شناخت، تاثر اور مظلومیت کا سوال

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2026
شناخت، تاثر اور مظلومیت کا سوال
شناخت، تاثر اور مظلومیت کا سوال

 



سید امجد علی

مظلومیت کا تصور حالات و واقعات سے جڑا ہوتا ہے اور اس کی نوعیت ہر شخص کے لیے مختلف ہو سکتی ہے۔ کسی شخص کی مظلومیت کا تعلق اس کی جائے پیدائش، طبقاتی پس منظر، خاندانی ورثے، مالی حیثیت اور دیگر کئی عوامل سے ہوتا ہے۔ اسے ایک ہی وسیع دائرے میں رکھ کر نہیں سمجھا جا سکتا۔ ہمارے جیسے بڑے اور متنوع ملک میں مظلومیت کے تجربات بھی اتنے ہی مختلف اور متنوع ہیں۔ میں اشتہارات کے شعبے سے وابستہ رہا ہوں اور اپنے پورے پیشہ ورانہ سفر میں مجھے کبھی مذہب کی بنیاد پر کسی امتیاز کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور نہ ہی مجھ پر مذہب کے نام پر کوئی کام کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔

یہ ایک تخلیقی شعبہ ہے اور یہاں میں ملک کے بعض بہترین ذہنوں کے ساتھ مل کر مختلف برانڈز کے لیے بامعنی اور قابل قدر چیزیں تخلیق کرتا رہا ہوں۔ میں نے کبھی اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں مذہب کو کوئی کردار ادا کرتے نہیں دیکھا۔ میرے بچپن کی یادیں سرکاری اداروں کے ایک ایسے ماحول سے وابستہ ہیں جہاں میری پرورش ہوئی۔ وہاں مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان یکسانیت اور ہم آہنگی کا ماحول تھا اور مذہب کی بنیاد پر اختلافات نہ ہونے کے برابر تھے۔ ہماری زندگی قومی تہواروں، یعنی 15 اگست، 26 جنوری، دیوالی ملن، عید ملن اور کرسمس کے ساتھ ساتھ چند علاقائی تہواروں سے بھی بھرپور تھی۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ 15گست کو پرچم کشائی کے بعد تمام بچے سموسوں اور رس گلوں کا انتظار کرتے تھے، گویا تقریب میں شرکت کا یہی انعام ہو۔

دوسرے تہوار بھی چند مذہبی رسومات کے علاوہ کسی خاص مذہب سے وابستہ نہیں سمجھے جاتے تھے بلکہ وہ سب کے لیے مل بیٹھنے اور خوشیاں منانے کا موقع ہوتے تھے۔ اور ظاہر ہے، ان مواقع پر پیش کیے جانے والے لذیذ کھانوں کا انتظار بھی رہتا تھا۔ بہار کے شہر گیا میں سماجی ہم آہنگی کا ماحول تھا، تاہم محرم، رام نومی جیسے مواقع پر احتیاطی تدبیر کے طور پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے سخت نگرانی رکھی جاتی تھی۔ ایسا کسی ناخوشگوار واقعے کے خدشے کی وجہ سے نہیں بلکہ انتظامی احتیاط کے طور پر کیا جاتا تھا۔ سال کے باقی دنوں میں سبھی لوگ اپنی محنت مزدوری اور روزمرہ کی زندگی میں مصروف رہتے تھے، خصوصاً متوسط طبقے کے لوگ۔ گزشتہ چند دہائیوں میں ہندوستان میں مسلمانوں کی جو شبیہ بنی ہے، اس میں فلموں کے کرداروں کا بھی بڑا حصہ رہا ہے۔ فلموں میں مسلمانوں کی پیش کش ہمیشہ سے تشویش اور بحث کا موضوع رہی ہے۔ کبھی انہیں اسمگلر، کبھی دہشت گرد اور کبھی بدعنوان پولیس افسر کے طور پر دکھایا گیا۔

 

 

awaz

مجموعی طور پر انہیں منفی کرداروں میں زیادہ پیش کیا گیا، جس سے پوری مسلم برادری کے بارے میں ایک منفی تاثر پیدا ہوا۔ اس کا معاشرے پر بہت گہرا اثر پڑا ہے، کیونکہ سنیما خاموشی اور غیر محسوس انداز میں لوگوں کے ذہنوں پر اپنا نقش چھوڑتا ہے۔ اس کے بعد 1990 کی دہائی میں ایک ایسا دور بھی آیا جب مسلمانوں کے ہندوستان کے مرکزی دھارے میں شامل نہ ہونے کے بارے میں بہت کچھ لکھا گیا۔ انہیں الگ تھلگ بستیوں اور مخصوص محلوں میں رہنے والی برادری کے طور پر پیش کیا گیا۔ اس طرزِ بیان نے بھی مسلمانوں کی منفی تصویر پیش کی۔ حقیقت یہ ہے کہ وقت کے ساتھ مسلم برادری کی شبیہ متاثر ہونے کے پیچھے صرف ایک نہیں بلکہ کئی عوامل کارفرما رہے ہیں۔

آج کا دور پہلے سے بالکل مختلف ہے۔ اب ہم ایک ایسے زمانے میں رہتے ہیں جہاں سوشل میڈیا نے پوری دنیا کو ایک دوسرے سے جوڑ دیا ہے۔ سنیما کے ذریعے مسلمانوں کی جو تصویر پیش کی جاتی رہی ہے، اس کے علاوہ اب سوشل میڈیا بھی ہماری زندگی کا ایک ناگزیر حصہ بن چکا ہے، جس کے اپنے منفی پہلو بھی ہیں۔ دوسری طرف سیکڑوں نیوز چینل ہیں جو اپنے ناظرین، ٹی آر پی اور اپنے مخصوص ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے مسلمانوں کی ایک خاص قسم کی تصویر پیش کرتے ہیں۔

آج حالات بالکل مختلف ہیں اور 40 سال پہلے بہار کے ایک چھوٹے سے شہر گیا میں ہماری زندگی جس طرح گزرتی تھی، اس کے مقابلے میں موجودہ صورت حال میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ 140 کروڑ کی آبادی والے ملک میں آج تقریباً ہر شخص کے پاس موبائل فون ہے۔ کوئی بھی شخص ویڈیو بنا کر فوراً اپ لوڈ کر سکتا ہے اور وہ ویڈیو معاشرے کے مختلف طبقوں میں تیزی سے وائرل ہو سکتی ہے۔ اگرچہ ایسے واقعات حقیقت پر مبنی ہو سکتے ہیں، لیکن ان کی تشہیر اور پھیلاؤ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ نیوز چینلوں کا معاملہ بھی ایسا ہی ہے، جو زیادہ ٹی آر پی حاصل کرنے کے لیے اپنے مخصوص ایجنڈے کے مطابق خبریں پیش کرتے ہیں۔ ذرا تصور کیجیے کہ اگر آج سوشل میڈیا موجود نہ ہوتا تو شاید یہی مسائل اتنے بڑے دکھائی نہ دیتے اور کسی کونے میں چھوٹی سی خبر بن کر رہ جاتے۔

مسائل اپنی جگہ موجود رہتے، لیکن ان کی تشہیر اور شدت میں نمایاں کمی آ جاتی اور شاید امتیازی سلوک بھی اتنا نمایاں ہوکر سامنے نہ آتا۔ یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اقلیتوں کو ہمیشہ چیلنجز کا سامنا رہا ہے اور یہ مسئلہ صرف ہندوستان تک محدود نہیں ہے۔ امریکہ، برطانیہ جیسے نام نہاد مہذب ممالک میں بھی اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی صورتیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ بعض اوقات وہاں بھی صورت حال انتہائی غیر معقول اور وحشیانہ ہوتی ہے اور حقوق کے معاملے میں ان ملکوں کا رویہ مضحکہ خیز حد تک مایوس کن نظر آتا ہے۔

awaz

اصل سوال یہ ہے کہ قطبی تقسیم کے اس ماحول میں مسلمان آگے کیسے بڑھیں؟ ہندوستانی مسلمان اس معاشرے کا ہمیشہ سے ایک لازمی حصہ رہے ہیں۔ اگرچہ موجودہ چیلنجز کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، لیکن یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ کوئی بھی صورت حال ہمیشہ قائم نہیں رہتی۔ معاشرے میں بہت سی اچھی باتیں بھی موجود ہیں۔ مثال کے طور پر ہندوستانی مسلمان اور دیگر اقلیتیں بھی ملک میں فلاحی اسکیموں سے وہی فائدے حاصل کرتی ہیں جو دوسرے شہریوں کو ملتے ہیں۔ ان میں پردھان منتری آواس یوجنا، سرکاری اور نجی تعلیمی وظائف، جہاں لاگو ہوں وہاں سبسڈی اور کاروبار کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولتیں شامل ہیں۔ چھوٹی ہوں یا بڑی، سرکاری سہولتوں سے فائدہ اٹھانے میں مسلمان بھی برابر کے شریک ہیں۔ جیسا کہ میں نے کہا، ماضی میں بھی امتیازی سلوک موجود تھا، آج بھی ہے اور مستقبل میں بھی اس کے امکانات سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ لیکن اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ آپ ان حالات کو کس نظر سے دیکھتے ہیں اور اپنے مسائل کا حل کس طرح تلاش کرتے ہیں۔

معاشرے کی مثبت خوبیوں کے بارے میں آپ کا رویہ کتنا تعمیری ہے اور ایک فرد کی حیثیت سے آپ اپنے اردگرد کے لوگوں کے ساتھ براہِ راست رابطے کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کے لیے کیا کوشش کرتے ہیں۔ چیلنجز اپنی جگہ موجود ہیں، لیکن مسلمانوں کو اپنی سماجی شبیہ بہتر بنانے کے لیے بھی کام کرنا چاہیے۔ سب سے پہلے ضروری ہے کہ وہ دوسری برادریوں کے لوگوں کے ساتھ میل جول بڑھائیں۔ اگر وہ پہل کرکے دوسروں سے رابطہ قائم کریں گے تو رفتہ رفتہ اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ جہاں بھی موقع ملے، انہیں دوسرے لوگوں سے گھلنے ملنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ محض ایک چھوٹا سا اشارہ، مثلاً کسی کو ’’نمستے‘‘ کہنا بھی بڑا فرق پیدا کر سکتا ہے۔

دوسری بات یہ ہے کہ جس طرح ماضی میں ہوتا رہا ہے، تہوار باہمی میل جول اور اتحاد کے بہترین مواقع ہیں۔ یہ مختلف برادریوں کو ثقافتی طور پر ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔ آج بھی، صدیوں سے ساتھ رہنے کے باوجود، ایک دوسرے کے مذاہب، ثقافت، کھانے پینے کی عادات اور طرزِ زندگی کے بارے میں لوگوں کے درمیان بڑی خلیج موجود ہے۔ اس فاصلے کو کم کرنے کا ایک بہترین طریقہ یہ ہے کہ قومی تہواروں کے موقع پر مختلف برادریوں کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ ملیں اور خوشیوں میں شریک ہوں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ مسلم برادری کی سماجی شبیہ بہتر بنانے کے لیے تعلیمی خود مختاری، اس کے بعد معاشی خود کفالت، شہری زندگی میں فعال شرکت اور سماجی رابطوں کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔

ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور کھلے مکالمے کو فروغ دینے سے ہندوستانی مسلمان غلط فہمیوں اور دقیانوسی تصورات کو توڑ سکتے ہیں اور زیادہ مضبوط و مربوط معاشرے کی تشکیل میں مدد دے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں تعلیم اور ہنر مندی کو اولین ترجیح دینی ہوگی۔ اعلیٰ تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ جدید تعلیم اور دینی تعلیم کے ساتھ پیشہ ورانہ ڈگریوں اور جدید ہنر کو بھی اہمیت دینی چاہیے، تاکہ مسلمان موجودہ دور کی ملازمتوں اور مسابقتی ماحول میں مؤثر طریقے سے اپنا مقام بنا سکیں۔ لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم و ترقی کی حمایت بھی بے حد ضروری ہے۔ خواتین کو تعلیم یافتہ بنانے سے پورے خاندان پر مثبت اثر پڑتا ہے۔

awaz

اس سے خاندان غربت کے دائرے سے باہر نکلنے کے قابل ہوتے ہیں اور آنے والی نسلوں کو بااختیار بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اسی طرح مسلم اقلیتوں کے لیے حکومت اور نجی اداروں کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعلیمی وظائف سے فائدہ اٹھانا چاہیے، تاکہ تعلیم ادھوری چھوڑنے والے طلبہ کی تعداد کم کی جا سکے۔ سماجی رابطوں اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینا بھی بہت اہم ہے۔ مختلف برادریوں کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے کمیونٹی سینٹرز یا مساجد کے دروازے تہواروں اور خصوصی مواقع پر عام لوگوں کے لیے کھولے جا سکتے ہیں۔

اس کے ساتھ مشترکہ ثقافتی تاریخ کو اجاگر کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ باہمی تعلقات اور قربت بڑھانے کے ایسے اور بھی بہت سے طریقے ہو سکتے ہیں۔ آخر میں، میں یہی کہنا چاہوں گا کہ اگرچہ آج بہت سی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مسلمان مختلف طرح کے مسائل اور مظلومیت کا شکار ہیں، لیکن اس کے باوجود ہر شخص کے لیے مثبت سوچ اپنانا انتہائی ضروری ہے۔ آپ کہیں بھی رہتے ہوں، کوئی بھی کام کرتے ہوں، حالات جیسے بھی ہوں، زندگی کو مثبت انداز میں دیکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔