ثانیہ انجم
عثمان شریف کے نزدیک ایمان محض عبادت گاہ تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کا حقیقی اظہار اس بات سے ہوتا ہے کہ لوگ ایک دوسرے کے ساتھ کیسا سلوک کرتے ہیں۔ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے کس طرح آگے آتے ہیں اور ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے اپنی مانوس حدود سے باہر نکلنے پر کس حد تک آمادہ ہوتے ہیں۔ مختلف تہذیبوں اور برادریوں کے امتزاج سے پہچانے جانے والے شہر بنگلورو میں عثمان شریف کئی برسوں سے اتحاد اور سماجی خدمت کے ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کو عام زندگی کا حصہ بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔
ان کی کوششوں کا ایک نمایاں اظہار عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ تاہم ان کے نزدیک یہ موقع محض ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ مختلف برادریوں کو قریب لانے اور سماجی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی ہے۔ سنی جمعیت العلماء کرناٹک اور مسجد قادریہ سے وابستگی کے ذریعے وہ ایسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے ہیں جن میں مختلف مذاہب کے لوگ ایک ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ ان تقریبات میں نوجوانوں کی شرکت اور سماجی خدمت کی حوصلہ افزائی بھی کی جاتی ہے۔
بنگلورو میں منعقد ہونے والی ایک بڑی میلاد تقریب کو یاد کرتے ہوئے عثمان شریف نے بتایا کہ اس موقع پر مختلف تنظیمیں ایک ساتھ جمع ہوئی تھیں اور اس اجتماع کے ذریعے اتحاد اور ہم آہنگی کا پیغام دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے تھے اور ان سے خطاب بھی کیا گیا۔ ان کے خیال میں اس اجتماع کے ذریعے اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام نہایت مؤثر انداز میں پہنچایا گیا۔

لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا یہی جذبہ ان کی تنظیم کے سالانہ میلاد اجتماعات میں بھی نمایاں ہوتا ہے۔ ان تقریبات میں مذہبی علماء اور سماجی رہنماؤں کے ساتھ دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی مدعو کیا جاتا ہے۔ ان میں ہندو اور عیسائی برادری کے نمائندے شامل ہوتے ہیں۔ عثمان شریف نے یاد کیا کہ گزشتہ اجتماعات میں ایک ہندو مذہبی رہنما اور ایک عیسائی بشپ نے بھی شرکت کی تھی اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شخصیت اور سیرت پر اظہار خیال کیا تھا۔
ان کے نزدیک ایسے مواقع اس لیے اہم ہیں کہ ایک دوسرے کو سمجھنے کا آغاز سننے کی آمادگی سے ہوتا ہے۔ مذہبی شناخت کو ایک دوسرے کے درمیان دیوار بنانے کے بجائے یہ ملاقاتیں مختلف برادریوں کو براہ راست ایک دوسرے کو جاننے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔یہی سوچ میلاد سے وابستہ سماجی خدمت کی سرگرمیوں میں بھی نظر آتی ہے۔ خون کے عطیہ کے کیمپ لگانا اور ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کرنے جیسی فلاحی سرگرمیاں ان تقریبات کا حصہ بن چکی ہیں۔ تاہم عثمان شریف اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ان کی کوششیں صرف کسی ایک مذہبی موقع تک محدود نہیں ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ان کی سماجی سرگرمیوں کو پورے سال میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ صرف ایک دن میلاد منایا جائے اور اس کے بعد لوگ اپنی دوسری مصروفیات میں لگ جائیں۔سال بھر سماجی خدمت کا یہی تصور مسجد قادریہ کی سرگرمیوں میں بھی نظر آتا ہے۔ مسجد کے دروازے اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کے ساتھ عیسائی تنظیموں کے نمائندوں اور دنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے مہمانوں کے لیے بھی کھلے رہتے ہیں۔ عثمان شریف کے نزدیک ان لوگوں کو مسجد میں آنے کا موقع فراہم کرنا جو شاید پہلے کبھی کسی مسجد کو قریب سے نہ دیکھ سکے ہوں ایک اہم تجربہ ہے۔ اس سے غلط فہمیوں کو دور کرنے اور ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

مسجد آنے والے مہمانوں کو مسجد میں داخل ہونے کے آداب اور وضو کرنے کے طریقے کے ساتھ نماز ادا کرنے کے عمل سے بھی واقف کرایا جاتا ہے۔ انہیں صرف مذہبی سرگرمیاں دکھائی نہیں جاتیں بلکہ ان کی وضاحت بھی کی جاتی ہے تاکہ مہمان سوال کرسکیں اور ان اعمال کے پس منظر اور مفہوم کو سمجھ سکیں۔ملاقات کے اختتام پر مہمانوں کو ایک گملہ بھی تحفے کے طور پر دیا جاتا ہے۔ عثمان شریف کے نزدیک یہ مہمان نوازی کا ایک چھوٹا سا مگر بامعنی اظہار ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ جب مہمان اپنے گھر میں اس پودے کی دیکھ بھال کریں تو انہیں مسجد اور وہاں ملنے والے لوگوں کی یاد بھی تازہ ہوتی رہے۔
موجودہ دور میں یہ طریقہ خاص طور پر اہمیت اختیار کرگیا ہے کیونکہ نوجوان نسل مذہب سے متعلق بہت سی معلومات ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور سوشل میڈیا کے ذریعے حاصل کرتی ہے۔ عثمان شریف سوشل میڈیا کے نوجوانوں پر اثرات کو سمجھتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ نوجوانوں کی آن لائن سرگرمیوں پر محض تنقید کرنے سے نسلوں کے درمیان فاصلے کم نہیں کیے جاسکتے۔انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں۔ ان کے نزدیک ضروری ہے کہ نوجوانوں کی سوچ اور ان کے رابطے کے طریقوں کو سمجھا جائے۔ وہ محسوس کرتے ہیں کہ نوجوان اب انٹرنیٹ پر دیکھی جانے والی ہر بات کو بلا سوچے سمجھے قبول کرنے کے بجائے اس پر سوال بھی اٹھاتے ہیں۔ اس تجسس کا جواب صبر اور علم کے ساتھ بامعنی گفتگو کے ذریعے دیا جانا چاہیے۔
عثمان شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں خود کو نوجوانوں کی جگہ رکھ کر سوچنا ہوگا اور یہ سمجھنا ہوگا کہ وہ کس طرح ہم سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں اور ہماری بات کو سمجھ سکتے ہیں۔اسی سوچ نے سماجی سرگرمیوں میں نوجوان مذہبی علماء کی شرکت کو بھی اہم بنا دیا ہے۔ عثمان شریف کے مطابق سینئر علماء کے تجربے اور نوجوان علماء کی توانائی کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مذہبی رہنمائی نئی نسل کے لیے قابل فہم اور قابل رسائی بن سکے۔انہوں نے کہا کہ بزرگ اور سینئر علماء کی مہارت کو نوجوان علماء کی توانائی کے ساتھ جوڑنا ضروری ہے۔ اسی طرح دونوں کے درمیان توازن قائم کرکے بہتر انداز میں خدمت انجام دی جاسکتی ہے۔

ان کی کوششیں بڑی تعداد میں لوگوں کو ایک ساتھ جمع کرنے کے عملی مسائل کے حل تک بھی پھیلی ہوئی ہیں۔ بنگلورو میں اکثر مختلف مذاہب کی تقریبات ایک ہی وقت میں منعقد ہوتی ہیں جس کے باعث انتظامات اور باہمی تعاون کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ عثمان شریف نے بتایا کہ رضاکار پولیس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہیں اور بھیڑ کو سنبھالنے سے لے کر پارکنگ اور کھانے کے انتظامات اور اسٹیج کی نگرانی تک مختلف ذمہ داریاں آپس میں تقسیم کرلیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ذمہ داریاں تقسیم کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر انہیں انجام دیتے ہیں۔اس تعاون کی ایک خوبصورت مثال مختلف مذہبی جلوسوں کے دوران دیکھنے کو ملتی ہے۔ عثمان شریف نے بتایا کہ ان کے رضاکار دوسری برادریوں کے مذہبی جلوسوں میں شریک افراد کو پانی اور جوس کے ساتھ بسکٹ بھی تقسیم کرتے ہیں۔ اسی طرح جب میلاد کا جلوس ان علاقوں سے گزرتا ہے تو دوسری برادریوں کی جانب سے بھی اسی طرح مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ ان کے نزدیک بظاہر یہ ایک چھوٹا سا عمل ہے لیکن درحقیقت یہ باہمی احترام اور بقائے باہمی کی ایک نمایاں مثال ہے۔
مذہبی ہم آہنگی کے لیے ان کی کوششوں کا ایک مقصد اسلام کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا بھی ہے۔ عثمان شریف تسلیم کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر بعض اوقات مذہب کی نامکمل یا گمراہ کن تشریحات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔ اس کا ان کے نزدیک بہتر طریقہ یہ ہے کہ لوگوں کو سوال کرنے کا موقع دیا جائے اور مذہبی علماء قرآن و حدیث کی روشنی میں ان کے سوالات کے جواب دیں۔مسجد آنے والے مہمانوں کے سامنے اسلام کی تعلیمات میں انسانی جان کی حرمت کا پیغام بھی پیش کیا جاتا ہے۔ عثمان شریف نے بتایا کہ انہیں سمجھایا جاتا ہے کہ اسلام میں ایک بے گناہ انسان کی جان بچانے کو پوری انسانیت کی جان بچانے کے برابر قرار دیا گیا ہے جبکہ کسی بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے۔

ان کے نزدیک ایسی گفتگو اس لیے اہم ہے کہ غلط فہمیاں خود بخود ختم نہیں ہوتیں۔ انہیں دور کرنے کے لیے لوگوں کا ایک دوسرے سے ملنا اور کھل کر بات کرنا ضروری ہے۔ اس طرح ایسے سوالات کے جواب بھی مل سکتے ہیں جو بصورت دیگر ذہنوں میں موجود رہ جاتے ہیں۔مختلف برادریوں کی عبادت گاہوں کا دورہ کرنے والے نوجوانوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے عثمان شریف والدین کے کردار کو بھی اہم قرار دیتے ہیں۔ وہ ان والدین کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جو اپنے بچوں کو اپنے مانوس ماحول سے باہر نکل کر دوسری برادریوں کے مذہبی مقامات دیکھنے اور ان کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایسے بچوں کے والدین کی تعریف کرنا چاہتے ہیں جو اپنے بچوں کو مساجد اور مندروں کے ساتھ گرجا گھروں میں بھی جانے کی ترغیب دیتے ہیں۔ان کے اس خیال میں ایک گہرا انسانی پیغام پوشیدہ ہے۔ عثمان شریف کی کوششیں دراصل بڑے بڑے دعووں کے بجائے ایسے مواقع پیدا کرنے پر مرکوز ہیں جہاں لوگ کسی خوف یا پہلے سے قائم تصورات کے بغیر ایک دوسرے سے مل سکیں اور ایک دوسرے کو سمجھ سکیں۔خون کے عطیہ کا کیمپ ہو یا مسجد کے اندر ہونے والی گفتگو۔ کسی مذہبی جلوس کے دوران پانی کا گلاس پیش کرنا ہو یا مہمان کو ایک گملہ تحفے میں دینا۔ انفرادی طور پر یہ تمام کام چھوٹے دکھائی دے سکتے ہیں لیکن اجتماعی طور پر یہ سماجی رابطے اور انسانی خدمت کے ایک بڑے فلسفے کی عکاسی کرتے ہیں۔
بنگلورو جیسے متنوع شہر میں ان کی یہ کوشش ایک سادہ مگر اہم پیغام دیتی ہے۔ اتحاد کے لیے ضروری نہیں کہ سب کے عقائد ایک جیسے ہوں بلکہ ضروری یہ ہے کہ لوگ ایک دوسرے کے عقائد اور نظریات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔عثمان شریف کے نزدیک ایمان کا سب سے خوبصورت اظہار اس وقت ہوتا ہے جب وہ مسجد کی چار دیواری سے باہر نکل کر سماجی خدمت اور مہمان نوازی کے ساتھ مکالمے اور انسانیت کا ذریعہ بن جاتا ہے۔