ہندولڑکی درگاہ کلیرشریف کے اندر جانا چاہتی ہے، سیکورٹی کا کورٹ سے مطالبہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 11-05-2023
ہندولڑکی درگاہ کلیرشریف کے اندر جانا چاہتی ہے، سیکورٹی کا کورٹ سے مطالبہ
ہندولڑکی درگاہ کلیرشریف کے اندر جانا چاہتی ہے، سیکورٹی کا کورٹ سے مطالبہ

 

نینی تال: اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے مدھیہ پردیش کی ایک ہندو لڑکی کی جانب سے روڑکی میں کلیرشریف درگاہ میں فاتحہ پڑھنے کے لئے اسے سیکیورٹی فراہم کرنے پر حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی لڑکی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے عدم تحفظ کے پیش نظر مقامی تھانے میں درخواست جمع کرائے۔

مدھیہ پردیش کے نیمچ کے رہنے والے بھاونا اور فرمان کی جانب سے ایک عرضی دائر کی گئی ہے جس میں عدالت سے پیران کلیر درگاہ میں فاتحہ پڑھنے کی اجازت مانگی گئی ہے اور انہیں سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس معاملے کی سماعت چیف جسٹس وپن سنگھی اور جسٹس راکیش تھپلیال کی ڈبل بنچ میں ہوئی۔

درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ وہ روڑکی کے روشن آباد میں جڑی بوٹیوں کی فیکٹری میں کام کرتی ہے۔ اس کا مقامی پیران کلیر درگاہ پر عقیدہ ہے۔ وہ درگاہ میں فاتحہ پڑھنا چاہتی ہے۔ اسے بنیاد پرست تنظیموں سے خطرہ ہے۔ اس لیے اسے سیکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ فاتحہ پڑھنے کی اجازت دی جائے۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پیش ہونے پر عدالت نے لڑکی سے پوچھا کہ وہ درگاہ میں ہی دعا کیوں پڑھنا چاہتی ہے، گھر پر بھی پڑھی جاسکتی ہے۔

جواب میں اس نے کہا کہ وہ درگاہ پر ایمان رکھتی ہے اور اس سے متاثر ہے۔ اس لیے وہ وہاں پڑھنا چاہتی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل شیتل سیلوال نے کہا کہ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ درگاہ جانے سے پہلے وہ مقامی پولیس اسٹیشن میں درخواست دیں تاکہ انہیں سیکورٹی فراہم کی جاسکے۔ عدالت نے حکومت سے اگلی تاریخ تک اس معاملے میں اپنا جواب داخل کرنے کو بھی کہا ہے۔