونچ نیچ کے قائل نہ تھے۔ اولیا و صلحا سے قلبی لگاؤ رکھنے والے اس عظیم مصلح کا پہلا تبلیغی پیغام ہی یہ تھا کہ
"نہ کوئی ہندو ہے، نہ کوئی مسلمان، سب انسان ہیں۔"
اسلامی تعلیمات اور عشقِ رسول ﷺ سے ہم آہنگی
گرو نانک نے جس مذہبی اور معاشرتی نظام کی بنیاد رکھی، اس کا محور نیکی، بھلائی، اخلاق، انسانیت، مساوات اور بھائی چارگی ہے۔ بھوکے کو کھانا کھلانا اور بے لباس کو تن ڈھانپنے کے لیے کپڑا دینا آپ کی بنیادی تعلیمات میں شامل تھا۔ اسی فکر کے تحت آپ نے "لنگر" کی اس عظیم الشان روایت کا آغاز کیا جہاں امیر و غریب اور ہر مذہب و ملت کے افراد ایک ہی صف میں بیٹھ کر بلاامتیاز کھانا کھاتے ہیں۔ درحقیقت یہ تمام اوصاف وہی ہیں جن کی تعلیم صدیوں قبل دینِ اسلام، پیغمبرِ اکرم ﷺ، اہلِ بیتِ اطہارؑ اور اصحابِ رسولؓ نے دی تھی۔
گرو نانک نے حضرتِ پیغمبرِ اکرم، احمدِ مجتبیٰ محمد مصطفیٰ ﷺ کی رسالت سے اپنی عقیدت کا اظہار ان الفاظ میں فرماتے ہیں کہ ـ
پاک پڑھیوس کلمہ ہکس دا محمد نال رلائے
ہویا معشوق خدائے دا ہویا تل علائے
منہ تے کلمہ آکھ کے دوئی دروغ کمائے
اگے محمد مصطفیٰ سکے نہ تنہا چھڑائے
ان اشعار میں ایمان، عشقِ رسول ﷺ اور توحید کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے، جس کا مفہوم یہ ہے کہ حقیقی ایمان اُسی وقت مکمل ہوتا ہے جب توحید کے ساتھ رسالتِ محمدی ﷺ کا دل سے اقرار کیا جائے، کیونکہ آپ ﷺ ہی اللہ کے محبوب اور مخلوق کے لیے نجات کا ذریعہ ہیں۔
امام حسینؑ سے والہانہ عقیدت
تمام عظیم روحانی شخصیات کی طرح گرو نانک کو بھی حضرت امام حسینؑ سے خاص عقیدت تھی۔ ایک موقع پر آپ نے اپنے مریدوں سے فرمایا: "حسینؑ کا غم منایا کرو۔"
ایک مرید نے عرض کی کہ "گرو جی! وہ تو مسلمانوں کے پیشوا ہیں۔"
گرو نانک مسکرائے اور فرمایا: "میں تمہارا گرو ہوں، تمہیں حکم دیتا ہوں کہ جا کر اپنی بہن سے شادی کر لو۔"
مرید نے حیرت و تعجب سے کہا: "گرو جی! میرا ضمیر اس کی اجازت نہیں دیتا۔"
گرو نانک نے فرمایا: "ارے نادان! اسی ضمیر کو تو حسینؑ کہتے ہیں۔ امام حسینؑ صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ ہر ضمیر رکھنے والے انسان کے پیشوا ہیں۔"
آپ مزید فرماتے ہیں:
"گرو جگت حسینؑ ہے، ایسا ہور نہ کوئے
ایسی کرنی کرن گیا، نانک نام لیوے جگ روئے"
(ترجمہ: امام حسینؑ تمام جہان کے ایسے گرو ہیں جن جیسا کوئی دوسرا نہیں، نانک کہتا ہے کہ جب اُن کا نام لیا جاتا ہے تو سارا جہان اشکبار ہو جاتا ہے۔)
سکھ مذہب کی اساس اور سکھ قوم کا عملی کردار
سکھ مذہب کا بنیادی فلسفہ خدمتِ خلق، نیکی، ایمانداری، مساوات اور یادِ الٰہی پر قائم ہے، جو گرو نانک کی تعلیمات کا نچوڑ ہے۔ سکھوں کی مقدس کتاب گرو گرنتھ صاحب ہے، جو گرمکھی رسم الخط میں ہے اور اس کا ترجمہ اردو سمیت دنیا کی متعدد زبانوں میں دستیاب ہے۔ اس مقدس کتاب کی ایک منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اس میں سکھ گروؤں کے ساتھ ساتھ برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ اور بھگت کبیر جیسے متقی درویشوں کا کلام بھی نہایت ادب و احترام کے ساتھ محفوظ کیا گیا ہے، جو عالمگیر محبت، رواداری اور اخوت کا درس دیتا ہے۔
اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ گرو نانک کے پیروکار آج بھی اپنے گرو کی تعلیمات پر خلوص و عقیدت کے ساتھ کاربند ہیں۔ ان میں غیر معمولی اتحاد، نظم و ضبط، خودداری اور خدمتِ خلق کا عملی جذبہ پایا جاتا ہے۔ قدرتی آفات ہوں یا انسانی بحران، سکھ برادری بلا تفریقِ مذہب و ملت انسانیت کی خدمت کے لیے سب سے آگے نظر آتی ہے۔ وہ کسی بھی سطح پر ہونے والی ناانصافی، ظلم یا حق تلفی کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کرتے ہیں اور انصاف کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھتے۔ افسوس کہ اس کے برعکس کئی بڑی قومیں محض اپنے باہمی انتشار اور قیادت کے فقدان کے باعث ظلم و ناانصافی کا شکار ہیں۔
گرو نانک دیو جی کی نمایاں تعلیمات
* ذات پات اور ہر طرح کی تفریق سے پاک سماج کی تشکیل۔
* تمام انسانوں کے درمیان بلاامتیاز مساوات و برابری کا قیام۔
* محنت اور ایمانداری (حق حلال) سے روزی کمانا۔
* بھوکوں کو کھانا کھلانا (لنگر کا نظام) اور محتاجوں کی مدد کرنا۔
* خدا کی محبت اور اس کے نام کا ورد (نام سمرن) کرنا۔
یہ وہ روشن اصول ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر انسان اپنی زندگی کو کامیاب، پُرامن اور خوشحال بنا سکتا ہے۔ تاریخ اور مشاہدہ گواہ ہے کہ آج وہی قومیں عزت و وقار کے ساتھ زندہ ہیں جنہوں نے ان اصولوں کو اپنایا۔ درحقیقت یہ تمام تعلیمات اسلامی تعلیمات ہی کی روح اور مفہوم ہیں۔ آج جب دنیا تعصب، نفرت اور مادہ پرستی کی لپیٹ میں ہے، گرو نانک دیو جی کا یہ پیغام پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ کاش آج سماج کا ہر فرد ان سنہری اصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لے، تو یہ دنیا امن و محبت اور خوشحالی کا ایک خوبصورت گلدستہ بن جائے۔