ڈاکٹر شاہدہ نغمہ : بے اولاد جوڑوں کے لیے امید کی کرن

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2026
ڈاکٹر شاہدہ نغمہ :  بے اولاد جوڑوں کے لیے امید کی کرن
ڈاکٹر شاہدہ نغمہ : بے اولاد جوڑوں کے لیے امید کی کرن

 



اونیکا مہیشوری / نئی دہلی

جھارکھنڈ کی کوئلہ نگری دھنباد سے تعلق رکھنے والی اور دہلی کی معروف ماہر امراض نسواں و زچگی اور آئی وی ایف ماہر ڈاکٹر شاہدہ نغمہ بظاہر ایک عام ڈاکٹر کی طرح ہیں لیکن حقیقت میں وہ اپنے خاندان کے لیے ایسی تحریک کا سرچشمہ ہیں جنہیں ڈاکٹر بنتے دیکھ کر آج ان کے خاندان کی کئی لڑکیاں اپنے آبائی شہر سے دور جاکر انجینئرنگ اور طب اور فنون لطیفہ کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔

والدہ شبانہ قمر جو شعبہ تعلیم سے وابستہ رہیں اور فوج سے ریٹائرڈ والد خورشید احمد کی حوصلہ افزائی سے ڈاکٹر بن کر نام کمانے والی ڈاکٹر شاہدہ نغمہ کا چھوٹا بھائی بھی ڈاکٹر ہے اور میرٹھ میں طبابت کررہا ہے۔ ڈاکٹر شاہدہ کی ابتدائی تعلیم ایک کانونٹ اسکول میں ہوئی جس کے بعد انہوں نے آرمی پبلک اسکول دھولا کنواں سے بارہویں جماعت تک تعلیم مکمل کی۔طب کے شعبے میں ان کا سفر آرمی کالج آف میڈیکل سائنسز دہلی کینٹ سے ایم بی بی ایس کی ڈگری اور عملی تربیت کے ساتھ شروع ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے ملک کے معروف ادارے وردھمان مہاویر میڈیکل کالج اور صفدرجنگ اسپتال نئی دہلی سے امراض نسواں اور زچگی کے شعبے میں اعلیٰ طبی تعلیم حاصل کی۔صفدرجنگ اسپتال میں تین برس تک اعلیٰ تربیت یافتہ ڈاکٹر کے طور پر کام کرتے ہوئے انہوں نے پیچیدہ جراحی معاملات سے نمٹنے میں مہارت حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے نئی دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں معروف ڈاکٹر آبا مجمدار کی نگرانی میں تولیدی طب اور آئی وی ایف کے شعبے میں خصوصی تربیت حاصل کی۔

بچپن کا خواب اور ڈاکٹر نانا کا اثر

ڈاکٹر شاہدہ کے ڈاکٹر بننے کی تحریک ان کے بچپن سے وابستہ ہے۔ ان کے نانا جنہیں خاندان میں سب ڈاکٹر نانا کہتے تھے برطانیہ میں معروف ماہر اطفال تھے۔ جب بھی وہ ہندستان آتے ڈاکٹر شاہدہ ان کے پاس بیٹھ کر ان کے تجربات سنا کرتی تھیں۔ ان کی پرسکون طبیعت اور مریضوں کی دیکھ بھال کے انداز نے ڈاکٹر شاہدہ کے دل میں طب کے شعبے میں جانے کی بنیاد رکھی۔ اس پورے سفر میں ان کے والدین اور خاندان کا بھرپور تعاون رہا۔ ان کے والد پہلے بھارتی فوج میں خدمات انجام دے چکے تھے اور بعد میں بینک آف انڈیا میں بینک منیجر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ انہوں نے ہمیشہ اپنی بیٹی کے خوابوں کو اہمیت دی اور اسے آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ دیا۔

بدلتی طرز زندگی اور بڑھتا بانجھ پن کا مسئلہ

آج کل کم عمر جوڑوں میں بھی بانجھ پن کا مسئلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس بارے میں ڈاکٹر شاہدہ نے بتایا کہ آج کی مصروف طرز زندگی دفتری معمولات کی مسلسل دوڑ اور حد سے زیادہ ذہنی اور جسمانی دباؤ اس کے اہم اسباب ہیں۔ ذہنی دباؤ کے باعث جسم میں کورٹیسول نامی ہارمون کی سطح بڑھ جاتی ہے جو تولیدی ہارمونز ایسٹروجن پروجیسٹرون ایف ایس ایچ اور ایل ایچ کے توازن کو متاثر کرتی ہے۔ اس کے علاوہ کھانے پینے کی اشیا میں ملاوٹ آلودہ پانی اور بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی بھی تولیدی صلاحیت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔آئی وی ایف تکنیک کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ یہ ایک طبی طریقہ ہے جو ایسے جوڑوں کی مدد کرتا ہے جو قدرتی طور پر حمل ٹھہرانے سے قاصر ہوتے ہیں۔

ایک جذباتی اور یادگار تجربہ

اپنے پیشہ ورانہ سفر کے ایک جذباتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہدہ نے بتایا کہ ایک مرتبہ دیہی پس منظر سے تعلق رکھنے والا ایک جوڑا اپنی 11 سالہ بیٹی کے ساتھ ان کے پاس آیا۔ بچی اپنے لیے ایک بھائی یا بہن کی خواہش رکھتی تھی۔ خاتون کے رحم میں کافی چپکاؤ پیدا ہوگیا تھا۔ ڈاکٹر شاہدہ نے دوربین کے ذریعے رحم کے اندرونی حصے کا معائنہ کرکے اس مسئلے کا علاج کیا اور رحم کی اندرونی تہہ کو بہتر بنانے کے لیے پہلی مرتبہ پی آر پی طریقہ استعمال کیا۔ نتیجتاً پہلی ہی آئی وی ایف کوشش میں خاتون حاملہ ہوگئیں۔ جب پہلی مرتبہ بچے کی دھڑکن سنائی دی تو وہ لمحہ پورے خاندان اور خود ڈاکٹر شاہدہ کے لیے انتہائی جذباتی اور یادگار بن گیا۔

کامیابی کی منزل اور بے اولاد جوڑوں کے لیے پیغام

اس وقت ڈاکٹر شاہدہ چھترپور مین روڈ پر واقع ریڈیئنس لائف لائن اینڈ فرٹیلٹی کلینک میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس کے ساتھ وہ نئی دہلی کے ایسٹ آف کیلاش میں واقع کلاؤڈ نائن اسپتال سے بھی وابستہ ہیں۔ اس سے قبل وہ برلا فرٹیلٹی اینڈ آئی وی ایف کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔اولاد سے محرومی کے مسئلے سے دوچار جوڑوں کو پیغام دیتے ہوئے ڈاکٹر شاہدہ کہتی ہیں کہ والدین بننے کا سفر ہر شخص کے لیے مختلف ہوتا ہے۔ ایک دوسرے کو قصوروار ٹھہرانے یا معاشرے کے طعنوں کی بنیاد پر خود کو پرکھنے کے بجائے بروقت ڈاکٹر سے مشورہ لینا چاہیے۔ ذہنی دباؤ سے آزاد رہتے ہوئے اور درست رہنمائی کے ساتھ اس سفر کو خوشگوار بنایا جاسکتا ہے۔

:::