کولہاپور سے دبئی تک جویریہ پٹوےگر کا کامیابی کا سفر، محنت سے بنائی عالمی شناخت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-11-2026
کولہاپور سے دبئی تک جویریہ پٹوےگر کا کامیابی کا سفر، محنت سے بنائی عالمی شناخت
کولہاپور سے دبئی تک جویریہ پٹوےگر کا کامیابی کا سفر، محنت سے بنائی عالمی شناخت

 



بھکتی چالک

عام طور پر یہ تصور پایا جاتا ہے کہ عورت کی دنیا گھر کے کام کاج اور بچوں کی پرورش تک محدود ہے۔ خاص طور پر متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کو سماجی پابندیوں اور روایات کے مطابق زندگی گزارنی پڑتی ہے۔ لیکن ان تمام تصورات کو غلط ثابت کرتے ہوئے جویریہ پٹوےگر نے اپنی صلاحیتوں اور محنت کے بل پر کولہاپور سے دبئی تک کا سفر طے کیا ہے۔ ایک کامیاب انٹیریئر ڈیزائنر کے طور پر انہوں نے نہ صرف اپنی الگ شناخت بنائی بلکہ یہ بھی ثابت کیا کہ عزم اور خود اعتمادی ہو تو کوئی منزل دور نہیں۔ ’آواز دی وائس‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنی کامیابی کی دلچسپ داستان بیان کی۔

خاندانی تعاون اور تعلیم کا شوق

جویریہ کا تعلق مہاراشٹر کے شہر کولہاپور سے ہے۔ ان کے والد ساجد پیشے سے ڈرائیور ہیں جبکہ والدہ تسمیہ گھریلو خاتون ہیں۔ دو چھوٹے بھائیوں پر مشتمل ان کا تعلق ایک متوسط مسلم خاندان سے ہے۔ جویریہ بچپن ہی سے تعلیم میں غیر معمولی طور پر ذہین تھیں اور ہر جماعت میں نمایاں کامیابی حاصل کرتی رہیں۔ اگرچہ گھر کے مالی حالات زیادہ بہتر نہیں تھے لیکن اہل خانہ تعلیم کی اہمیت سے بخوبی واقف تھے۔ یہی وجہ تھی کہ انہیں انگریزی میڈیم اسکول میں داخل کرایا گیا۔

دسویں اور بارہویں جماعت تک کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ان کی زندگی نے ایک نیا رخ اختیار کیا۔ جویریہ بتاتی ہیں کہ ابتدائی تعلیم کے بعد ان کے ماموں نے انہیں انٹیریئر ڈیزائننگ کی تعلیم حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ اس وقت وہ سمجھتی تھیں کہ ڈیزائننگ کا مطلب صرف تصویریں بنانا ہے اور انہیں تصویر بنانا بھی نہیں آتا تھا۔ تاہم ماموں کے مشورے پر انہوں نے سائبر گرلز کالج میں داخلہ لے لیا اور یہیں سے ان کی زندگی کو ایک نئی سمت ملی۔

اساتذہ کی رہنمائی نے بدلا نظریہ

انٹیریئر ڈیزائننگ کے کورس میں داخلے کے ابتدائی دنوں میں جویریہ بھی خاندانی روایات اور سماجی تصورات سے متاثر تھیں۔ عام طور پر مسلم خاندانوں سمیت کئی گھرانوں میں لڑکیوں کی جلد شادی کو ترجیح دی جاتی ہے۔ اسی سوچ کے تحت وہ اکثر اپنی اساتذہ سے کہتی تھیں کہ اتنی زیادہ تعلیم حاصل کرنے کا کیا فائدہ ہے جب آخرکار شادی ہی کرنی ہے۔

اس موقع پر کالج کی دو اساتذہ پریا میڈم اور شامبھوی میڈم نے ان کی بھرپور رہنمائی کی۔ جویریہ بتاتی ہیں کہ پریا میڈم ہمیشہ انہیں تعلیم کی اہمیت سمجھاتی تھیں۔ وہ کہتی تھیں کہ اگر آج تم پڑھائی چھوڑ کر شادی کر لیتی ہو اور کل تمہارے شوہر تمہیں اپنا پیشہ اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تو اس وقت تمہارے پاس کوئی قابلیت اور ہنر نہیں ہوگا۔ استاد کی ان باتوں نے ان کی سوچ بدل دی اور انہوں نے اپنی تعلیم اور ڈیزائننگ کو سنجیدگی سے لینا شروع کیا۔

تیسرے سال ہی سے جویریہ نے کالج کی تعلیم کے ساتھ ایک دفتر میں کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ اسی دوران ان کا خاندان کولہاپور سے سانگلی منتقل ہوگیا لیکن تعلیم اور عملی تجربے کے شوق نے انہیں کولہاپور میں ہی رکنے پر آمادہ کیا۔ وہ تنہا رہ کر اپنی تعلیم مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ عملی کام بھی کرتی رہیں۔ یونیورسٹی کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا اور آخرکار یونیورسٹی میں نمایاں مقام حاصل کرکے گریجویشن مکمل کی۔

شادی کے بعد بھی جاری رکھا کامیابی کا سفر

ڈگری مکمل کرنے کے محض تین چار ماہ بعد ہی جویریہ کی شادی ہوگئی۔ تاہم انہوں نے گھریلو ذمہ داریوں کو اپنے خوابوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔ ان کا ماننا ہے کہ خواتین کو اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنے اور اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی کوشش کرنی چاہیے۔خواتین کی مالی خودمختاری کے بارے میں جویریہ کہتی ہیں کہ گھریلو خاتون ہو یا ملازمت پیشہ عورت دونوں یکساں اہمیت رکھتی ہیں۔ لیکن ہمارا معاشرہ کمانے والی عورت کو زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وہ اپنی زندگی میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتی تھیں۔ اسی لیے انہوں نے خود فیل بننے کا فیصلہ کیا۔

ابتدا میں انہوں نے چھوٹے چھوٹے منصوبوں پر کام کیا اور گھروں کی ایک ایک دیوار کی سجاوٹ اور ڈیزائننگ سے اپنے کام کا آغاز کیا۔ بعض کام انہوں نے بغیر معاوضے کے بھی کیے۔ اس کے ساتھ وہ مختلف سافٹ ویئر کی تربیتی کلاسیں بھی چلانے لگیں۔ دورانِ حمل بھی انہوں نے گھر سے ہی کلاسیں جاری رکھیں۔ بیٹے کی پیدائش کے بعد جب بچہ محض تین ماہ کا تھا تو وہ دوبارہ گھر سے باہر نکلیں اور انٹیریئر ڈیزائننگ کے منصوبوں پر کام شروع کردیا۔

دبئی کا بڑا منصوبہ اور خود اعتمادی کا امتحان

بچے کی پیدائش کے بعد جویریہ کو یکے بعد دیگرے کئی منصوبے ملنے لگے اور ان کے پیشہ ورانہ سفر نے تیزی سے ترقی کی۔ انہوں نے اپنا الگ دفتر بھی قائم کرلیا۔ اب تک کے تمام منصوبوں میں وہ اپنے گھر کی ڈیزائننگ کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیتی ہیں کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ پنا گھر بنانے میں محنت سے کمائی ہوئی رقم لگانے کا کیا مطلب ہوتا ہے۔تاہم ان کے لیے سب سے بڑا امتحان دبئی کا ایک بین الاقوامی منصوبہ تھا۔ جب انہیں دبئی میں ایک بڑے منصوبے پر کام کرنے کا موقع ملا تو ابتدا میں انہیں اس بات کا خدشہ تھا کہ وہ اتنا بڑا کام کس طرح مکمل کر پائیں گی۔ لیکن انہوں نے اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کیا۔

اس تجربے کے بارے میں جویریہ بتاتی ہیں کہ دبئی کے منصوبے کے لیے وہ یہاں سے ہی آن لائن ملاقاتیں کرتی تھیں۔ وہاں بڑھئی اور رنگ وروغن کرنے والے کاریگروں کی تلاش انہوں نے گوگل کے ذریعے کی اور کامیابی کے ساتھ پورا منصوبہ مکمل کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک انسان خود آگے بڑھ کر کچھ کرنے کی کوشش نہیں کرتا تب تک یہ جملہ کہ آسمان ہی حد ہے محض ایک کہاوت محسوس ہوتا ہے۔

مہاراشٹر صنعت ایوارڈ سے اعزاز

جویریہ کی کامیابیوں میں حال ہی میں ایک اور اہم اعزاز کا اضافہ ہوا۔ انہوں نے محض ڈیڑھ سے دو سال قبل اپنے کاروبار کا آغاز کیا تھا لیکن مختصر عرصے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر انہیں ستمبر میں ’مہاراشٹر اُدیوگ گورو ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ انہیں یہ اعزاز بہترین ابھرتے ہوئے انٹیریئر ڈیزائن برانڈ کے زمرے میں دیا گیا۔ یہ اعزاز ان کے لیے نہ صرف حوصلہ افزائی کا باعث ہے بلکہ مستقبل میں بڑے پیمانے پر کام کرنے کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔

مذہب کی اصل تعلیم اور خواتین کا مقام

جویریہ نے مسلم خواتین کی آزادی کے حوالے سے معاشرے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں پر بھی کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا ہے کہ اسلام خواتین کو گھروں تک محدود رکھنے کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ انہیں عزت اور احترام کا مقام عطا کرتا ہے۔وہ کہتی ہیں کہ لوگوں میں یہ غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ مسلم خواتین کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔ حالانکہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی اہلیہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا مکہ کی ایک بڑی تاجر تھیں۔ جنگوں کے دوران بھی خواتین طبی خدمات انجام دیتی تھیں اور مالی تعاون فراہم کرتی تھیں۔ جویریہ کے مطابق پردے کا مقصد خواتین کو روکنا نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور عزت کو یقینی بنانا ہے۔

نئی نسل کے لیے کامیابی کا پیغام

آج کامیابی کی منزل تک پہنچنے والی جویریہ پٹوےگر نئی نسل اور انٹیریئر ڈیزائننگ کے شعبے میں آنے کی خواہش رکھنے والی لڑکیوں کو ایک اہم پیغام دیتی ہیں۔ والدین کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے وہ کہتی ہیں کہ دنیا کے لیے کچھ کرنے کے بجائے اپنے لیے کچھ کیجیے لیکن ان والدین کو کبھی نہ بھولیے جنہوں نے آپ کو اس مقام تک پہنچانے کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ جو شخص اپنے والدین کی قدر پہچانتا ہے وہ زندگی میں کبھی پیچھے نہیں رہتا اور اسے اللہ تعالیٰ کی رحمت بھی حاصل ہوتی ہے۔مستقبل کے حوالے سے جویریہ کا خواب ہے کہ وہ مختلف ممالک میں رائج جدید ٹیکنالوجی سیکھیں اور اسے ہندوستان میں متعارف کرائیں تاکہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔کولہاپور سے شروع ہونے والا جویریہ پٹوےگر کا یہ سفر محنت، خود اعتمادی، تعلیم اور عزم کی ایک متاثر کن مثال ہے۔ ان کی کہانی ان تمام نوجوان خواتین کے لیے حوصلے کا پیغام ہے جو سماجی رکاوٹوں اور محدود وسائل کے باوجود اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔