کورونا وائرس: دنیا کے بلند ترین مقام ’ایورسٹ‘ پر بھی پہنچ گیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
جائیں تو جائیں کہاں ۔۔۔۔
جائیں تو جائیں کہاں ۔۔۔۔

 

 

منصور الدین فریدی ۔ نئی دہلی

لیجئے! کورونا وائرس نے’ایورسٹ‘ کو بھی فتح کرلیا ہے۔ دنیا کے کونے کونے میں پھیلا کورونا وائرس اب دنیا کے سب سے بلند مقام پر پہنچ چکا ہے۔جس کے بارے میں کسی نے سوچا نہیں تھا اب وہ بھی ہوگیا ہے۔ اب دنیا کے بلند ترین مقام یعنی ماؤنٹ ایورسٹ پر کووڈ 19 کا اولین کیس سامنے آیا ہے۔نیپال نے اس کی تصدیق کردی ہے اور اب سوال یہ ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کی کونسی جگہ رہ گئی ہے۔کورونا نے ایورسٹ کو بھی نہیں بخشا۔

حیران کن مگر سچ

 کورونا کے ایورسٹ پر پہنچنے کے بارے میں نیپالی حکام نے بتایا ہے کہ دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے کے خواہشمند کوہ پیماؤں میں سے ایک میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے۔ماؤنٹ ایورسٹ کو کوہ پیماؤں کے لئے حال ہی میں سخت پابندیوں کے ساتھ کوہ پیماؤں کے لئے کھولا گیا تھا۔ مارچ 2021 میں طویل عرصے بعد ماؤنٹ ایورسٹ کو کوہ پیماؤں کے لئے کھولا گیا تھا اور ان پر ٹیسٹ اور سماجی دوری جیسی پابندیوں کا اطلاق کیا گیا تھا۔مگر بیشتر کوہ پیماؤں نے پابندیوں کی پروا نہیں کی، فیس ماسک یا سماجی دوری جیسی تدابیر پر بیس کیمپ میں قیام کے دوران عمل نہیں کیا گیا۔

سماجی دوری کو کیا نظر انداز

 نیپال کے سی آئی ڈبلیو ای سی ہاسپٹل کی میڈیکل ڈائریکٹر پراتویا پانڈے نے بتایا کہ بیس کیمپ کے حکام نے کوہ پیماؤں کو ایک دوسرے سے دور رکھنے کی کوشش کی تھی۔ وزارت صحت کے ساتھ مل کر کوہ پیماؤں اور عملے کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کی کوشش کی تھی۔نیپال کے محکمہ سیاحت کے سربراہ رودرا سنگھ نے بتایا کہ ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں اور ہمیں کوہ پیمائی معیشت کو بچانا ہے۔

پہلا کیس

 پہلا کوہ پیما گزشتہ ہفتے بیمار ہوا تھا اور یہ خیال کیا گیا تھا کہ اتنی اونچائی کے نتیجے میں لاحق ہونے والی بیماری سے متاثر ہے، مگر جب اسے بیس کیمپ سے کھٹمنڈو ہیلی کاپٹر سے منتقل کیا گیا تو ٹیسٹ سے کووڈ کی تشخیص ہوئی۔

 نیپال میں جنوری 2021 میں ایسٹرا زینیکا ویکسین سے ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا گیا تھا جو ہندوستان نے فراہم کی تھی مگر مارچ میں سپلائی نہ ملنے سے اسے روکنا پڑا۔ابھی کوئی باضابطہ اعلان تو نہیں ہوا مگر بیس کیمپ پر کووڈ کیس کی تشخیص کے بعد امکان ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ پر کوہ پیمائی کا سیزن آگے نہیں بڑھ سکے گا۔