عارف حسین :حیدرآباد کا ’ایم بی اے‘ لیمو پانی والا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
عارف حسین :حیدرآباد کا ’ایم بی اے‘ لیمو پانی والا
عارف حسین :حیدرآباد کا ’ایم بی اے‘ لیمو پانی والا

 

 

شیخ محمد یونس : حیدرآباد

 

انجام اس کے ہاتھ ہے آغاز کرکے دیکھ

بھیگے ہوئے پروں سے ہی پرواز کرکے دیکھ

میں سماج میں خود کی الگ پہچان اور شناخت بنانے کا خواہاں ہوں۔محنت میں کوئی عیب نہیں ہوتا۔کوئی بھی پیشہ چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا۔چھوٹی چھوٹی کوششوں کے ذریعہ ہی بڑے بڑے مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔یہ تاثرات شہر حیدرآباد کے '' ایم بی اے لیمو پانی والا'' محمد عارف حسین کے ہیں۔جو کہ لبرٹی چوراہا بشیر باغ پر ایک اسٹال  پر مختلف اقسام کے لیمو پانی فروخت کرتے ہیں۔

ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کرنے والےمحمد عارف حسین کے عزائم کافی بلند ہیں۔انہوں نے ایک اسٹال سے سے اپنے بزنس کا آغاز ضرور کیا ہے مگران کے خواب بڑے ہیں عزائم بلند ہیں،وہ اس بزنس کو نئی بلندی دینا چاہتے ہیں ۔  ان کی اس پہل کو اہل خاندان نے بھی پسند نہیں کیا تھا مگر وہ چاہتے تھے کہ روزگارکا انتظار کرنے سے بہتر ہے کہ آپ خود مواقع پیدا یا تلاش کریں ۔

مارکٹ کا سروے

محمد عارف حسین نے اچانک لیمو پانی فروخت کرنے کا فیصلہ نہیں کیا بلکہ اس بزنس کے آغاز کیلئے انہوں نے پرائمری مارکٹ ریسرچ کے ذریعہ حالات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ایم بی اے کی تکمیل کے بعد عارف حسین نے اوبیر بائک چلائی جس کا مقصد صرف اور صرف تجارت کے آغاز کیلئے لوگوں سے بات چیت اور ان کی آراء حاصل کرنا تھا۔عارف حسین نے مختلف عوامل پر غور و خوض کے بعد لیمو پانی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔چونکہ وہ اپنے بل بوتے پر اپنا مقصد حاصل کرنا چاہتے تھے۔اسی لئے اپنے تجارتی مشن کے آغاز کیلئے بنڈی کا سہارا لینے میں کوئی قباحت محسوس نہیں کی۔

خاندان کی مخالفت

عارف حسین نے سڑکے کنارے بنڈی پر لیمو پانی کی فروخت کا فروری 2021سے آغاز کیا۔تب سے لیکر آج تک انہیں افراد خاندان کی مخالفت کا سامنا ہے۔عارف حسین نے 60 ہزار روپے کے صرفہ سے اپنے بزنس کا آغاز کیا ۔ان کے پاس اتنی بھی رقم موجود نہیں تھی ان کے 18 سالہ کزن بھائی سیف نے 30 ہزار روپے اور لندن میں مقیم ان کے دوست فرحان نے 10 ہزار روپے کی مدد کی۔

awazurdu

اسٹال کے سامنے کھڑے عارف حسین


 صحت اور صفائی پر خصوصی توجہ

محمد عارف حسین حفظان صحت اور موثر صفائی پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔لیمو پانی کیلئے منرل واٹر کا استعمال کیا جاتا ہے۔ان کے پاس مختلف اقسام کے لیمو پانی جیسے سوڈا لیمو پانی' پلین لیمو پانی اور ڈرائی آئس لیمو پانی مختلف ذائقوں میں دستیاب ہے۔مارکٹ میں ویسے تو لیمو پانی کے سینکڑوں اسٹال ہیں تاہم عارف حسین کی اسٹال صفائی کے اعتبار سے منفرد اہمیت کی حامل ہیں۔لیمو میں صرف کولڈرنک میں '' لمکا برانڈ موجود ہے اور عارف حسین اپنے مختلف اقسام کے لیمو پانی کو برانڈ بنانا چاہتے ہیں۔وہ مختلف فیسٹ اور ایکسپو ز میں بھی اپنے پراڈکٹ کو پیش کررہے ہیں۔جہاں انہیں حوصلہ افزاء ردعمل حاصل ہورہا ہے۔

تعلیمی پس منظر

محمد عارف حسین دودھ بائولی حسینی علم کے ساکن ہیں انہوں نے مدینہ اسلامک مشن اسکول مغل پورہ سے ابتدائی تعلیم حاصل کی ۔اے آر جونیر کالج شمشیر گنج سے انٹر میڈیٹ مکمل کیا اور سینٹ پال کالج حمایت نگر سے ڈگری کی تکمیل کی۔بعدازاں وہ ڈاکٹر وویک بندرا بزنس اسکول سے ایم بی اے کامیاب کیا۔بچپن ہی سے محمد عارف حسین کو تجارت میں دلچسپی تھی اور آج وہ چھوٹے پیمانے پر ہی سہی اپنے بل بوتے پر بنڈی پر مختلف اقسام کے لیمو پانی فروخت کرتے ہوئے نہ صرف سب کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں بلکہ کافی مشہور بھی ہوگئے ہیں۔

تجارتی گھرانہ

محمد عارف حسین تجارتی گھرانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔انہیں تین بھائی اور دوبہنیں ہیں ان کے والد محمد احمد حسین اور تین بڑے بھائی محمد الطاف حسین' محمد آفتاب حسین اور محمد ابوبکر حسین ملبوسات اور چھالیہ کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔یہی وجہ ہے کہ عارف حسین کا شروع سے ہی بزنس کی طرف رجحان رہا ہے۔تاہم ان کے بزنس کا انداز مختلف اور نرالاہے وہ سماج میں اپنی الگ پہچان بنانے پر ایقان رکھتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود اپنی بزنس کی ابتداء بنڈی پر لیمو پانی فروحت کرنے سے کی ہے اور اپنے بزنس سے وہ مطمئن ہونے کے ساتھ ساتھ خوش بھی ہیں۔

awazurdu

ایم بی اے لیمو پانی 


سرمایہ کاری کی پیشکشیں

قلیل عرصہ میں ہی عارف حسین کا بزنس شہرت حاصل کرچکا ہے۔انہوں نے جب اپنے کاروبار کا آغاز کیا تھا تب انہیں ہر طرف سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم کبھی بھی وہ مایوس اور احساس کمتری کا شکار نہیں ہوئے۔وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ حالات میں بھی خوشگوار تبدیلی آئی۔آج عارف حسین سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر زبردست مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔سب سے پہلے فوڈ بلاگر ڈاکٹر فوڈی نے انسٹا گرام پر ان کا ویڈیو پوسٹ کیا اور تقریباً 3.5ملین افراد نے اس کا مشاہدہ کیا ۔عارف حسین کو ملک بھر سے سرمایہ کاری کی پیشکشیں آرہی ہیں اور وہ فرنچائز بنانے کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

یومیہ 1500 روپے منافع

عارف حسین یومیہ 3ہزار روپے کا لیمو پانی فروخت کرتے ہیں اور انہیں تقریباً 1500 روپے منافع حاصل ہوتا ہے۔وہ تنہا ہی سڑک کے کنارے بنڈی پر دوپہر 12بجے سے شام 6:30بجے تک لیمو پانی فروخت کرتے ہیں۔عارف حسین کا ماننا ہے کہ موسم گرما کے بعد بھی ان کے کاروبار میں کوئی کمی نہیں آئے گی کیونکہ وہ اپنے مختلف اقسام کے لیمو پانی پراڈکٹ کے ذریعہ نوجوانوں پر توجہ مرکوز کئے ہیں اور کوئی بھی موسم ہو نوجوان ٹھنڈے مشروبات بالخصوص لیمو پانی کو استعمال کرتے ہیں۔

awazurdu

اپنی راہ خود تلاش کرنے کی مثال بنے عارف حسین


محنت کوئی عیب نہیں

محمد عارف حسین نے آواز دی وائس کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایم بی اے ہیں اور کوئی بھی بڑی کمپنی میں ملازمت حاصل کرسکتے ہیں تاہم انہیں بچپن ہی سے ملازمت میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر ڈگری حاصل کی ہے اور بزنس پر ہی توجہ دے رہا ہوں۔عارف حسین نے کہا کہ میرے گھر والوں کے علاوہ دوست احباب کا کہنا ہے کہ میں بنڈی لگاکر خاندان کا نام خراب کررہا ہوں۔جبکہ میرا اپنا ماننا ہے کہ سماج میں اپنی منفرد شناخت بنانے کے علاوہ ترقی کے حصول کیلئے محنت میں کوئی عیب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں دنیا کی منفی سوچ کی کوئی پرواہ نہیں ہے ۔وہ خود کو ثابت کرنا چاہتے ہیں اور انہیں پوری توقع ہے کہ آج جو لوگ ان کی شدت سے مخالفت کررہے ہیں وہ مستقبل قریب میں ان کی محنت ' جستجو اور کامیابی کو ضرور سلام کریں گے۔

چھوٹی کوششیں ہی ثمر آور

محمد عارف حسین نے نوجوان نسل کوپیام دیا کہ وہ محنت سے کبھی بھی نہ کترائیں ۔محنت شاقہ کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں ۔مختلف حیلوں اور بہانوں کے ذریعہ اپنے قیمتی وقت کو برباد نہ کریں۔صرف باتیں کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔چھوٹی چھوٹی کوششیں ہی ثمر آور ثابت ہوتی ہیں اور تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ بیشتر بڑے لوگوں نے اپنی کامیاب زندگی کی ابتداء چھوٹے کاموں سے ہی کی تھی۔٭٭٭