بھونیشور: اوڈیشہ حکومت نے پانی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے 4 اہم دریاؤں پر پانی ذخیرہ کرنے کے 5 منصوبوں کو انتظامی منظوری دے دی ہے۔ ان منصوبوں پر مجموعی طور پر 625.47 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ ان منصوبوں سے رائے گڑھ، کالاہانڈی، گنجام، بلانگیر اور سون پور اضلاع کے 74 گاؤں میں رہنے والے تقریباً 72,000 لوگوں کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔ ان کے ذریعے پانی کی دستیابی بہتر ہوگی، زیر زمین آبی ذخائر کو دوبارہ بھرنے میں مدد ملے گی اور دیہی معیشت کو سہارا ملے گا۔
حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے 5 منصوبوں میں رائے گڑھ ضلع میں ونش دھارا ندی پر دھوان پدر اور ناگاولی ندی پر ریوتی گوڑہ میں پانی ذخیرہ کرنے کے ڈھانچے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گنجام ضلع میں بہودا ندی پر بھیم پور منصوبہ اور کالاہانڈی ضلع کے بھوانی پٹنا بلاک میں نجھری دارا گاؤں کے قریب مرلی جور منصوبے کو منظوری دی گئی ہے۔ پانچواں منصوبہ کٹاسنگھا بیراج ہے، جو اونگ ندی پر تعمیر کیا جائے گا۔ اونگ ندی، مہاندی ندی کی ایک اہم معاون ندی ہے۔ اس منصوبے سے بلانگیر اور سون پور اضلاع کی آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔
محکمہ آبی وسائل کے ایک سینئر افسر نے بتایا، ’’یہ ڈھانچے دریاؤں کے بہاؤ کے اندر ہی بارش کے موسم کے پانی کو محفوظ رکھنے میں مدد کریں گے، تاکہ پانی کی قلت کے موسم میں بھی اس کی بہتر دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔ ذخیرہ کیا گیا پانی زیر زمین آبی ذخائر کو دوبارہ بھرنے، کنوؤں اور ٹیوب ویلوں کی پائیداری بہتر بنانے اور پانی کی کمی سے متاثرہ آبادیوں کو مشکلات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے میں بھی مددگار ہوگا۔‘
‘ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف گھریلو ضروریات کے لیے پانی دستیاب ہوگا بلکہ آبپاشی، مویشی پالنے اور دیہی روزگار سے جڑی دوسری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ دھوان پدر، مرلی جور اور ریوتی گوڑہ کے منصوبوں سے ماہی پروری اور اس سے متعلق دیگر سرگرمیوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہونے کی توقع ہے، جس سے دیہی علاقوں کے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
یہ منصوبے 2024 سے ریاستی حکومت کی جانب سے دریاؤں کے اندر پانی ذخیرہ کرنے کے پروگرام کو مشن موڈ میں آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد پانی کا تحفظ، قدرتی وسائل کا پائیدار انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط بنانا ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ پانی کی دستیابی بہتر بنانے اور دریائی ماحولیاتی نظام کی مدد سے یہ منصوبے طویل مدت میں ریاست کی آبی سلامتی اور ماحولیاتی توازن کو مضبوط کریں گے۔