انٹر نیشنل یوگا ڈے: یوگا ذہنی صحت سے جسمانی صحت تک پہنچنے کا ایک مؤثر راستہ ہے۔ مودی

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-06-2026
انٹر نیشنل یوگا ڈے:  یوگا ذہنی صحت سے جسمانی صحت تک پہنچنے کا ایک مؤثر راستہ  ہے۔ مودی
انٹر نیشنل یوگا ڈے: یوگا ذہنی صحت سے جسمانی صحت تک پہنچنے کا ایک مؤثر راستہ ہے۔ مودی

 



کولکتہ : ریڈ روڈ پر منعقدہ انٹر نیشنل یومِ یوگا کی بارہویں قومی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہزاروں افراد کے ساتھ مشترکہ یوگا سیشن میں شرکت کی۔ انہوں نے دنیا بھر کے لوگوں کو انٹر نیشنل یومِ یوگا کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اکیس جون سال کے طویل ترین دنوں میں شمار ہوتا ہے اور اب یہ یوگا کے ذریعے انسانیت کے سب سے بڑے اجتماعی جشن کی صورت اختیار کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمالیہ سے لے کر بحر ہند تک اور بنگال و شمال مشرق سے سوراشٹر تک پورا ملک یوگا کے جذبے سے سرشار دکھائی دے رہا ہے۔ ان کے مطابق ملک اور دنیا صحت اور ہم آہنگی کے مشترکہ عزم کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے نظر آتے ہیں اور یہی یوگا کی وحدت پیدا کرنے والی طاقت ہے۔

وزیر اعظم نے کولکتہکے شہریوں کی صفائی سے متعلق مہم میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور شہری ذمہ داری پورے ملک کے لیے مثال بن گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں یوگا دیوس منانے کی خاص اہمیت ہے کیونکہ یہ ریاست عظیم روحانی اور ثقافتی ورثے کی حامل ہے۔ انہوں نے رام کرشن پرم ہنس۔ سوامی وویکانند۔ مہارشی اوروبندو اور لہڑی مہاشے کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات نے روحانیت اور یوگا کی فکر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔نریندر مودی نے کہا کہ یوگا محض جسمانی ورزش کا نام نہیں بلکہ شعور۔ توانائی اور باطنی روشنی کا سرچشمہ ہے جو انسانی زندگی کے ہر مرحلے کو بہتر بناتا ہے۔ انہوں نے اس سال کے موضوع صحت مند بڑھاپا کے لیے یوگا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یوگا انسان کو عمر بڑھنے کے باوجود صحت مند۔ فعال اور پُرجوش رہنے میں مدد دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت مند عمر رسیدگی کا مطلب یہ ہے کہ بڑھتی عمر انسانی صلاحیتوں کو محدود نہ کرے۔ یوگا مسلسل ترقی اور خود کو بہتر بنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو چالیس برس کی عمر میں بیس برس کی نسبت زیادہ لچکدار۔ پچاس برس کی عمر میں تیس برس کی نسبت زیادہ متحرک اور ستر برس کی عمر میں پچاس برس کی نسبت بیماریوں کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہونا چاہیے۔

وزیر اعظم کے مطابق یوگا جسمانی لچک بڑھاتا ہے۔ توانائی برقرار رکھتا ہے۔ ذہنی دباؤ کم کرتا ہے اور ذہنی صحت کو فروغ دیتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ طرزِ زندگی سے وابستہ بیماریوں سے بچاؤ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدہ یوگا انسان کو اپنے جسم اور ذہن کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع دیتا ہے جس سے صحت مند زندگی گزارنے میں آسانی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوگا ہر عمر کے افراد کے لیے مفید ہے اور پوری زندگی صحت۔ خوش حالی اور ذاتی ترقی کا ساتھی بن سکتا ہے۔گیتا کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ متوازن غذا۔ متوازن تفریح۔ متوازن عمل اور مناسب آرام انسان کو دکھ اور تکلیف سے نجات دلانے میں مدد دیتے ہیں۔ ان کے مطابق توازن ہی یوگا کی بنیاد ہے اور ایک کامیاب زندگی کے لیے بھی یہی اصول ضروری ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یوگا صرف جسمانی صحت تک محدود نہیں بلکہ یہ ذہنی آسودگی سے جسمانی تندرستی تک کا راستہ فراہم کرتا ہے۔ یوگا انسان کو صحیح اور غلط میں فرق کرنے کی بصیرت دیتا ہے۔ یہی شعور داخلی سکون پیدا کرتا ہے اور انٹر نیشنل ہم آہنگی کی راہیں بھی ہموار کرتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ یوگا اب صرف ذاتی مشق نہیں رہا بلکہ دنیا کے بہتر مستقبل کے لیے ایک ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ یوگا کو صرف ایک دن یا ایک تقریب تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے روزمرہ زندگی اور آنے والی نسلوں کا حصہ بنایا جائے۔

انہوں نے یوگا تین سو پینسٹھ اقدام کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے تحت سو روزہ آن لائن پروگرام میں ایک سو تیس ممالک کے تیس لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی جو دنیا بھر میں یوگا کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے۔اپنے خطاب کے اختتام پر نریندر مودی نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرہ ہی مضبوط۔ خوش حال اور پراعتماد قوم کی بنیاد بنتا ہے۔ انہوں نے سب کی صحت اور خوش حالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دعا کی کہ تمام لوگ خوش رہیں اور بیماریوں سے محفوظ رہیں۔