دہلی کی آلودگی میں گاڑیوں کے دھوئیں کا سب سے زیادہ حصہ، پرالی جلانے کا اثر کم ہونے کا امکان

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-11-2026
دہلی کی آلودگی میں گاڑیوں کے دھوئیں کا سب سے زیادہ حصہ، پرالی جلانے کا اثر کم ہونے کا امکان
دہلی کی آلودگی میں گاڑیوں کے دھوئیں کا سب سے زیادہ حصہ، پرالی جلانے کا اثر کم ہونے کا امکان

 



نئی دہلی: آنے والے چند دنوں میں دہلی کی فضائی آلودگی میں سب سے زیادہ حصہ ٹرانسپورٹ کے شعبے سے ہونے والے اخراج کا رہنے کا امکان ہے، جبکہ پرالی جلانے سے ہونے والی آلودگی کا حصہ نسبتاً کم رہنے کی توقع ہے۔ جمعرات کی سہ پہر جاری کیے گئے ایک نظرثانی شدہ پیش گوئی میں یہ بات سامنے آئی ہے۔ دہلی کے لیے تیار کیے گئے ’فیصلہ جاتی معاون نظام‘ (ڈی ایس ایس) کے مطابق، جمعرات کو شہر کی مجموعی آلودگی میں گاڑیوں سے ہونے والے اخراج کا حصہ تقریباً 16 فیصد رہنے کا اندازہ ہے، جبکہ پرالی جلانے کا حصہ 8.9 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

جمعہ کو ٹرانسپورٹ کے شعبے سے ہونے والی آلودگی کا حصہ بڑھ کر 18.5 فیصد ہونے کا امکان ہے، جبکہ پرالی جلانے کا حصہ مزید کم ہو کر 5.3 فیصد رہ سکتا ہے۔ ہفتہ کو آلودگی میں گاڑیوں کے دھوئیں کا حصہ 20.5 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ پرالی جلانے سے ہونے والی آلودگی کا حصہ 13.29 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔ یہ نظرثانی شدہ پیش گوئی بدھ کو جاری کیے گئے اندازوں سے مختلف ہے۔ بدھ کے اندازوں میں دہلی کی آلودگی میں پرالی جلانے کے اثرات میں زبردست اضافے کا اشارہ دیا گیا تھا اور خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ جمعرات کو اس کا حصہ تقریباً 20 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔

دریں اثنا، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹرولوجی (آئی آئی ٹی ایم) کی جانب سے آلودگی کے مختلف ذرائع کے حصے سے متعلق جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، بدھ کو ثانوی نامیاتی ایروسول دہلی کی آلودگی کا سب سے بڑا سبب بن کر سامنے آئے۔ ان کا حصہ مجموعی آلودگی میں 22.7 فیصد رہا۔ اس کے بعد گھریلو سطح پر ٹھوس حیاتیاتی ایندھن جلانے کا حصہ 22.3 فیصد تھا۔ آئی آئی ٹی ایم کے ماڈلز کے مطابق، گاڑیوں سے ہونے والے اخراج کا آلودگی میں 19.3 فیصد حصہ رہا، جبکہ ثانوی غیر نامیاتی ایروسول کا حصہ 11.9 فیصد تھا۔ ایروسول سے مراد ہوا میں معلق مائع یا ٹھوس مادے کے انتہائی باریک ذرات ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ثانوی نامیاتی ایروسول کئی ذرائع سے پیدا ہوتے ہیں، جن میں بعض صنعتی سرگرمیاں، ڈیزل اور پٹرول سے چلنے والی گاڑیاں اور حیاتیاتی مادوں کو جلانا شامل ہیں۔ دیوالی کے بعد پیر اور منگل کو آلودگی کا سب سے بڑا سبب بننے والے پٹاخوں کا حصہ بدھ کو تیزی سے کم ہو کر 7.4 فیصد رہ گیا۔ پیر کو دہلی کی مجموعی آلودگی میں پٹاخوں کا حصہ 71.1 فیصد تھا، جو منگل کو کم ہو کر 29.8 فیصد رہ گیا تھا۔ دہلی کا 24 گھنٹے کا اوسط فضائی معیار اشاریہ (اے کیو آئی) بدھ کو بگڑ کر 313 ہو گیا تھا، جبکہ جمعرات کی سہ پہر 3 بجے تک یہ مزید بڑھ کر 342 تک پہنچ گیا۔ اس کے ساتھ ہی دہلی کی ہوا ’انتہائی خراب‘ زمرے میں شامل ہو گئی۔ اس سے ایک دن پہلے یعنی منگل کو معمولی بہتری کے بعد اے کیو آئی 299 ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد ہوا کا معیار ’خراب‘ زمرے میں آ گیا تھا۔ واضح رہے کہ اے کیو آئی 201 سے 300 کے درمیان ہو تو اسے ’خراب‘ اور 301 سے 400 کے درمیان ہو تو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں شمار کیا جاتا ہے۔