اتر پردیش نے کیا کانوڑ یاترا کو منسوخ کرنے کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-07-2021
عدالت لے آئی حرکت میں
عدالت لے آئی حرکت میں

 

 

لکھنؤ: اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے آخرکار کانوڑ یاترا کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ اتراکھنڈ حکومت پہلے ہی کانوڑ یاترا کو منسوخ کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ) اونیش اوستھی اور ڈی جی پی مکل گوئل نے کانوڑ سنگھ سے بات چیت کی تھی۔

 کورونا بحران کے باوجود یوپی حکومت کانوڑ یاترا کرانے پر بضد تھی اور اس معاملہ پر سپریم کورٹ کی جانب سے از خود نوٹس لے کر سماعت کی گئی تھی۔

 اس پر سپریم کورٹ نے یوگی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ کانوڑ یاترا کرانے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے، بصورت دیگر عدالت عظمیٰ پیر کے روز اپنا فیصلہ صادر کر دے گی۔

 سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ یہ ہر ایک کے لئے اہم موضوع ہے اور ہر فرد کی زندگی اہم ہے۔ مذہبی اور دیگر جذبات زندہ رہنے کے بنیادی حق سے بالاتر نہیں ہیں۔ وہیں، مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ کانوڑ یاترا کو اتراکھنڈ جانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیئے۔

 واضح رہے کہ اتراکھنڈ حکومت کے علاوہ راجستھان، بہار، اوڈیشہ اور جھارکھنڈ کی حکومتیں بھی کانوڑ یاترا پر روک لگا چکی ہیں۔ سپریم کورٹ میں پیر کے روز ہونے والی سماعت کے دوران ریاستی حکومت کانوڑ یاترا منسوخ کئے جانے کی اطلاع فراہم کرے گی۔ تاہم یوپی حکومت عقیدت مندوں کو گنگا فراہم کرنے کے حوالہ سے کوئی منصوبہ پیش کر سکتی ہے۔