انجینئرز ڈے: ایم وشویشوریا کی سالگرہ پر ہی کیوں منایا جاتا ہے یہ دن؟

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-09-2026
انجینئرز ڈے: ایم وشویشوریا کی سالگرہ پر ہی کیوں منایا جاتا ہے یہ دن؟
انجینئرز ڈے: ایم وشویشوریا کی سالگرہ پر ہی کیوں منایا جاتا ہے یہ دن؟

 



 ایک ایسے انجینئر کی کہانی جس نے اپنے کام سے بارہا اپنے ناقدین کو غلط ثابت کیا اور ہندوستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا

ثاقب سلیم

15 ستمبر کو ہندوستان میں انجینئرز ڈے منایا جاتا ہے۔ یہ دن ملک کے عظیم انجینئر، ماہر تعمیرات اور سابق دیوان موکش گنڈم وشویشوریا کی یومِ پیدائش کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ آخر انجینئرز ڈے کے لیے ان کی سالگرہ ہی کا انتخاب کیوں کیا گیا؟

اس کا جواب وشویشوریا کی پوری زندگی اور ان کے غیر معمولی کارناموں میں پوشیدہ ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ زندگی کا ایک ابتدائی واقعہ ہی اس بات کی بہترین مثال ہے کہ وہ مسائل سے گھبرانے کے بجائے انہیں حل کرنے پر یقین رکھتے تھے۔

’’اسسٹنٹ انجینئر اپنے کیریئر کا آغاز ہی غلط انداز میں کر رہا ہے‘‘

1884 میں محکمہ آبپاشی، کھانڈیش اور ناسک اضلاع کے ایگزیکٹو انجینئر نے ایک سرکاری یادداشت میں 22 سالہ اسسٹنٹ انجینئر وشویشوریا کے بارے میں سخت تبصرہ کیا۔

یادداشت میں لکھا گیا کہ ’’اسسٹنٹ انجینئر توانائی اور احکامات کی تعمیل کے معاملے میں اپنے کیریئر کا آغاز ہی غلط انداز میں کر رہا ہے۔‘لیکن اس تنقید کے پس منظر میں وشویشوریا کی کوئی کوتاہی نہیں بلکہ ان کی پیشہ ورانہ دیانت داری تھی۔

وہ ایک ایسے مقام پر پائپ لائن بچھانے کے کام کی نگرانی کر رہے تھے جہاں سیلاب آچکا تھا۔ وشویشوریا نے سرکاری رقم ضائع ہونے سے بچانے کے لیے کام عارضی طور پر روکنے کی اجازت مانگی تھی۔ ان کا خیال تھا کہ ایسے حالات میں کام جاری رکھنے سے سرکاری وسائل ضائع ہوں گے۔بعد میں انہوں نے اپنی درخواست واپس لے لی اور سیلاب زدہ مقام پر دوبارہ پہنچ گئے۔

یہ واقعہ انہوں نے اپنی یادداشتوں Memoirs of My Working Life میں بھی بیان کیا ہے۔

تین دن تک سیلاب میں محصور رہے

وشویشوریا پانجرا ندی پر واقع داترتی گاؤں کے قریب کام کی جگہ پر واپس پہنچے، جہاں وہ تین دن تک سیلاب کے باعث محصور رہے۔آخرکار بھیل مزدوروں نے ایک عارضی بیڑا تیار کیا، جس کے ذریعے وہ سیلابی پانی عبور کرکے آگے بڑھے۔ پائپ کا سائفن مکمل کیا گیا اور منصوبہ کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچا۔وشویشوریا کے اعلیٰ افسر نے بھی بالآخر اپنے سابقہ تبصرے سے رجوع کرلیا۔

یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ نوآبادیاتی دور کے محکمہ تعمیراتِ عامہ میں ہندوستانی انجینئروں کے بارے میں جو دقیانوسی تصورات پائے جاتے تھے، وشویشوریا نے اپنی کارکردگی سے انہیں چیلنج کیا۔وشویشوریا 15 ستمبر 1861 کو کرناٹک کے کولار ضلع میں پیدا ہوئے تھے۔ اسی لیے ہندوستان میں ان کی تاریخِ پیدائش کو انجینئرز ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔

آبپاشی کا نیا نظام

وشویشوریا نے انجینئرنگ کے میدان میں کئی ایسے حل پیش کیے جنہوں نے اپنے وقت سے کہیں آگے کی سوچ کا مظاہرہ کیا۔پونے کے قریب نیرا کینال میں انہوں نے آبپاشی کا ایک نیا طریقہ متعارف کرایا جسے بلاک سسٹم آف اریگیشن کہا گیا۔

اس نظام کے تحت آبپاشی کے پورے علاقے کو مختلف بلاکس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک وقت میں صرف ایک تہائی زمین پر ایسی فصل اگانے کی اجازت ہوتی جس کے لیے پورے سال پانی درکار ہوتا تھا۔ اس طریقے سے دستیاب پانی سے زیادہ تعداد میں کسانوں کو فائدہ پہنچایا جاسکتا تھا۔جون 1908 میں بمبئی قانون ساز کونسل میں سر جان میور میکنزی نے اس نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے خاطر خواہ فائدہ حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے وشویشوریا کو یورپی ہو یا ہندوستانی، محکمہ تعمیراتِ عامہ کے سب سے قابل افسران میں شمار کیا۔

بغیر رائلٹی لیے خودکار گیٹس ایجاد کیے

کھڑک واسلا کے لیک فائف کے لیے وشویشوریا نے ایسے خودکار سلائس گیٹس تیار کیے جن کی مدد سے ڈیم کی اونچائی بڑھائے بغیر پانی کی سطح کو مزید آٹھ فٹ تک بلند رکھا جاسکتا تھا۔انہوں نے اس ایجاد کا پیٹنٹ بھی حاصل کیا، لیکن اس سے حاصل ہونے والی رائلٹی لینے سے انکار کردیا۔بعد میں اسی طرز کے گیٹس گوالیار کے ٹگرا ڈیم اور میسور کے ایک بڑے ذخیرۂ آب میں بھی استعمال کیے گئے۔

حیدرآباد کے تباہ کن سیلاب کے بعد طلبی

28 ستمبر 1908 کو حیدرآباد میں ایک تباہ کن سیلاب آیا۔ صرف 24 گھنٹوں میں 12.8 انچ بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر اور اس کے اطراف میں موجود 221 تالابوں کے بند ٹوٹ گئے اور پانی کا بہاؤ تقریباً ایک لاکھ دس ہزار کیوسک سے بڑھ کر چار لاکھ پچیس ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔

اس وقت وشویشوریا اٹلی میں چھٹی پر تھے۔

29 اکتوبر 1908 کو بمبئی کے گورنر نے انہیں ایک کیبل بھیج کر حیدرآباد حکومت کی درخواست پر وہاں جا کر سیلاب کے بعد تعمیرِ نو اور نکاسیٔ آب کے منصوبے میں مشورہ دینے کو کہا۔وشویشوریا واپس آئے اور حیدرآباد میں آبی ذخائر اور نکاسیٔ آب کے نظام کے لیے منصوبے تیار کیے۔ مارچ 1913 میں ان منصوبوں کی بنیاد رکھی گئی۔ اس موقع پر ٹی ڈی میکنزی نے انہیں ہندوستان کے سب سے قابل انجینئروں میں شمار کیا۔

کرشن راج ساگر: ایک تاریخی منصوبہ

میسور کے چیف انجینئر اور بعد میں دیوان کی حیثیت سے وشویشوریا نے دریائے کاویری پر کرشن راج ساگر (KRS) ذخیرۂ آب تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی۔

اس منصوبے میں 48 ہزار ملین مکعب فٹ سے زیادہ پانی ذخیرہ کرنے اور تقریباً ڈیڑھ لاکھ ایکڑ زمین کو آبپاشی فراہم کرنے کا منصوبہ تھا۔ابتدا میں میسور کے مہاراجا نے اس منصوبے کے لیے مطلوبہ رقم منظور نہیں کی۔ وشویشوریا نے اس کے بعد استعفیٰ دینے کی پیش کش کردی۔ان کے عزم کے سامنے بالآخر مہاراجا کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنا پڑا اور وشویشوریا کی تمام تجاویز کو اسی شکل میں منظور کرلیا گیا جس طر