
محمد رضی الاسلام ندوی
سکریٹری شریعہ کونسل جماعت اسلامی ہند
اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے ، جو انسانوں کی روحانی تربیت کے ساتھ ان کی جسمانی ، سماجی اور ماحولیاتی پاکیزگی پر بھی زور دیتا ہے ۔ صفائی ستھرائی اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے ۔ ایک مسلمان کی زندگی عبادت ، اخلاق اور معاملات ہی سے نہیں ، بلکہ اس کے رہن سہن ، لباس ، گھر اور ماحول کی پاکیزگی سے بھی پہچانی جاتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام نے طہارت کو ایمان کا حصہ قرار دیا ہے اور انسانی زندگی کے ہر گوشے میں صفائی کا اہتمام کرنے کی تعلیم دی ہے ۔
_(1).gif)
اسلام نے انسان کو ظاہری اور باطنی دونوں طرح کی پاکیزگی اختیار کرنے کی تلقین کی ہے ۔ جسم ، لباس ، گھر ، راستہ اور ماحول ، سب کی صفائی مطلوب ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے:
الطُّهُورُ شَطْرُ الْإِيمَانِ ( مسلم :223)
” پاکیزگی نصف ایمان ہے۔“
اسی طرح ایک حدیث میں ہے کہ آپ نے فرمایا:
إِنَّ اللَّهَ طَيِّبٌ يُحِبُّ الطَّيِّبَ ، نَظِيفٌ يُحِبُّ النَّظَافَةَ (ترمذی : 2799)
” اللہ پاک ہے ، پاکیزگی کو پسند فرماتا ہے ، صاف ستھرا ہے ، صفائی کو پسند کرتا ہے۔“
یہ تعلیمات واضح کرتی ہیں کہ صفائی صرف ایک سماجی ضرورت نہیں ، بلکہ ایک دینی فریضہ اور اسلامی تہذیب کا اہم حصہ ہے ۔
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے:
إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ التَّوَّابِينَ وَيُحِبُّ الْمُتَطَهِّرِينَ(البقرۃ :222)
” بے شک اللہ توبہ کرنے والوں اور پاک رہنے والوں سے محبت کرتا ہے ۔“
ایک اور مقام پر فرمایا:
وَثِيَابَكَ فَطَهِّرْ(المدثر :4)
” اور اپنے کپڑوں کو پاک رکھو۔“
اسلامی عبادات میں بھی طہارت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ۔ نماز کے لیے وضو ، بعض مواقع پر غسل ، کپڑوں اور جگہ کی پاکیزگی ، یہ سب اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسلام صفائی کو انسانی زندگی کا لازمی حصہ بنانا چاہتا ہے ۔ یہاں تک کہ راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹا دینا بھی صدقہ قرار دیا گیا ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے:
إِمَاطَةُ الْأَذَى عَنِ الطَّرِيقِ صَدَقَةٌ(بخاری : 2472 ، مسلم : 1009)
” راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹا دینا صدقہ ہے۔“
ایک طرف حفظانِ صحت اور صفائی ستھرائی کے بارے میں اسلام کی یہ تعلیمات ہیں ، دوسری طرف یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے کہ آج کل بہت سے مسلمان ان اسلامی تعلیمات سے غافل ہیں ۔ وہ عبادات کا تو اہتمام کرتے ہیں ، مگر صفائی ، نظم و ضبط اور ماحول کی پاکیزگی کو نظر انداز کر دیتے ہیں ۔ گھروں کے اندر صفائی کا اہتمام تو کسی حد تک کرتے ہیں ، لیکن گلیوں ، راستوں اور عوامی مقامات کی صفائی کی طرف کم توجہ دیتے ہیں ۔
یہ طرزِ عمل نہ صرف اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے ، بلکہ اس سے اسلام کی اجتماعی شبیہ بھی متاثر ہوتی ہے ۔ ایک مسلمان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ جہاں رہے ، پاکیزگی ، خوش نظمی اور حسنِ ماحول کا نمونہ بنے ۔
خاص طور سے عید الاضحیٰ کے موقع پر یہ مسئلہ زیادہ نمایاں ہو جاتا ہے ۔ قربانی ایک عظیم عبادت اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنّت ہے - مسلمان الحمد للہ جوش و خروش کے ساتھ اس سنّت کو انجام دیتے ہیں ، لیکن اس موقع پر صفائی ستھرائی کا خیال نہیں رکھتے - بعض مسلم محلوں میں قربانی کے بعد آلائشیں ، خون اور جانوروں کا فضلہ کافی دنوں تک گلیوں اور سڑکوں پر پڑا رہتا ہے ، جس سے شدید گندگی ، بدبو اور بیماریوں کے پھیلنے کا اندیشہ پیدا ہو جاتا ہے ۔
بسا اوقات یہ منظر اسلام کی خوب صورت تعلیمات کے بالکل برعکس محسوس ہوتا ہے ۔ غیر مسلم حضرات بھی مسلمانوں کے طرزِ عمل کو دیکھ کر ناگواری محسوس کرتے ہیں ، اس لیے ضروری ہے کہ قربانی کے عمل کے ساتھ صفائی اور نظم کا بھی مکمل اہتمام کیا جائے ۔ آلائشوں کو مناسب جگہ دفن کرنا یا بلدیاتی نظام کے حوالے کرنا ، خون اور گندگی کو فوراً صاف کرنا اور ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے ۔
آج اس بات کی سخت ضرورت ہے کہ مسلمانوں میں صفائی کے تعلق سے شعور بیدار کیا جائے ۔ ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ صفائی صرف اپنے گھر کے اندر تک محدود نہیں ، بلکہ گھر کے باہر کی گلی ، سڑک اور محلہ میں صفائی ستھرائی کو ملحوظ رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے ۔ ایک اچھا مسلمان وہ ہے جس سے دوسروں کو تکلیف نہ پہنچے اور جس کا ماحول دوسروں کے لیے راحت کا سبب بنے ۔
ائمۂ مساجد ، علماء ، سماجی تنظیمیں اور تعلیمی ادارے اس موضوع پر عوام میں بیداری پیدا کریں ۔ خاص طور پر عید الاضحیٰ سے پہلے صفائی ، حفظانِ صحت اور قربانی کے آداب کے تعلق سے مہم چلائی جائے ۔ بچوں کو بھی شروع سے صفائی کی عادت ڈالی جائے ، تاکہ معاشرہ ایک پاکیزہ اور مہذب معاشرہ بن سکے ۔
اسلام نے صفائی اور حفظانِ صحت کو غیر معمولی اہمیت دی ہے ۔ قرآن و حدیث کی تعلیمات ہمیں پاکیزگی ، نظم اور حسنِ ماحول کا درس دیتی ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں ، خاص طور پر اجتماعی مواقع اور عید الاضحیٰ جیسے ایام میں صفائی کا غیر معمولی اہتمام کریں ۔ اگر ہم نے اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنے گھروں اور محلوں کو صاف ستھرا رکھا تو نہ صرف ہمارا سماج صحت مند ہوگا ، بلکہ ہمارا یہ عمل برادرانِ اسلام کے درمیان اسلام کے بہترین تعارف کا ذریعہ بنے گا - اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے، آمین-