چائے کی دکان سے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل تک، اسلم انعامدار کا متاثر کن سفر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2026
چائے کی دکان  سے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل تک، اسلم انعامدار کا متاثر کن سفر
چائے کی دکان سے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل تک، اسلم انعامدار کا متاثر کن سفر

 



بھکتی چالک

جاپان میں حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ایشین گیمز کے کبڈی فائنل میں ہندوستان اور ایران کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ میچ ختم ہونے میں محض دو منٹ باقی تھے اور اسکور 30 کے مقابلے میں 37 تھا۔ مقابلہ انتہائی دلچسپ مرحلے میں پہنچ چکا تھا اور کسی بھی ٹیم کی جیت کے امکانات موجود تھے۔ایسے نازک وقت میں ہندوستانی ٹیم کے ایک کھلاڑی نے ریڈ کے لیے میدان میں قدم رکھا اور خطرہ مول لیتے ہوئے دو اہم پوائنٹس حاصل کرلیے۔ اس سے ہندوستانی ٹیم کو کچھ راحت ملی اور بالآخر اس نے 33 کے مقابلے میں 39 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کرکے طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔ یہ کھلاڑی اسلم انعامدار تھے جنہوں نے اس شاندار کارکردگی کے بعد پورے ہندوستان میں اپنی شناخت بنالی۔

اسلم کا تعلق مہاراشٹر کے ضلع اہلیہ نگر کے ایک چھوٹے سے گاؤں تکلی بھان سے ہے۔ انہوں نے محض 14 برس کی عمر میں انعامی رقم کے لیے کھیلے جانے والے مقامی کبڈی مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا تھا۔ ان کے بڑے بھائی بھی ایک کلب کی جانب سے کبڈی کھیلتے تھے۔ اسلم نے محسوس کیا کہ جب ان کے بھائی گھر سے باہر جاتے ہیں تو لوگ انہیں کبڈی کی وجہ سے عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یہی بات اسلم کے دل میں بھی کھیل کے ذریعے اپنی شناخت بنانے کا جذبہ پیدا کرنے کا سبب بنی۔ تقریباً 2009-10 میں انہوں نے باقاعدہ مشق شروع کردی اور رفتہ رفتہ کبڈی ان کا جنون بن گئی۔

جدوجہد کے کٹھن دن

اسی دوران 2011 میں ان کے والد کا انتقال ہوگیا۔ گھر میں پانچ بہن بھائی تھے۔ نہ اپنا مکان تھا اور نہ ہی کوئی زرعی زمین یا آمدنی کا مستقل ذریعہ۔ ایسے حالات میں پورے خاندان کی ذمہ داری ان کی والدہ کے کندھوں پر آگئی۔ وہ مختلف گھروں میں برتن اور کپڑے دھونے کا کام کرتی تھیں اور اس محنت کے بدلے انہیں ماہانہ صرف 300 روپے ملتے تھے۔ وہ دن رات محنت کرتی تھیں تاکہ ان کے بچوں کو بھوکا نہ سونا پڑے۔اسلم یہ تمام حالات اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے تھے۔ وہ سوچتے تھے کہ جب ان کی والدہ اتنی مشکلوں کے باوجود پورے خاندان کو سنبھال سکتی ہیں تو وہ بھی کچھ نہ کچھ ضرور کرسکتے ہیں۔ خاندان کی کفالت میں ہاتھ بٹانے کے لیے ان کے بھائیوں نے بھی چھوٹے موٹے کام شروع کردیے۔

اسلم نے خود بھی چائے کی دکان پر گلاس دھوئے۔ جوس کی دکان پر کام کیا اور کھیتوں میں مزدوری کی۔ ضرورت پڑنے پر انہوں نے بیت الخلا کی صفائی کا کام بھی کیا۔ کھانے کے اخراجات پورے کرنے کے لیے وہ پھینکی ہوئی خالی بوتلیں جمع کرتے اور انہیں کباڑیوں کے ہاتھ فروخت کردیتے تھے۔ دن بھر محنت مزدوری کرنا اور رات کو کبڈی کی مشق کے لیے جانا طویل عرصے تک ان کا معمول رہا۔

کبڈی میں آگے بڑھنے کی جدوجہد

گاؤں میں انعامی مقابلوں میں کھیلنے کے بعد اسلم نے مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں منعقد ہونے والے کبڈی ٹورنامنٹس میں شرکت شروع کردی۔ ان کے پاس سفر کے لیے ٹکٹ خریدنے تک کے پیسے نہیں ہوتے تھے۔ چنانچہ وہ ٹرین کی نشستوں کے نیچے سو کر سفر کرتے تھے۔ ٹورنامنٹس میں کھانے کا انتظام ہوجاتا تو اسی پر گزارا کرتے۔ کبھی صرف ایک وڑا پاؤ کھا کر دن گزارنا پڑتا تو کبھی بچا ہوا کھانا تھیلے میں رکھ لیتے تاکہ بعد میں کام آسکے۔ ہر مقابلے میں انہیں 200 سے 500 روپے تک مل جاتے تھے۔ بعض اوقات وہ صرف کھانے کے لیے بھی کھیلتے تھے۔ انہی تجربات نے انہیں کبڈی کی وسیع دنیا سے متعارف کرایا۔ابتدا میں ان کے بڑے بھائی کبڈی کھیلنے کے فیصلے کے مخالف تھے۔ ان کا خیال تھا کہ اس کھیل میں مستقبل بنانے کے زیادہ امکانات نہیں ہیں اور اسلم کو کھیل کے بجائے اپنی تعلیم پر توجہ دینی چاہیے۔ والد کے انتقال کے چھ ماہ بعد ہی ان کے بڑے بھائی پولیس میں بھرتی ہوگئے تھے۔

اس کے بعد حالات میں کچھ تبدیلی آئی اور اسلم کو باقاعدگی سے مشق کرنے کا موقع ملنے لگا۔ جب باہر سے ان کی کارکردگی کی تعریف ہونے لگی تو بڑے بھائی کا اعتماد بھی بڑھا اور انہوں نے اسلم کی حوصلہ افزائی شروع کردی۔اسلم نہیں چاہتے تھے کہ ان کا کھیل صرف گاؤں تک محدود رہ جائے۔ اسی مقصد سے وہ تھانے منتقل ہوگئے جہاں ان کے دوست راجو نے انہیں اپنے گھر میں رہنے کی جگہ دی۔ تھانے پہنچ کر انہیں کبڈی کی ایک نئی دنیا دیکھنے کا موقع ملا۔ انہیں ایئر انڈیا اور یونین بینک جیسی کارپوریٹ ٹیموں کے بارے میں معلوم ہوا اور یہ احساس ہوا کہ ایسی ٹیموں کی نمائندگی کرنے سے کھلاڑیوں کو مالی استحکام بھی حاصل ہوسکتا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے گاؤں سے باہر نکل کر بڑے مقابلوں میں اپنی صلاحیتیں آزمانے کا فیصلہ کیا۔

سنگین چوٹ نے روک دی کھیل کی رفتار

سال 2014 میں اسلم کی ٹانگ میں فریکچر ہوگیا جس کی وجہ سے انہیں دو سے تین سال تک کبڈی کے میدان سے دور رہنا پڑا۔ خاندان کی مالی حالت ایسی نہیں تھی کہ ان کے علاج کا خرچ برداشت کرسکے۔ آپریشن کے لیے بھی انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بالآخر سرکاری صحت اسکیم کے تحت ان کا آپریشن ممکن ہوسکا۔اس دوران انہوں نے ٹیلی ویژن پر اسی سال ہونے والے ایشین گیمز کے کبڈی مقابلے دیکھے۔ چوٹ کی وجہ سے وہ خود میدان میں نہیں اتر سکتے تھے لیکن اس وقفے نے انہیں کھیل کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع دیا۔ صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے دوبارہ مشق شروع کردی۔تقریباً ایک دہائی کی مسلسل محنت کے بعد اسلم کو پرو کبڈی لیگ میں کھیلنے کا موقع ملا۔ انہوں نے آٹھویں سیزن میں اپنا آغاز کیا اور پہلے ہی سیزن میں اپنی ٹیم کے لیے 190 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس کارکردگی کے عوض انہیں آٹھ لاکھ روپے ملے۔اس رقم سے انہوں نے سب سے پہلے اپنی والدہ کے لیے سونے کا ہار خریدا۔ آج وہ پونےری پلٹن کے کپتان ہیں۔ انہیں محض 25 برس کی عمر میں یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ مسلسل کئی سیزن تک ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے انہوں نے دسویں سیزن میں پونےری پلٹن کو چیمپئن بنایا جبکہ بارہویں سیزن میں ٹیم کو فائنل تک پہنچایا۔

ریاستی اور قومی سطح پر کامیابیوں کا سفر

اسلم نے مہاراشٹر کی ریاستی ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ریاست کے لیے تین چاندی اور تین کانسے کے تمغے جیتے۔ ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وہ دو طلائی تمغے بھی حاصل کرچکے ہیں۔ کھیل کے میدان میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2023-24 کے باوقار شیواجی چھترپتی ریاستی کھیل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ایشین گیمز کے فائنل میں اسلم نے پہلے ہاف میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں قدم رکھا تھا۔ اس وقت ہندوستانی ٹیم پیچھے چل رہی تھی۔ لیکن ان کی فیصلہ کن ریڈز نے مقابلے کا رخ بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ بائیں جانب کور پوزیشن پر کھیلتے ہیں اور دفاع کے ساتھ حملے میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مؤثر مظاہرہ کرتے ہیں۔حال ہی میں تھانے کے ایک مشقی میدان میں انہوں نے نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ساتھ اپنی زندگی کے تجربات شیئر کیے۔ انہوں نے بتایا کہ پرو کبڈی لیگ نے انہیں شہرت کے ساتھ مالی استحکام اور عزت بھی دی ہے۔ اسلم نے مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ حالات چاہے کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں انہیں بڑے خواب دیکھنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔