کیڈبری کااشتہار: شاہ رخ خان اور پاکستانی شیروانی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-10-2021
کیڈبری کااشتہار: شاہ رخ خان اور پاکستانی شیروانی
کیڈبری کااشتہار: شاہ رخ خان اور پاکستانی شیروانی

 

 

آواز دی وائس : شاہ رخ خان نام ہی کافی ہے۔ بالی ووڈ کا بے تاج بادشاہ ۔ آجکل ایک تنازعہ کا شکار ہے مگر وہ تنازعہ ان کی ذات سے نہیں بلکہ ان کی اولاد سے جڑا ہے،جی ہاں بات کررہے ہیں آریان خان کی جو منشیات کیس میں جیل میں ہے۔ دنیا کی نظر اس سے زیادہ شاہ رخ خان پر مرکوز ہے۔ یقینا اس نازک وقت میں شاہ رخ خان اپنی زندگی کے سب سے بڑے امتحان سے گزر رہے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر ہمدردوں کے ساتھ نقاد بھی ہیں ۔لیکن اس دوران ایک ’اشتہار‘ ایسا آیا جس نے اچانک شاہ رخ خان کو سب کا آنکھوں کا تارا بنا دیا ۔

ایک برطانوی چاکلیٹ بنانے والی کمپنی کیڈبری نے دیوالی کے موقع پر ایک اشتہار بنایا ہے جس کا مقصد دیوالی کے تہوار کے موقع پر چھوٹے کاروباری حضرات کی مدد کرنا ہے اور اس اشتہار کے لیے انہوں نے انتخاب کیا سب سے بڑے اسٹار شاہ رخ خان کا۔

برطانوی کمپنی کا اشتہار میں کہنا ہے کہ چھوٹے کاروباری افراد کی مدد کرنے کے لیے انہوں نے ’ہندوستان کے سب سے بڑانڈ ایمبیسیڈر‘ شاہ رخ خان کو ان کاروباری افراد کا برانڈ ایمبیسیڈر بنا دیا ہے۔

اس اشتہار میں شاہ رخ خان لوگوں کو یہ ترغیب دے رہے ہیں کہ وہ اپنی دیوالی کے کپڑے، جوتے، موبائل اور مٹھائی وغیرہ اپنے گھر سے قریب والی دکانوں سے خریدیں۔ کیڈبری کے اس اشتہار کو سوشل میڈیا پر بھی بے پناہ پزیرائی مل رہی ہے۔

بالی وڈ کے ’کنگ‘ کہلانے والے اداکار شاہ رخ خان کے ستارے آج کل اپنے بیٹے آریان خان کی ایک منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد گردش میں ہیں لیکن پھر بھی دنیا کی چاکلیٹ بنانے والی سب سے بڑی کمپنی کیڈبری نے انہیں اپنے اشتہار میں لیا۔

پاکستانی شیروانی

 اس اشتہار میں شاہ رخ خان نے کریم کلر کی ایک شیروانی پہن رکھی ہے اور یہ شیروانی کسی ہندوستانی ڈیزائنر نے نہیں بلکہ ایک پاکستانی ڈیزائنر نے بنائی ہے۔

 یہ شیروانی پاکستان کے مشہور ڈیزائنر فراز منان نے تیار کی ہے۔

اپنی انسٹاگرام سٹوری میں فراز منان نے شاہ رخ خان کی تصویر لگاتے ہوئے کہا کہ بالی وڈ کے ’کنگ‘ نے فراز منان کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ فراز منان نے کسی انڈین سٹار کے لیے کپڑے ڈیزائن کیے ہوں۔ اس سے قبل وہ کرینہ کپور خان، مادھوری ڈکشٹ، جیکلین فرننڈس اور سری دیوی کے لیے بھی ملبوسات ڈیزائن کرتے رہے ہیں۔

 فراز منان اپنے کام کے بل بوتے پر مسالا اور لکس سٹائل جیسے ایوارڈز بھی جیت چکے ہیں۔

تین سال قبل ایک انڈین فیشن میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے فرازمنان نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی تعلیم فاننس کے شعبے میں پوری کی تھی اور کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ایک ڈیزائنر بنیں گے لیکن ان کی والدہ ایک ڈیزائنر تھیں اور انہی سے متاثر ہوکر وہ خود بھی اس شعبے کی طرف آئے۔

 اسی انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ کرینہ کپور خان کی بہن کرشمہ کپور کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں اور انہی کے توسط سے ان کی دوستی کرینہ کپور سے ہوئی۔

سوشل میڈیا پر واہ واہ 

 مشہور انڈین اداکارہ ہما قریشی نے اس اشتہار کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’کیا خوبصورت اشتہار ہے! دیوالی سب کی میٹھی ہونی چاہیے۔ اپنے نزدیک چھوٹے اور لوکل کاروبار کو سپورٹ کریں۔

انڈین ٹی وی اور فلم کی اداکارہ شروتی سیٹھ نے یہ اشتہار شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ’ایک اور وجہ ہے کیڈبری اور شاہ رخ خان سے محبت کرنے کی۔‘

awaz

 ٹوئٹر صارف منوج کیولرامانی نے لکھا کہ اس اشتہار میں شاہ رخ خان اور کیڈبری کا تال میل بہت سمارٹ تھا اور انہوں نے بھی بالی وڈ میں کنگ خان کہلائے جانے والے اداکار سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

مانڈوی گایتری شرما نامی صارف نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاہ رخ خان وہ دل ہیں جو لاکھوں لوگوں کو مسکراہٹ دیتے ہیں۔

شاہ رخ خان آج کل ذاتی زندگی میں مشکلات کا شکار ہیں جس کی وجہ ان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری ہے اور وہ اب بھی جیل میں بند ہیں۔

-ڈاکٹر اشیش گپتا نامی صارف نے اس اشتہار میں شاہ رخ خان کو لینے پر کیڈبری پر تنقید کرنے ہوئے کہا کہ ’کیڈبری کو اپنے برانڈ کے فروغ کے لیے منشیات کیس کے ایک ملزم کے خاندان کی ضرورت ہے۔ کیا اس طرح وہ معاشرے میں منشیات کو فروغ دے رہے ہیں۔‘