کباڑ بنا شاہکار ۔ انجینئر محمد کاشف کا فن اور اختراع کا منفرد سفر

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-11-2026
کباڑ بنا شاہکار ۔ انجینئر محمد کاشف کا فن اور اختراع کا منفرد سفر
کباڑ بنا شاہکار ۔ انجینئر محمد کاشف کا فن اور اختراع کا منفرد سفر

 



منصور الدین فریدی ۔ نئی دہلی

فن کا مقصد صرف خوب صورتی پیدا کرنا نہیں بلکہ معاشرے تک مثبت پیغام پہنچانا بھی ہونا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ کباڑ سے شاہکار بنانے کا فن ماحولیاتی بیداری کا ضامن بھی ہے ۔۔

بھوپال کے ہر فن مولا نوجوان محمد کاشف کا یہ تصور محض لفظوں کی خوب صورتی نہیں بلکہ عملی تجربات اور تخلیقی جستجو سے جنم لینے والی ایک حقیقت ہے۔محمد کاشف ایک انجینئر سے فنکار بننے والے ماہر مجسمہ ساز ہیں جو دھات سے بڑے اور منفرد مجسمے تیار کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ وہ اسٹین لیس اسٹیل اور پیتل سمیت مختلف دھاتوں سے فن پارے تخلیق کرتے ہیں۔

وہ کباڑ کے بے وقعت سمجھے جانے والے ٹکڑوں کو فن پاروں میں ڈھال کر دنیا بھر میں اپنی الگ شناخت بنا چکے ہیں۔ ان کی فنی  صلاحیتوں نے نہ صرف لوگوں کو حیرت زدہ کیا ہے بلکہ فن اور انجینئرنگ کے حلقوں میں بھی انہیں قدر و منزلت عطا کی ہے۔محمد کاشف نے مکینیکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی لیکن ان کے اندر کچھ نیا تخلیق کرنے اور انوکھی چیزیں بنانے کا جنون انہیں روایتی انجینئرنگ کی حدود سے آگے لے گیا۔ یہی جنون انہیں ایک کامیاب اختراع کار بنانے کے ساتھ مجسمہ سازی کی دنیا میں بھی لے آیا۔

 انہوں نے اپنی فنکارانہ بصیرت اور انجینئرنگ کی مہارت کو اس خوبی سے یکجا کیا کہ ناکارہ سمجھے جانے والے پرزے اور دھات کے بے جان ٹکڑے ان کے ہاتھوں میں ایسے دل کش مجسموں اور منفرد مشینی فن پاروں میں ڈھلنے لگے جن کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ ان کی تخلیقات میں فن کی لطافت بھی ہے اور انجینئرنگ کی باریک بینی بھی۔ یہی انفرادیت انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر شناخت اور پذیرائی دلا رہی ہے-

کباڑ میں شاہکار کی تلاش

آواز دی وائس سے بات کرتے ہوئے محمد کاشف نے کہا کہ ان کا فلسفہ بالکل سیدھا سادا  ہے۔ اگر کسی چیز کو دوبارہ استعمال کرکے ایک خوب صورت اور بامعنی تخلیق میں تبدیل کیا جاسکتا ہے تو اسے محض کچرا سمجھ کر پھینکنے کی ضرورت نہیں۔اسی سوچ کے تحت انہوں نے ماحولیات اور پائیدار فن کو اپنے کام کا اہم حصہ بنایا۔ ان کی کئی تخلیقات فطرت اور ماحولیاتی مسائل سے متاثر ہیں اور ان کے ذریعے وہ لوگوں کو ماحول کے تحفظ کا پیغام دینے کی کوشش کرتے ہیں۔یاد رہے کہ محمد کاشف کی تخلیقات صرف روایتی مجسمہ سازی تک محدود نہیں ہیں۔ مکینیکل انجینئرنگ کی تعلیم نے انہیں فن کو تکنیکی انداز میں سمجھنے اور پیچیدہ تخلیقات کو عملی شکل دینے میں مدد دی،ان کا خاص ہنر یہ ہے کہ وہ انجینئرنگ کی تکنیکی مہارت کو فنکارانہ تخیل کے ساتھ جوڑ کر ایسی تخلیقات پیش کرتے ہیں جو عام تصور سے مختلف ہوتی ہیں۔

کھلونوں سے روبوٹکس تک

محمد کاشف کہتے ہیں کہ  تخلیقی جستجو کا آغاز بچپن ہی میں ہوگیا تھا۔ روبوٹکس میں ان کی دلچسپی کھلونوں سے پیدا ہوئی۔ وہ کھلونوں کو صرف کھیلنے کے لیے استعمال نہیں کرتے تھے بلکہ انہیں کھول کر اندر موجود نظام کو سمجھنے کی کوشش کرتے تھے۔ اس تجسس کو آگے بڑھانے میں ان کے والدین نے بھی بھرپور تعاون کیا۔محمد کاشف کہتے ہیں کہ ۔ میں نے اسکول کے زمانے میں پینٹنگ کے مقابلے میں حصہ لیتا تھا ، اس میں کامیابی محض ایک انعام نہیں تھی ۔ بلکہ اس نے ان کے اندر موجود فنکار کو پہچاننے میں اہم کردار ادا کیا۔محمد کاشف نے کہا کہ اسکول کے دوران ہی فن پاروں کو دیکھتے ہوئے ان کے ذہن میں یہ خیال پیدا ہوا کہ وہ بھی ایسا کچھ تخلیق کریں جو روایتی فن سے مختلف ہو،جسے دیکھ کر لوگ رکنے اور سوچنے پر مجبور ہوں۔انہوں نے گھر میں مختلف اشیا اور کباڑ سے تجربات شروع کیے۔ خاص طور پر ایسی چیزوں کو اپنی تخلیقات کا حصہ بنایا جنہیں عام طور پر بے کار سمجھ کر پھینک دیا جاتا ہے

تنقید کے باوجود تخلیق کا سفر رہا جاری

دراصل فن کی دنیا میں قدم رکھنا محمد کاشف کے لیے آسان نہیں تھا۔ کچھ لوگوں نے ان کے فن کو وقت کی بربادی قرار دیا، بعض نے ان کی کوششوں کا مذاق بھی اڑایا ۔ تاہم انہوں نے تنقید کو اپنے راستے کی رکاوٹ نہیں بننے دیا۔کالج کے دوران انہوں نے اپنی فنی صلاحیتوں کو زیادہ نمایاں نہیں کیا۔ وہ انجینئرنگ کی تعلیم کے ساتھ خاموشی سے اپنے فن پر کام کرتے رہے۔کاشف کہتے ہیں کہ انجینئرنگ کی تعلیم نے ان کے اس شوق کو مزید مضبوط کیا۔ مشینوں کے کام کرنے کے طریقہ کار کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ انہیں نئی چیزیں تخلیق کرنے کا حوصلہ بھی ملا۔

 انہیں اپنی صلاحیت کا حقیقی اندازہ گریجویشن کے دوسرے سال کے دوران ہوا جب ان کا بنایا ہوا ایک منفرد ناریل کا پیڑ لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ حالانکہ وہ اس فن پارے کو نمائش گاہ میں رکھ کر اپنے اسٹال سے ہٹ گئے تھے کیونکہ انہیں لگ رہا تھا کہ شاید ان کا فن  مذاق کا نشانہ نہ بن جائے مگر ہوا اس کے برعکس ۔اس فن پارے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں ۔ چند ہی دنوں میں ان کی تخلیقی صلاحیت کو وسیع سطح پر پذیرائی ملنے لگی

عالمی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی

اس کے سبب محمد کاشف کو دبئی میں منعقد ہونے والی عالمی آرٹ نمائش میں ہندوستان کی نمائندگی کی دعوت ملی۔ 2019 میں یہ موقع ان کے لیے ایک  اہم موڑ ثابت ہوا۔ اس کے لیے چارسو امیدواروں میں سے چالیس کا انتخاب ہوا  تھا جن کی بھوپال میں نمائش لگی اور ان میں آٹھ فنکاروں کو دبئی کے لیے منتخب کیا گیا ۔ دبئی میں ایسی پہچان بنی کہ  جس فن کو وہ کبھی لوگوں کی تنقید کے باعث چھپاتے تھے، وہی فن اب ان کی شناخت بن چکا تھا۔ محمد کاشف نے اپنے فن اور انجینئرنگ کی صلاحیتوں کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر بھی ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔ ورلڈ آرٹ دبئی میں شرکت کے علاوہ وہ عالمی روبوٹکس مقابلے میں بھی ہندوستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ان کی تخلیقات کو مختلف عالمی ریکارڈز میں بھی جگہ ملی ہے۔

انجینئرنگ اور آرٹ کا امتزاج

محمد کاشف نے آواز دی وائس کو بتایا کہ انجینئرنگ اور فن دو الگ دنیا نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والے شعبے ہیں۔ ان کے نزدیک انجینئرنگ کسی خیال کو مضبوط ساخت اور درستگی فراہم کرتی ہے جبکہ فن اسے تخلیقی روح عطا کرتا ہے۔ اسی سوچ نے انہیں دھات۔ اسٹیل۔ لکڑی اور ضائع شدہ اشیا کو ایسے فن پاروں میں تبدیل کرنے کی ترغیب دی جو دیکھنے والوں کی توجہ اپنی جانب کھینچتے ہیں-محمد کاشف نے 2017 میں  اپنے اسٹارٹ اپ ’آرٹسٹک انجینئرنگ‘ کے ذریعے فن اور انجینئرنگ کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا۔ ان کا ادارہ انٹیریئر اور ایکسٹیریئر ڈیزائن۔ دھاتی فن کاری۔ اسٹیل مینوفیکچرنگ۔ منفرد فواروں۔ خودکار گیٹس اور دیگر تعمیراتی و آرائشی منصوبوں پر کام کرتا ہے۔ان کے ساتھ کاریگروں کی ایک ٹیم بھی کام کرتی ہے جو مختلف منصوبوں کو عملی شکل دینے میں ان کا ساتھ دیتی ہے۔ محمد کاشف کے لیے ہر منصوبہ صرف ایک ڈھانچہ تیار کرنے کا عمل نہیں بلکہ ایک خیال کو ایسی شکل دینا ہے جو خوب صورتی کے ساتھ ساتھ اپنی افادیت اور پائیداری بھی برقرار رکھے۔

 اشف کے سحر انگیز فن پارے

بھوپال کے لیک ویو پر 15,000 استعمال شدہ پلاسٹک بوتلوں سے تیار کیا گیا ان کا مشہور مجسمہ ’پلاسٹک بوتل گلوب‘ ان کی تخلیقی صلاحیت اور اختراعی سوچ کی ایک نمایاں مثال ہے۔ اس منفرد مجسمے کی افتتاحی تقریب میں بالی ووڈ اداکارہ بھومی پیڈنیکر نے بھی شرکت کی تھی۔20 فٹ بلند اسٹیل گلوب ہو یا وکرم آدتیہ ویدک کلاک اور گلوبل انویسٹرز سمٹ کے لیے تیار کیا گیا 20فٹ کا اسٹیل گلوب۔ روشن مجسموں سے لے کر ان کے ہر پروجیکٹ میں جدت اور تخلیقی صلاحیت کی جھلک نمایاں ہے۔میٹل امبریلا۔ بٹر فلائی اسکلپچر۔ گولڈن اسفیئر۔ کائنیٹک ونڈ اسپنر۔ اسکریپ روبوٹکس اسکلپچرز اور انویزیبل کوانٹم اسکلپچرز جیسے منفرد فن پارے ان کے غیر معمولی فنکارانہ وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔

اعزازات اور ایوارڈز

محمد کاشف نے اپنے اس فن کے سبب کئی اعزازجات حاصل کئے ۔ممبئی میں منعقدہ لگژری لائف اسٹائل اینڈ بزنس ایوارڈز 2026 میں ’’مدھیہ پردیش کے سال کے اختراعی فنکار اور مجسمہ ساز‘‘ کا اعزاز دیا گیا۔ بالی ووڈ اداکارہ کیارا اڈوانی نے انہیں یہ ایوارڈ پیش کیا۔ وہ اپنے برانڈ ’آرٹسٹک انجینئرنگ‘ کے تحت دھات اور ناکارہ اشیا سے منفرد فن پارے تخلیق کرتے ہیں۔محمد کاشف کو اگست 2025 میں نوئیڈا میں منعقدہ بز ایکسپو اینڈ ایوارڈز میں ’’سال کے بہترین فنکار‘‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور دھاتی مجسمہ سازی میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔انہیں فن اور انجینئرنگ میں اختراعی کاموں کے لیے لیڈرشپ ایکسیلینس ایوارڈز 2022 کے تحت ’’سال کے بہترین نوجوان تخلیقی صنعت کار‘‘ کا اعزاز دیا گیا۔ بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے انہیں یہ ایوارڈ پیش کیا۔محمد کاشف نے بھوپال کے بوٹ کلب میں15 ہزار ناکارہ پلاسٹک بوتلوں سے 500 کلوگرام وزنی گلوب تیار کیا۔ اس فن پارے کا مقصد یک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے خلاف بیداری پیدا کرنا ہے۔ بالی ووڈ اداکارہ بھومی پیڈنیکر نے اس کا افتتاح کیا۔ اس تخلیق کو ایشیا بک آف ریکارڈز اور انٹرنیشنل بک آف ورلڈ ریکارڈز میں جگہ ملی۔

 

ہر فن مولا کاشف

محمد کاشف کی شخصیت کا ایک اور دلچسپ پہلو کھیلوں سے ان کی وابستگی ہے۔ وہ بچپن سے کرکٹ اور فٹبال کے شوقین رہے ،انہوں نے مختلف  سطح کے مقابلوں میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ رائفل شوٹنگ میں بھی ان کی دلچسپی رہی ہے اور وہ ریاستی سطح کے شوٹنگ مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں۔اپنے ڈریم پروجیکٹ کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ  کچھ ایسا آرٹ ورک چاہتے ہیں جو دنیا میں سب سے بڑا ہو ،دلکش ہو اور گینز بک آف دی ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہونے کا اہل ہو ۔تاکہ ملک و قوم کا نام روشن ہو۔محمد کاشف کی کہانی اس بات کی مثال ہے کہ تخلیقی صلاحیت کسی ایک مضمون یا پیشے کی پابند نہیں ہوتی۔ اگر تجسس۔ محنت اور حوصلہ موجود ہو تو ایک مکینیکل انجینئر دھات میں بھی فن پیدا کرسکتا ہے اور کباڑ کو بھی ایک ایسا شاہکار بنا سکتا ہے جو ماحولیات کا پیغام دے اور دنیا کی توجہ حاصل کرے۔