سب سے طویل اور سب سے چھوٹا: فن لینڈ میں 23 گھنٹےاور چلی میں 10 گھنٹے کا ہوگا روزہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-04-2021
استنبول کا ایک منظر
استنبول کا ایک منظر

 

 

 نئی دہلی ۔ رمضان المبارک نے دستک دے دی،ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ساتھ روزے  اور رمضان کے سلسلے میں انوکھی معلومات بھی سامنے آنے لگتی ہے۔اس بار ایشیائی ممالک میں سخت گرمی ہے۔ مگر دنیا کے کچھ خطہ ایسے ہیں جہاں سردی ہے۔ م۔یعنی کہ اگر ہمارے سانے روزے طویل ہونگے تو کسی خطہ میں مختصر۔

یعنی کہ  روزے کا دورانیہ کہیں انتہائی طویل اور کہیں نہایت مختصر ہو گا۔عالمی اداروں کے مطابق، شمالی نصف کرہ میں روزے کے اوقات طویل ہوں گے جبکہ جنوبی نصف کرے میں قدرے مختصر ہوں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جن علاقوں میں یومِ صیام کا دورانیہ چھوٹا ہے وہاں موسم قدرے ٹھنڈا بھی ہے۔گزشتہ برس رمضان کے اوقات 11 سے 22 گھنٹے کے درمیان تھے اور اس سال 10 گھنٹے سے لے کر 21 گھنٹے پر محیط ہوں گے۔ پورے رمضان میں طلوعَ آفتاب اور سورج غروب ہونے کے فرق کی وجہ سے روزے کے اوقات میں چند منٹوں کا فرق نمایاں رہے گا یعنی بعض ممالک میں روزہ بتدریج بڑا اور کچھ علاقوں مختصر ہوتا چلاجائے گا۔

اس سال دنیا میں سب سے طویل روزے کا دورانیہ فِن لینڈ میں 23 گھنٹے 5منٹ کا ہوگا۔اس طرح سب سے مختصر روزہ چلی میں 10 گھنٹے کا ہوگا۔۔

اسٹاک ہوم، سویڈن میں روزہ ساڑھے 19 گھنٹے، روس کے شہر ماسکو کو مرکز بنایا جائے تو روزے کا اوسط دورانیہ 19 گھنٹے کا ہوگا، جبکہ لندن ، بیلجیئم اورقازقستان کے شہر استانہ میں روزہ ساڑھے اٹھارہ گھنٹے پر محیط ہوگا۔ جبکہ پاکستان، ایران، چین اور نیویارک میں روزےدار ساڑھے سولہ گھنٹے کا طویل روزہ رکھیں گے، دوسری طرف ٹوکیو، افغانستان اور مراکش میں روزہ 16 گھنٹے طویل ہو گا۔

جبکہ اوسط اور مختصر روزے جن ممالک میں رکھے جائیں گے وہ یہ ہیں: مصر میں روزہ ساڑھے پندرہ گھنٹے جبکہ نئی دہلی، ہانگ کانگ اور بنگلہ دیش کا روزہ پندرہ گھٹے پر محیط ہوگا دوسری جانب مشرق وسطی میں اسی طرح قطر، اومان، بحرین، شام، لبنان اور سعودی عرب میں روزہ اوسطاً پندرہ گھنٹے طویل ہوگا۔

عرب و خلیجی ممالک میں روزے کا دورانیہ 13 سے 16 گھنٹےکا ہوگا جبکہ مکہ مکرمہ میں 13 گھنٹے51 منٹ اور آخری ایام میں روزے 14 گھنٹے7 منٹ پر محیط ہوں گے۔ سعودی میڈیا کے مطابق الجزائر، تیونس میں ابتدائی روزوں کادورانیہ 14 گھنٹے39 منٹ ہوگا اور آخری ایام کے دوران روزوں کا دورانیہ 15 گھنٹے 50 منٹ کا ہوگا۔یمن اور ایتھیوپیا کا روزہ 14 گھنٹے، ملائیشیا میں ساڑھے 13 گھنٹے جبکہ برازیل، انگولا اور انڈونیشیا کا روزہ 13 گھنٹے پر ہوگا۔

اس طرح سب سے مختصر روزے زمبابوے میں ساڑھے بارہ گھنٹے، جنوبی افریقہ میں 12 گھنٹے، آسٹریلیا میں روزہ ساڑھے 11گھنٹے جبکہ چلی میں 10 گھنٹے کا ہوگا۔۔

دنیا کے متعدد ممالک کے مختلف علاقوں میں روزے کا دورانیہ مختلف بھی ہوسکتا ہے تاہم بعض ممالک میں حکومت کی جانب سے ایک ہی دورانیہ مقرر کیا جاتا ہے۔ دنیا کے ایسے ممالک بھی ہیں جہاں دن اور رات کے درانیے میں کافی فرق ہے اور کئی ممالک میں دن محض 4 سے 5 گھنٹے کا ہوتا ہے، تو ایسے ممالک کی حکومتیں ہر سال مذہبی علما کی مشاورت کے ساتھ روزے کے دورانیے کے حوالے سے وقت کا اعلان کرتے ہیں اور ایسے ممالک میں عام طور پر 15 سے 18 گھنٹے دورانیے کا روزہ ہوتا ہے۔