سم کارڈ فروخت کرنے سے موسیقی کی دنیا تک۔ محمد انس نے محنت اور شوق سے بنائی اپنی پہچان

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-11-2026
سم کارڈ فروخت کرنے سے موسیقی کی دنیا تک۔ محمد انس نے محنت اور شوق سے بنائی اپنی پہچان
سم کارڈ فروخت کرنے سے موسیقی کی دنیا تک۔ محمد انس نے محنت اور شوق سے بنائی اپنی پہچان

 



گوہر وانی ۔ نئی دہلی 

نہ موسیقی کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی اور نہ کسی ادارے سے گٹار بجانا سیکھا۔ نصرت فتح علی خان کی قوالیوں سے متاثر ہوکر خود ہی گلوکاری اور گٹار بجانے کا ہنر سیکھا۔ کبھی ایئرٹیل اسٹور پر سم کارڈ فروخت کرکے 10 ہزار روپے ماہانہ کمانے والے انس آج اپنی آواز اور موسیقی سے لوگوں کے دل جیتنے کی کوشش کررہے ہیں۔

موسیقی ایک ایسی زبان ہے جو الفاظ کی محتاج نہیں ہوتی۔ کبھی کسی کی آواز دل کی گہرائیوں تک اتر جاتی ہے تو کبھی گٹار کی دھن سننے والوں کو ایک الگ ہی دنیا میں لے جاتی ہے۔ اتر پردیش کے بریلی سے تعلق رکھنے والے محمد انس بھی ایسے ہی نوجوان فنکار ہیں جنہوں نے اپنے شوق اور مسلسل محنت کے ذریعے موسیقی کی دنیا میں اپنی شناخت بنانے کا سفر شروع کیا ہے۔ وہ گاتے ہیں۔ اپنے گیت لکھتے ہیں اور گٹار کے ذریعے اپنے جذبات کو دھنوں میں ڈھالتے ہیں۔

محمد انس کا موسیقی سے تعلق کسی بڑے گھرانے یا باقاعدہ تربیت کا نتیجہ نہیں بلکہ بچپن کے اس شوق کا تسلسل ہے جو اسکول کے دنوں میں پروان چڑھا۔ آج وہ ایک آزاد موسیقار یعنی انڈیپنڈنٹ آرٹسٹ کے طور پر اپنی جگہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر انسان کے اندر کسی کام کا جذبہ ہو تو محدود وسائل بھی اس کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ 

اسکول کے ایک پروگرام سے ملا حوصلہ

محمد انس بتاتے ہیں کہ انہیں بچپن ہی سے گانے کا شوق تھا۔ اسکول میں ہونے والے مختلف پروگراموں میں وہ حصہ لیتے تھے اور اساتذہ ان کی آواز کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مزید گانے کے لیے حوصلہ دیتے تھے۔ان کی زندگی کا پہلا بڑا پرفارمنس 15 اگست کو اسکول کی ایک تقریب میں ہوا۔ ان کے استاد گجانن نے انہیں پروگرام میں گانے کے لیے آمادہ کیا۔ انس نے فلم ویر زارا کا مشہور گیت ’ایسا دیس ہے میرا‘ منتخب کیا۔اس پرفارمنس کو طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے اچھی پذیرائی ملی۔ انس کے مطابق اس دن ملنے والی حوصلہ افزائی نے ان کے اعتماد میں اضافہ کیا۔ اسکول میں ان کی پہچان بھی بڑھی اور انہیں ایسے دوست ملے جنہوں نے موسیقی کے سفر میں ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھی۔

نصرت فتح علی خان کی قوالیوں نے موسیقی کا ذوق پیدا کیا

محمد انس کا تعلق بریلی سے ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ مقامی کاریگروں کے ساتھ وقت گزارنے کے دوران ان کا موسیقی سے لگاؤ مزید گہرا ہوا۔ وہاں اکثر نصرت فتح علی خان اور راحت فتح علی خان کی قوالیاں اور گیت سنے جاتے تھے۔ان گیتوں کو بار بار سننے سے ان کے اندر موسیقی کا ذوق پروان چڑھنے لگا۔ وہ گیتوں کے بول یاد کرتے اور پھر خود انہیں گانے کی کوشش کرتے تھے۔ رفتہ رفتہ یہ مشغلہ ان کی زندگی کا اہم حصہ بن گیا۔انس کے مطابق نصرت فتح علی خان ان کے سب سے بڑے موسیقی کے محرک ہیں۔ انہیں بچپن ہی سے صوفی موسیقی سے خاص لگاؤ رہا ہے۔ وہ اس صنف کی شاعری اور اس میں پوشیدہ گہرے پیغامات سے متاثر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نصرت فتح علی خان کی قوالیاں محض گانے نہیں بلکہ ان کے بولوں میں زندگی اور روحانیت کے کئی پہلو پوشیدہ ہیں جو سننے والوں کے دلوں پر اثر چھوڑتے ہیں۔

 اعلیٰ تعلیم اور بڑے خوابوں کے لیے دہلی کا رخ

محمد انس اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بریلی سے دہلی آگئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنے شہر میں انہیں تعلیم کے وہ مواقع نہیں مل رہے تھے جن کی وہ تلاش میں تھے۔ دہلی آنے کے بعد انہیں موسیقی اور دیگر تخلیقی شعبوں میں آگے بڑھنے کے امکانات بھی نظر آئے۔ان کے مطابق دہلی میں فنکاروں کے لیے کئی مواقع موجود ہیں اور یہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مختلف پلیٹ فارم مل سکتے ہیں۔ تاہم ان کا خواب صرف گلوکار بننا نہیں بلکہ بریلی سے تعلق رکھنے والی ان شخصیات کی فہرست میں شامل ہونا بھی ہے جنہوں نے اپنی محنت سے مختلف شعبوں میں نام کمایا ہے۔

محمد انس بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کو اپنا رول ماڈل مانتے ہیں۔ وہ خاص طور پر شاہ رخ خان کی محنت اور ان کے سفر سے متاثر ہیں جنہوں نے دہلی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انس کے مطابق شاہ رخ خان کی زندگی انہیں یہ سبق دیتی ہے کہ مسلسل محنت اور عزم کے ذریعے بڑے سے بڑا خواب بھی پورا کیا جاسکتا ہے۔

خود ہی سیکھا گانا اور گٹار بجانا

محمد انس کے موسیقی کے سفر کا ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ انہوں نے نہ کسی موسیقی کے ادارے سے تربیت حاصل کی اور نہ ہی کسی انسٹی ٹیوٹ میں جاکر گٹار بجانا سیکھا۔ وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے گیت سن کر اور دوسرے موسیقاروں کو دیکھ کر خود ہی سیکھنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد مسلسل مشق نے ان کی صلاحیتوں کو نکھارا۔ان کے مطابق گٹار سیکھنے کے لیے باقاعدگی سے مشق کرنا ضروری ہے۔ مختلف کورڈز اور دھنوں کو یاد کرنے کے ساتھ انگلیوں کی حرکت اور ان کے درمیان تال میل پیدا کرنا پڑتا ہے۔ ابتدا میں گٹار کی تاریں انگلیوں میں درد پیدا کرتی ہیں اور انگلیوں پر نشانات بھی پڑ جاتے ہیں۔ لیکن مسلسل مشق سے انگلیاں رفتہ رفتہ اس کی عادی ہوجاتی ہیں۔انس کا ماننا ہے کہ کسی بھی فن میں مہارت حاصل کرنے کے لیے صبر اور مستقل مزاجی ضروری ہے۔ صرف شوق کافی نہیں ہوتا بلکہ اس شوق کو حقیقت میں بدلنے کے لیے وقت اور محنت بھی درکار ہوتی ہے۔

دس ہزار روپے ماہانہ تنخواہ سے خریدی پہلی گٹار

محمد انس کی پہلی گٹار خریدنے کی کہانی ان کے عزم اور جدوجہد کی عکاسی کرتی ہے۔ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ دہلی کے نیو فرینڈز کالونی میں واقع ایئرٹیل اسٹور پر کام کرتے تھے۔ ان کی ذمہ داری سم کارڈ فروخت کرنا تھی اور انہیں ماہانہ تقریباً 10 ہزار روپے تنخواہ ملتی تھی۔ گٹار خریدنا ان کا دیرینہ خواب تھا لیکن محدود آمدنی کے باعث یہ خواہش پوری کرنا آسان نہیں تھا۔انہوں نے ہمت ہارنے کے بجائے تھوڑی تھوڑی رقم بچانا شروع کردی۔ مسلسل بچت کے بعد بالآخر وہ اپنی پہلی گٹار خریدنے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ یاماہا کمپنی کی گٹار تھی۔انس کے لیے یہ محض ایک ساز کی خریداری نہیں تھی بلکہ اپنے خواب کی جانب بڑھایا گیا ایک اہم قدم تھا۔ آج بھی وہ ملازمت کے ساتھ موسیقی کے لیے وقت نکالتے ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے باوجود مشق اور پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کسول کے ایک کیفے میں اچانک ملا پرفارمنس کا موقع

محمد انس نے ابھی تک کسی بڑے تجارتی پروگرام میں معاوضہ لے کر پرفارمنس نہیں دی ہے لیکن ہماچل پردیش کے کسول کا ایک واقعہ ان کے لیے یادگار بن گیا۔وہ وہاں سیر کے لیے گئے تھے اور اپنے ساتھ گٹار بھی لے گئے تھے تاکہ پہاڑوں کے خوبصورت مناظر کے درمیان ویڈیوز اور ریلز بنا سکیں۔ اسی دوران ایک مقامی کیفے میں موجود کچھ لوگوں کی نظر ان کے گٹار پر پڑی۔ انہوں نے انس سے پوچھا کہ کیا وہ گاتے بھی ہیں؟جب انہیں معلوم ہوا کہ انس گلوکاری بھی کرتے ہیں تو انہوں نے اسی شام کیفے میں پرفارم کرنے کی دعوت دے دی۔ انس نے یہ دعوت قبول کرلی اور وہاں موجود لوگوں کے سامنے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ان کا کہنا ہے کہ بعض اوقات کسی فنکار کو اپنی صلاحیت دکھانے کے لیے صرف ایک موقع درکار ہوتا ہے۔ وہ مستقبل میں ایسے مزید مواقع کے منتظر ہیں جہاں انہیں براہ راست سامعین کے سامنے گانے اور اپنے فن کو متعارف کرانے کا موقع مل سکے۔

’انداز کرم‘ کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دل جیتے

محمد انس کی ایک ویڈیو اس وقت خاصی مقبول ہوئی جب وہ اپنے ایک دوست کی سالگرہ کی تقریب میں اچانک گانے لگے۔تقریب کے دوران کسی نے ان سے گیت سنانے کی فرمائش کی تو انہوں نے نصرت فتح علی خان سے وابستہ مشہور کلام ’انداز کرم‘ پیش کیا۔ ان کے ایک دوست نے اس پرفارمنس کی ویڈیو بنائی اور انسٹاگرام پر اپ لوڈ کردی۔یہ ان کی ابتدائی ویڈیوز میں سے ایک تھی جسے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر دیکھا گیا۔ اس کے بعد ان کی گلوکاری کی ویڈیوز آہستہ آہستہ زیادہ لوگوں تک پہنچنے لگیں۔ وہ مختلف گلوکاروں کے گیت اپنے منفرد انداز میں پیش کرتے ہیں اور اکثر گٹار بھی ساتھ بجاتے ہیں۔انس کہتے ہیں کہ وہ بطور گلوکار اپنی الگ شناخت بنانا چاہتے ہیں۔ وہ دوسرے فنکاروں سے سیکھنے کو اہم سمجھتے ہیں لیکن کسی کی مکمل نقل کرنا نہیں چاہتے۔ انہیں عاطف اسلم کی گلوکاری بھی پسند ہے اور وہ ان کے کئی گیت بھی گاتے ہیں۔

صوفی موسیقی سے خاص لگاؤ

محمد انس کے لیے صوفی موسیقی محض گانے کا ایک انداز نہیں بلکہ شاعری اور جذبات کی ایک وسیع دنیا ہے۔ ان کے مطابق صوفی کلام میں ایسے گہرے خیالات اور معنی پائے جاتے ہیں جو سننے والے کو سوچنے پر مجبور کرتے ہیں۔انہیں خاص طور پر نصرت فتح علی خان کی قوالیوں اور غزلوں سے گہرا لگاؤ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس موسیقی کی خوبصورتی صرف اس کی دھنوں میں نہیں بلکہ اس کی شاعری اور روحانی گہرائی میں بھی پوشیدہ ہے۔

انس یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ موسیقی کے باریک پہلوؤں کو سمجھنے کے لیے کسی تجربہ کار استاد کی رہنمائی اہم ہوتی ہے۔ ان کے خیال میں زندگی کے ہر شعبے میں کسی ماہر سے سیکھنا انسان کی صلاحیتوں کو بہتر بناتا ہے۔ اگرچہ وہ خود کو سیلف ٹاٹ آرٹسٹ کہتے ہیں لیکن صوفی موسیقی کے معاملے میں نصرت فتح علی خان کو اپنا رہنما مانتے ہیں۔

فنکار کے لیے مسلسل مشق ضروری

موسیقی کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے محمد انس کہتے ہیں کہ ایک گلوکار کے لیے اپنی آواز کی رینج کو سمجھنا اور اس پر قابو حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔ مختلف سروں میں گانے اور آواز کو بہتر بنانے کے لیے روزانہ مشق کی ضرورت ہوتی ہے۔ان کے مطابق صرف اچھی آواز کسی کو کامیاب گلوکار نہیں بنا سکتی۔ اس کے لیے مسلسل محنت اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی خواہش بھی ضروری ہے۔

وہ سوشل میڈیا پر مقبولیت اور فن کے معیار کو ایک دوسرے کے مخالف نہیں سمجھتے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی فنکار کی ویڈیوز پر زیادہ ویوز نہیں آرہے ہیں تو اسے اپنا کام بند نہیں کرنا چاہیے۔ فنکار کی اصل ذمہ داری اپنے فن کو مسلسل لوگوں کے سامنے پیش کرتے رہنا ہے۔ان کے مطابق مقبولیت کسی بھی وقت مل سکتی ہے لیکن اس مقام تک پہنچنے کے لیے صبر اور مستقل مزاجی لازمی ہے۔

منفی تبصروں کو نظر انداز کرکے آگے بڑھنے کا مشورہ

محمد انس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہر طرح کے لوگ موجود ہیں۔ جہاں کچھ لوگ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں وہیں کچھ افراد منفی اور حوصلہ شکنی کرنے والے تبصرے بھی کرتے ہیں۔وہ نئے فنکاروں کو مشورہ دیتے ہیں کہ ایسے تبصروں کو ذاتی طور پر نہ لیں اور اپنی توجہ اپنے کام پر مرکوز رکھیں۔ ان کے مطابق دوسروں کی رائے کی وجہ سے اپنے شوق اور خوابوں کو ترک نہیں کرنا چاہیے۔نوجوان فنکاروں کے لیے ان کا پیغام ہے کہ جس کام پر یقین رکھتے ہیں اسے جاری رکھیں۔ لوگوں کی تنقید سے مایوس نہ ہوں اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔ اگر محنت اور لگن کا سلسلہ برقرار رہے تو ایک دن صلاحیتوں کو ضرور پہچان ملتی ہے۔

ملازمت کے ساتھ موسیقی کے خواب کی تکمیل کی کوشش

محمد انس فی الحال اپنی ملازمت اور موسیقی کے شوق دونوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ اسی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر ہمیشہ باقاعدگی سے ویڈیوز اپ لوڈ نہیں کر پاتے تھے۔ تاہم اب انہوں نے زیادہ مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی پرفارمنس لوگوں تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سامعین ان کے فن سے واقف ہوسکیں۔وہ پارٹیوں۔ شادیوں۔ کیفے اور دیگر نجی تقریبات میں پرفارمنس کے لیے بھی دستیاب ہیں۔ ان سے پرفارمنس کے لیے رابطہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ ’انس اکوسٹک‘ کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔

محمد انس کی کہانی اس بات کی مثال ہے کہ محدود وسائل اور پیشہ ورانہ مصروفیات کے باوجود اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے کوشش جاری رکھی جاسکتی ہے۔ ایئرٹیل اسٹور پر سم کارڈ فروخت کرنے سے لے کر اپنی آواز اور گٹار کے ذریعے لوگوں تک پہنچنے کا ان کا سفر ابھی جاری ہے۔ان کے سامنے ابھی کئی منزلیں اور خواب ہیں۔ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ ان کی محنت اور موسیقی سے محبت انہیں کس مقام تک پہنچاتی ہے۔