صبیحہ فاطمہ
بھارتی مسلمانوں کے مذہبی مقامات قانونی تنازعات میں کیوں الجھ رہے ہیں؟
اس سوال کا فوری جواب یہ دیا جاسکتا ہے کہ اس کی وجہ سیاسی حالات اور بدلتی ہوئی سیاسی پیش رفت ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ مسئلہ اس سے کہیں زیادہ گہرا ہے۔اس طرح کے تنازعات مسلم برادری کو اپنے ہم وطن شہریوں کے مقابل لا کھڑا کرتے ہیں اور اکثر سماجی تقسیم کو مزید گہرا کردیتے ہیں۔
تاہم اسلامی تاریخ اس بات پر بہت زیادہ زور دیتی ہے کہ مقدس مقامات تنازعات سے پاک رہیں اور جس زمین پر وہ قائم ہوں، اسے انتہائی منصفانہ اور شفاف طریقے سے حاصل کیا جائے۔ اسلامی تاریخ میں اس اصول کی وضاحت کرنے والی متعدد مثالیں موجود ہیں۔ ذرا تصور کیجیے کہ 2 محرم 61 ہجری کو گردوغبار سے بھری ہوائیں میدانوں میں چل رہی ہیں۔ ایک مختصر قافلہ اچانک رک جاتا ہے، کیونکہ امام حسین ابن علیؓ کا گھوڑا مزید آگے بڑھنے سے انکار کردیتا ہے۔ اس مقام کا نام گویا ایک پیش گوئی کی طرح گونجتا ہے: کربلا، یعنی غم و مصیبت کی سرزمین۔ امام حسینؓ اس المیے سے پوری طرح آگاہ تھے جو پیش آنے والا تھا۔ لیکن جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی انہوں نے غیر معمولی اخلاقی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اہم قدم اٹھایا۔
انہوں نے مقامی قبائل، بالخصوص بنو اسد کے افراد اور قریبی علاقوں نینویٰ اور غاضریہ کے باشندوں کو بلایا۔ انہوں نے تقریباً چار میل طول و عرض پر مشتمل زمین 60 ہزار درہم میں خریدی۔ زمین کے مالکان نے اعتراض کیا کہ یہ بنجر اور بے آب و گیاہ زمین ہے۔ انہوں نے کہا: ’’اس منحوس زمین سے کچھ پیدا نہیں ہوتا۔‘
امام حسینؓ نے دور اندیشی کے ساتھ جواب دیا: ’’یہ زمین میرے خون، میرے اہلِ خانہ اور میرے ساتھیوں کے خون سے زرخیز ہوجائے گی۔ یہاں زائرین آیا کریں گے۔‘‘
انہوں نے اس زمین کی خریداری اپنے فرزند علی اکبر کے نام پر درج کرائی اور پھر اسے خیراتی وقف کے طور پر واپس عطیہ کردیا۔ اس کے ساتھ یہ شرط رکھی کہ مقامی لوگ تین دن تک شہداء کی قبروں پر آنے والے زائرین کی رہنمائی اور میزبانی کریں گے۔
یہ محض ایک قانونی لین دین نہیں تھا بلکہ ایک ایسا مستقل اخلاقی اصول تھا جس کے تحت اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ شہداء کی آرام گاہ ایسی زمین پر قائم ہو جو قانونی اور جائز طریقے سے حاصل کی گئی ہو۔ المستدرک اور دیگر تاریخی روایات میں محفوظ بیانات بھی اس اخلاقی مثال کی تائید کرتے ہیں۔ یہی اصول مدینہ منورہ میں رسول اللہ ﷺ کے ایک بنیادی اقدام میں بھی نظر آتا ہے۔ جب آپ ﷺ نے عبادت اور اجتماعی زندگی کے لیے زمین تلاش کی تو کھجوریں خشک کرنے کے لیے استعمال ہونے والے ایک قطعۂ زمین کا انتخاب کیا، جو دو یتیم بھائیوں سہل اور سہیل کی ملکیت تھا۔ اگرچہ دونوں بھائیوں نے یہ زمین بطور تحفہ پیش کرنے کی خواہش ظاہر کی، لیکن رسول اللہ ﷺ نے اس کی مناسب قیمت ادا کرنے پر اصرار فرمایا تاکہ مکمل شفافیت اور انصاف کو یقینی بنایا جاسکے۔
آپ ﷺ نے عمار بن یاسرؓ سمیت اپنے صحابہ کے ساتھ خود محنت کرتے ہوئے ایسی زمین پر مسجد نبوی کی تعمیر میں حصہ لیا جس کی ملکیت کسی تنازعے کا شکار نہیں تھی۔نہ کوئی زبردستی تھی، نہ زمین پر قبضہ اور نہ ہی ملکیت کے حوالے سے کوئی ابہام، بلکہ ہر قدم خیرخواہی اور قانونی طریقے سے زمین حاصل کرنے کی بنیاد پر اٹھایا گیا۔ یہی اسلامی اصول کی ایک لازوال مثال بن گئی کہ مقدس مقامات میں دینی ہدایت کی جھلک نظر آنی چاہیے، نہ کہ ان کی بنیاد کسی ناانصافی یا حل طلب تنازعے پر قائم ہو۔
وقف کی جائیدادیں مستقل نوعیت کے عہد اور امانت کی حیثیت رکھتی ہیں۔ قدیم اسلامی علما نے ہمیشہ متنبہ کیا ہے کہ ناپاک اور ناجائز بنیادوں پر برکتیں پروان نہیں چڑھ سکتیں۔ زمین خود فجر کی نمازوں، قرآن کی تعلیم، خیرات اور روحانی سکون کی تلاش میں آنے والی نسلوں کی گواہ بن جاتی ہے۔
بھارت میں مساجد اور مدارس کے لیے زمین کا حصول
عصر حاضر کے بھارت میں مساجد اور مدارس کے لیے زمین حاصل کرنے کا معاملہ مواقع کے ساتھ کئی چیلنجز بھی پیش کرتا ہے۔ مثالی مذہبی اور تعلیمی ادارے وہاں قائم ہوتے ہیں جہاں زمین کی ملکیت غیر متنازع ہو، وقف کے دستاویزات مکمل ہوں، مقامی برادری کی رضامندی حاصل ہو اور منصوبہ بندی میں صرف نمازیوں ہی نہیں بلکہ پورے محلے کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔نماز گاہیں، تعلیمی کلاس رومز، طبی سہولتیں اور اجتماعی مراکز مل کر امن و ہم آہنگی اور عوامی خدمت کے مراکز بن سکتے ہیں۔
بھارت کے تیزی سے پھیلتے ہوئے کئی شہروں میں نئی تعمیر ہونے والی مساجد اس طرزِ عمل کی مثال ہیں، جن کی تعمیر کے لیے برادری کے افراد نے رضاکارانہ طور پر شفاف طریقے سے مالی تعاون فراہم کیا۔ تاہم متعدد تاریخی مقامات آج بھی ملکیت کے تنازعات، غیر قانونی قبضوں، طویل عدالتی مقدمات اور ترقیاتی منصوبوں کے دباؤ کی زد میں ہیں۔ لاکھوں مسلمانوں کے لیے ان مقامات کو لاحق خطرات محض جائیداد کے تنازعات نہیں بلکہ ان کی مذہبی شناخت اور اجتماعی یادداشت کے لیے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں۔یہ محض عمارتیں نہیں ہیں۔ یہ وہ مقامات ہیں جہاں اذان اہلِ ایمان کو جمع کرتی ہے، مدارس نوجوان ذہنوں کی تربیت کرتے ہیں اور بزرگ نسل در نسل مذہبی روایات منتقل کرتے ہیں۔جب ان مقامات پر تنازعات پیدا ہوتے ہیں تو وہ برادری کی توانائیوں کو ضائع کرتے ہیں، سماجی تقسیم کو گہرا کرتے ہیں اور سیاسی استحصال کے مواقع پیدا کرتے ہیں۔ اس کے برعکس اسلامی تعلیمات صبر، عدالتوں یا ثالثی کے ذریعے قانونی حل اور فتنہ و انتشار سے بچنے کی تلقین کرتی ہیں۔ کسی مسجد کی اصل طاقت اس کی دیواروں میں نہیں بلکہ اس کی ناقابلِ اعتراض اخلاقی اور قانونی حیثیت میں ہوتی ہے۔
بھارت کی تاریخ سے ملنے والے اسباق
بھارت کی تاریخ بھی اس حوالے سے کئی اہم اسباق پیش کرتی ہے۔ قدیم مذہبی مقامات، بشمول قدیم ہندو مندروں اور دیگر عبادت گاہوں سے متعلق دعووں نے کئی دہائیوں تک قانونی اور سیاسی تنازعات کو جنم دیا ہے۔ایودھیا کی بابری مسجد، جو سولہویں صدی میں تعمیر کی گئی تھی، اس کی سب سے نمایاں مثال بن گئی۔ یہ دعوے کہ مسجد بھگوان رام کی جائے پیدائش پر تعمیر کی گئی تھی، کئی دہائیوں تک عدالتی مقدمات اور فرقہ وارانہ تشدد کا سبب بنتے رہے اور بالآخر 1992 میں مسجد کی شہادت پر منتج ہوئے۔
سپریم کورٹ نے 2019 کے فیصلے میں متنازع زمین رام مندر کی تعمیر کے لیے مختص کردی، جبکہ مسجد کی تعمیر کے لیے متبادل زمین فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی۔ یہ فیصلہ شواہد کے جائزے اور قانونی عمل کے ذریعے ایک انتہائی پیچیدہ تنازعے کو حل کرنے کی عدالتی کوشش تھا۔ اسی طرح وارانسی کے گیان واپی کمپلیکس کے حوالے سے بھی ایسے سوالات مسلسل اٹھ رہے ہیں۔ وہاں پہلے سے موجود شیو مندر کے دعووں کے نتیجے میں سروے، عدالتی کارروائی اور عبادت گاہوں سے متعلق قانون 1991 کی تشریح کے حوالے سے مقدمات جاری ہیں۔ اسی نوعیت کے تنازعات دوسرے مقامات پر بھی سامنے آئے ہیں، جو ظاہر کرتے ہیں کہ غیر حل شدہ تاریخی دعوے کس طرح مقدس مقامات کو طویل عرصے تک تنازعات میں الجھائے رکھ سکتے ہیں۔
غیر قانونی قبضے اور مذہبی اداروں کو درپیش خطرات
غیر قانونی قبضوں نے بھی متعدد مذہبی اداروں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ بھارت بھر میں وقف کی متعدد جائیدادیں، جن میں مساجد اور مدارس بھی شامل ہیں، غیر قانونی قبضوں، غیر واضح ملکیتی ریکارڈ اور اندرونی انتظامی کمزوریوں کا سامنا کر رہی ہیں۔ اس کے نتیجے میں طویل عدالتی مقدمات چلتے ہیں اور برادری کے قیمتی اثاثے ضائع ہوجاتے ہیں۔ دوسری جانب تجاوزات کے خلاف کارروائیاں، جنہیں عام طور پر ’’بلڈوزر کلچر‘‘ کہا جاتا ہے، ان کے نتیجے میں بھی ایسی عمارتیں منہدم کی گئی ہیں جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزی کرتی ہیں یا سرکاری زمین پر قائم ہیں۔ مختلف ریاستوں میں مساجد، مدارس اور ان سے متعلقہ اداروں کو متاثر کرنے والی انہدامی کارروائیوں کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔
اگرچہ حکام عموماً ان کارروائیوں کو قانون کے نفاذ کا حصہ قرار دیتے ہیں، لیکن ناقدین نے سوال اٹھایا ہے کہ آیا خصوصاً فرقہ وارانہ کشیدگی کے دوران قانونی طریقۂ کار، مناسب پیشگی نوٹس اور یکساں اصولوں پر ہمیشہ عمل کیا گیا ہے یا نہیں۔ چاہے تنازعہ تاریخی دعووں، متنازع ملکیت، غیر مجاز تعمیرات یا ریاستی کارروائیوں سے پیدا ہو، بنیادی سبق ایک ہی ہے۔
جس زمین کی قانونی حیثیت غیر واضح ہو، وہ لازماً تنازعے کا سبب بنتی ہے، برادری کے وسائل ضائع کرتی ہے اور سماجی تقسیم کو مزید وسیع کردیتی ہے۔
مذہبی ہم آہنگی کی روشن مثالیں
تاہم کشیدگی کے ماحول میں بھی امید کی کئی روشن مثالیں موجود ہیں۔ کیرالہ، تمل ناڈو، اترپردیش اور راجستھان کے مختلف دیہات میں غیر مسلم افراد نے خیرسگالی اور مشترکہ انسانیت کے جذبے کے تحت مساجد اور مدارس کی تعمیر کے لیے رضاکارانہ طور پر زمین عطیہ کی ہے۔کئی کسانوں نے اپنے کھیتوں کا کچھ حصہ اس مقصد کے لیے پیش کیا کہ ’’آپ کے بچے سکون سے نماز ادا کرسکیں۔‘
زمین کے مالکان نے مدارس کو ایسے اداروں کے طور پر دیکھا ہے جو پورے معاشرے کی اخلاقی بنیادوں کو مضبوط کرتے ہیں۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی دوستی، باہمی تعاون اور بین المذاہب یکجہتی نے اعتماد کی کئی قابلِ ذکر مثالیں قائم کی ہیں۔ قبولِ اسلام کرنے والے افراد اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل خاندانوں نے بھی اپنے ذاتی عقیدے اور وابستگی کی بنیاد پر آبائی زمینیں مذہبی اداروں کے لیے وقف کی ہیں۔ یہ خاموش مگر قابلِ قدر اقدامات یاد دلاتے ہیں کہ زمین اس وقت اتحاد کا ذریعہ بن سکتی ہے جب اسے رضاکارانہ طور پر پیش کیا جائے اور عزت و احترام کے ساتھ قبول کیا جائے۔
مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات
مدینہ منورہ اور کربلا کی مثالیں محض تاریخی یادیں نہیں ہیں بلکہ آج بھی اخلاقی طرزِ عمل کے لیے مستقل رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ برادریوں کو زمین کی ملکیت، قانونی دستاویزات اور وقف کے ریکارڈ کی مکمل اور باریک بینی سے جانچ کرنی چاہیے۔ابتدا ہی سے پڑوسی برادریوں کو کھلے دل اور خلوص کے ساتھ اعتماد میں لینا چاہیے۔مالی وسائل کی فراہمی شفاف اور مکمل طور پر حلال ذرائع سے ہونی چاہیے۔ مذہبی اداروں کی منصوبہ بندی اس انداز میں کی جانی چاہیے کہ وہ عبادت کے ساتھ تعلیم، خیرات، صحت کی سہولتوں اور سماجی ہم آہنگی کے ذریعے بھی معاشرے کی خدمت کرسکیں۔
جہاں تنازعات پیدا ہوں، وہاں انصاف کے حصول کے لیے ثالثی اور عدالتی راستے اختیار کیے جائیں اور ہر صورت منصفانہ طرزِ عمل اور قانونی تقاضوں کی مکمل پابندی کی جائے۔امام حسینؓ نے کربلا کی زمین اس علم کے باوجود محفوظ اور قانونی طور پر حاصل کی کہ ان کا خون اس سرزمین کو تقدس عطا کرے گا۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ اصول قائم فرمایا کہ مقدس مقاصد کے حصول کے لیے ہمیشہ پاکیزہ اور منصفانہ ذرائع اختیار کیے جانے چاہئیں۔ بھارت کی متنوع جمہوریت میں ان اصولوں پر عمل نہ صرف مسلم مذہبی اداروں کا تحفظ کرتا ہے بلکہ ملک کے تکثیری اور کثیرالمذاہب تشخص کو بھی مضبوط بناتا ہے۔
مقدس زمین محض مٹی کا ایک ٹکڑا نہیں ہوتی۔ اسے اس پر صرف ہونے والے خلوص، اس کے تحفظ کے لیے قائم کیے جانے والے انصاف اور اس سے وابستہ خدمتِ خلق کے ذریعے تقدس حاصل ہوتا ہے۔ جب ہر مسجد، مدرسہ اور وقف کا ادارہ ایسی زمین پر قائم ہوگا جو قانونی طور پر محفوظ، اخلاقی طریقے سے حاصل کی گئی اور ہر قسم کے تنازعے سے پاک ہو، تو انتہائی متنازع زمین بھی ایک دن امن، محبت اور یادوں کے گلشن میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
سب سے پہلے روحِ عمل کی حفاظت کیجیے، زمین کا تحفظ خود بخود اس کے بعد ممکن ہوگا۔