نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے خواتین کے لیے ریزرویشن کے معاملے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے ملک کی خواتین سے جو وعدہ کیا ہے، اسے پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کی جدوجہد کئی دہائیوں سے جاری ہے اور وہ بھی طویل عرصے سے اس کوشش کا حصہ رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ کئی خواتین مسلسل ان کے سامنے یہ معاملہ اٹھاتی رہی ہیں اور بہت سی بہنوں نے خط لکھ کر بھی اپنی بات ان تک پہنچائی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’میں جانتا ہوں کہ ملک کی 100 فیصد ناری شکتی کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں۔ میں ملک کی ہر خاتون کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم خواتین ریزرویشن کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو ختم کرکے رہیں گے۔ ہمارا حوصلہ بھی بلند ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ہمت اٹل ہے اور ارادہ بھی پختہ ہے۔ مودی نے خواتین ریزرویشن کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی ناری شکتی کو پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں زیادہ نمائندگی حاصل کرنے سے ہمیشہ نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے کہا، ’’صرف وقت کا انتظار ہے۔‘‘ اس سے قبل جمعہ کو مرکزی کابینہ کی ایک خصوصی میٹنگ ہوئی تھی، جس میں حلقہ بندی سے متعلق نئے خواتین ریزرویشن بل پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے کچھ ترامیم کے ساتھ اس بل کو منظوری دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان ترامیم کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ حلقہ بندی کے بعد لوک سبھا میں کسی ریاست کی نمائندگی دوسری ریاستوں کے مقابلے میں کم نہ ہوجائے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں یہ خصوصی میٹنگ دوپہر ایک بجے سیوا تیرتھ میں ہوئی، جس میں بل کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت 30 نومبر 2026 سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں خواتین ریزرویشن بل منظور کرانا چاہتی ہے۔ حکومت نے اس سے قبل اپریل میں پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران بھی یہ بل پیش کیا تھا، تاہم اسے لوک سبھا کی منظوری نہیں مل سکی تھی۔
اب حکومت کا کہنا ہے کہ اس کے پاس بل منظور کرانے کے لیے ارکان پارلیمنٹ کی کافی حمایت موجود ہے۔ آئینی ترمیمی بل منظور کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔ ذرائع کے مطابق دراوڑ منیترا کژگم (ڈی ایم کے)، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کی جانب سے اس بل کی حمایت کیے جانے کی توقع ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن کے ’انڈیا‘ اتحاد کے اس بل کی مخالفت کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے رہنما ہفتہ کے روز اجلاس کرکے بل کے سلسلے میں اپنی آئندہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔