مرشد آباد: تنگ دستی کے باوجود طلبہ اور بزرگوں کو مفت ای رکشہ سواری کراتے ہیں سلیم شیخ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-11-2026
مرشد آباد: تنگ دستی کے باوجود طلبہ اور بزرگوں کو مفت ای رکشہ سواری کراتے ہیں سلیم شیخ
مرشد آباد: تنگ دستی کے باوجود طلبہ اور بزرگوں کو مفت ای رکشہ سواری کراتے ہیں سلیم شیخ

 



ترون نندی | کولکاتا

سلیم شیخ کے لیے ای رکشہ محض روزی کمانے کا ذریعہ نہیں بلکہ ضرورت مندوں کی مشکلات کم کرنے کا ایک وسیلہ بھی ہے۔ مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد کے برہام پور بلاک کے بھاکوری دوم گرام پنچایت کے تحت آنے والے گاؤں بھاکونڈی کے 30 سالہ سلیم اپنے خاندان کی کفالت کے لیے مکمل طور پر ای رکشہ کی آمدنی پر انحصار کرتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ دن بھر محنت کرنے کے باوجود کتنی کم آمدنی ہوتی ہے اور گھر کے اخراجات کے ساتھ بچے کی تعلیم کا خرچ پورا کرنا کتنا مشکل ہوتا ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے ایک ایسا فیصلہ کیا ہے جو انہیں دوسروں سے ممتاز کرتا ہے۔ وہ طلبہ اور بزرگوں سے سواری کا کوئی کرایہ نہیں لیتے بلکہ انہیں ان کی منزل تک مفت پہنچاتے ہیں۔ ان کے اس چھوٹے سے عمل نے انہیں اپنے گاؤں ہی نہیں بلکہ آس پاس کے علاقوں میں بھی پہچان دلائی ہے۔

سلیم کے اس جذبے کے پیچھے ان کا اپنا مشکل ماضی ہے۔ غربت نے کبھی ان کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کی تھی اور کم عمری ہی میں انہیں خاندان کی ذمہ داریاں اٹھانے پر مجبور کردیا تھا۔ زندگی کے ان تلخ تجربات نے انہیں دوسروں کی پریشانیوں کو سمجھنے کا حوصلہ دیا۔ انہوں نے اپنے ماضی کو بھلانے کے بجائے اسے ایسے لوگوں کی مدد کا ذریعہ بنا لیا جو آج ویسی ہی مشکلات سے گزر رہے ہیں۔

مشکلات میں گزرا بچپن

مقامی لوگوں کے مطابق سلیم کا بچپن محرومیوں اور غیر یقینی حالات میں گزرا۔ کم عمری ہی میں والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا جس کے بعد ان کی والدہ پر دو چھوٹے بچوں کی پرورش کی ذمہ داری آگئی۔ ابتدا میں خاندان نے ایک رشتہ دار کے گھر پناہ لی۔ کچھ عرصے بعد ان کی دادی دونوں بچوں کو اپنے ساتھ گھر لے آئیں۔سلیم کے دادا جسمانی طور پر معذور تھے اور گھر کی ذمہ داری اٹھانے والا کوئی دوسرا فرد موجود نہیں تھا۔ ایسے حالات میں خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے ان کی دادی گاؤں گاؤں جاکر کپڑے فروخت کرتی تھیں۔ وہ دن بھر محنت کرتیں لیکن اس کے باوجود غربت نے خاندان کا پیچھا نہیں چھوڑا۔تعلیم جاری رکھنا بھی سلیم کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا۔ آمدورفت کا کرایہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ روزانہ تقریباً پانچ میل پیدل چل کر اسکول جاتے تھے۔ ان مشکلات کے باوجود انہوں نے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اور انٹرمیڈیٹ تک تعلیم مکمل کی۔ تاہم مالی حالات نے انہیں مزید پڑھنے کا موقع نہیں دیا۔

دوسری جانب دادی کی عمر بڑھ رہی تھی اور ان کے لیے گھر کا خرچ چلانا مشکل ہوتا جارہا تھا۔ ایسے میں سلیم نے اپنے خوابوں کو ایک طرف رکھ کر خاندان کی کفالت کے لیے خود کمانے کا فیصلہ کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ اپنی بزرگ دادی کو گھر چلانے کے لیے مسلسل پریشان اور محنت کرتے دیکھنا اب ان کے لیے ناقابل برداشت ہوگیا تھا۔ اسی احساس نے انہیں تعلیم چھوڑ کر روزگار کی تلاش پر مجبور کیا۔

انہوں نے گاڑی چلانا سیکھا اور ڈرائیور کی حیثیت سے کام شروع کردیا۔ تقریباً چار سال تک دوسروں کی گاڑیاں چلا کر روزی کماتے رہے۔ اس کے بعد لگ بھگ دو سال کرائے کے ای رکشہ سے کام کیا۔ روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے کے ساتھ وہ اپنی آمدنی میں سے کچھ رقم بچاتے رہے اور بالآخر اپنا ای رکشہ خریدنے کا خواب پورا کرلیا۔لیکن یہ گاڑی جلد ہی ان کے لیے محض آمدنی کا ذریعہ نہیں رہی بلکہ دوسروں کے کام آنے کا ایک وسیلہ بھی بن گئی۔

طلبہ اور بزرگوں کو مفت سواری کیوں؟

اپنا ای رکشہ خریدنے کے بعد سلیم نے فیصلہ کیا کہ طلبہ اور بزرگوں کو سواری کے لیے کوئی کرایہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس فیصلے کے پیچھے ان کے ذاتی تجربات ہیں۔ اسکول جانے والے بچوں کو دیکھ کر انہیں اپنا وہ زمانہ یاد آتا ہے جب انہیں تعلیم جاری رکھنے کے لیے روزانہ کئی میل پیدل چلنا پڑتا تھا۔ اسی طرح بزرگ مسافروں کو دیکھ کر انہیں اپنی دادی یاد آتی ہیں جنہوں نے اپنی آسائشوں کو قربان کرکے ان کی پرورش کی تھی۔سلیم کے لیے مفت سواری کی سہولت فراہم کرنا ان تمام لوگوں اور حالات کے تئیں اظہار تشکر کا ایک طریقہ ہے جنہوں نے ان کی زندگی کو تشکیل دیا۔

یہ قدم اس لیے بھی اہم ہے کہ سلیم کوئی خوشحال شخص نہیں ہیں بلکہ ایک ایسے خاندان کے سربراہ ہیں جس کا گزر بسر ان کی روزانہ کی محنت سے ہونے والی آمدنی پر منحصر ہے۔ ان کی اہلیہ صاحبہ خاتون ہیں اور ان کا اکلوتا بیٹا پہلی جماعت میں زیر تعلیم ہے۔ گھر کے اخراجات سے لے کر بچے کی تعلیم تک کی ذمہ داری سلیم کے کندھوں پر ہے۔

اس کے باوجود ان کی اہلیہ بھی طلبہ اور بزرگوں کو مفت سواری فراہم کرنے کے فیصلے میں ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ وہ جانتی ہیں کہ ان کے شوہر نے بچپن میں کن مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ اسی لیے وہ ان کے جذبۂ ہمدردی کی حوصلہ شکنی نہیں کرنا چاہتیں۔ انہیں امید ہے کہ اللہ کے فضل سے ایک دن ان کے خاندان کے حالات بھی بہتر ہوں گے اور وہ اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ دوسروں کی مدد کا یہ سلسلہ بھی جاری رکھ سکیں گے۔

پیسوں سے بڑھ کر دعاؤں کا سرمایہ

اپنا ای رکشہ خریدے ہوئے سلیم کو ابھی صرف چھ ماہ ہوئے ہیں لیکن ان کے اس عمل کی شہرت آس پاس کے علاقوں تک پہنچ چکی ہے۔ طلبہ اور بزرگوں کے لیے مفت سواری کا مطلب ہے کہ وہ اپنے محدود وسائل میں سے کچھ رقم بچا سکتے ہیں اور اسے دوسری ضروریات پر خرچ کرسکتے ہیں۔ دوسری طرف سلیم کے لیے بزرگوں کی دعائیں بچوں کی مسکراہٹیں اور لوگوں کی محبت ہی سب سے بڑا انعام ہیں۔

ان کا یہ اقدام اگرچہ روزانہ کی آمدنی میں اضافہ نہیں کرتا لیکن انہیں ایسا اطمینان ضرور دیتا ہے جسے پیسوں سے نہیں خریدا جاسکتا۔سلیم شیخ کی کہانی اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ دوسروں کی مدد کرنے کے لیے دولت مند ہونا یا کسی بڑے مقام پر فائز ہونا ضروری نہیں۔ بعض اوقات ہمدردی کا آغاز اسی وقت ہوتا ہے جب انسان کسی دوسرے کی پریشانی میں اپنا ماضی دیکھنے لگتا ہے۔

جن حالات نے کبھی سلیم کو تعلیم چھوڑنے اور کم عمری میں خاندان کی ذمہ داری اٹھانے پر مجبور کیا تھا انہی حالات نے انہیں دوسروں کے دکھ درد کو سمجھنے والا انسان بنا دیا۔ آج وہ اپنے محدود وسائل کے باوجود اپنے ای رکشہ کے ذریعے ایک ایسا کام کررہے ہیں جو معاشرے کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔ وہ ہر طالب علم کی مالی پریشانی دور نہیں کرسکتے اور نہ ہی ہر بزرگ کی مشکل ختم کرسکتے ہیں لیکن اپنی بساط کے مطابق ان کا سفر آسان ضرور بنا سکتے ہیں۔ سلیم کے لیے یہی خدمت اور یہی خوشی زندگی کا سب سے بڑا حاصل ہے۔