نئی دہلی: یو ڈی او کے عالمی یوم اردو کے جشن میں ادیبوں، ماہرین تعلیم، اردو اساتذہ اور ہونہار طلبہ و طالبات سمیت متعدد شخصیات کو کیا گیا اعزاز سے سرفراز مظفرنگر۔ اردو محض گفتگو کا ذریعہ نہیں بلکہ ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب، باہمی بھائی چارے، محبت اور مشترکہ ثقافت کی خوبصورت پہچان ہے۔ اس زبان کی مٹھاس اور ادبی روایت نے ہمیشہ لوگوں کو جوڑنے کا کام کیا ہے۔ اردو کے تحفظ، فروغ اور نئی نسل کو اس زبان سے جوڑنے کے لیے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنی ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یو ڈی او) مظفرنگر کے زیر اہتمام عالمی یوم اردو اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب میں مقررین نے کیا۔
سندھاوالی بائی پاس واقع رانا پبلک اسکول میں منعقدہ اس شاندار ادبی و اعزازی تقریب کا عنوان ’’اردو: ایک زندہ و جاوید زبان‘‘ تھا۔ پروگرام میں ادیبوں، ماہرین تعلیم، صحافیوں، دانشوروں اور محبان اردو کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اردو زبان و ادب کی خدمت کرنے والی شخصیات، اساتذہ اور ہونہار طلبہ و طالبات کو اعزازات سے نوازا گیا۔ تقریب نہایت کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی پروفیسر (ڈاکٹر) شہریار، جامعہ ہمدرد نئی دہلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب، باہمی میل جول اور مشترکہ ثقافت کا انمول سرمایہ ہے۔
اس زبان کو مزید ترقی دینے کے لیے تعلیمی اداروں، ادیبوں اور معاشرے کے تمام لوگوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ مہمانِ اعزازی ڈاکٹر انیس احمد نے اردو کی تعلیمی اور ادبی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو اردو سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے اسکولوں اور کالجوں میں اردو کی تعلیم کو فروغ دینا چاہیے۔ علی گڑھ سے تشریف لائے جناب ایس یو خان نے اپنے مؤثر خطاب میں علامہ اقبال کی شخصیت اور ان کی شاعری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کی شاعری محض خوبصورت الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ انسان کو خودداری، خود اعتمادی، بلند حوصلے اور محنت کا پیغام دینے والی شاعری ہے۔ ان کا مشہور شعر: ’’خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے‘‘ آج بھی انسان کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے اور زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ
’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘ جیسے ترانے کے ذریعے علامہ اقبال نے وطن سے محبت اور اتحاد کا پیغام دیا۔ ان کی شاعری آج بھی ہر دور میں لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ جناب جسیم احمد، ایڈیشنل سول جج نے کہا کہ زبان اور ادب لوگوں کو جوڑنے کا کام کرتے ہیں۔ اردو کے فروغ اور اس کی ادبی وراثت کو آگے بڑھانے میں اس طرح کی تقریبات اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
یو ڈی او کے کنوینر تحسین علی عساروی اور اسد فاروقی نے کہا کہ اردو اترپردیش کی دوسری سرکاری زبان ہے، لیکن اس کے باوجود ریاست میں اس کے فروغ اور تعلیم کو عام کرنے کے لیے ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اردو کا تحفظ اور ترقی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ اردو جاننے والوں، ادیبوں، اساتذہ اور سماجی تنظیموں کا بھی فرض ہے۔ اردو کو صرف مشاعروں اور ادبی محفلوں تک محدود رکھنے کے بجائے تعلیم، روزگار اور روزمرہ زندگی میں بھی فروغ دینا چاہیے۔ یو ڈی او اسی مقصد کے تحت مسلسل سرگرم عمل ہے۔
تنظیم کے ضلع صدر کلیم تیاگی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو کسی ایک مذہب یا طبقے کی زبان نہیں بلکہ محبت، تہذیب اور انسانیت کی زبان ہے۔ اس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس نے ہمیشہ مختلف طبقات اور برادریوں کے لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اردو کی تعلیم دلائیں اور اس زبان کی ادبی خوبیوں سے روشناس کرائیں۔ اس موقع پر شمیم قصار نے تنظیم کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ تقریب میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شخصیت، ان کی مشہور شاعری اور اردو ادب میں ان کی خدمات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
مقررین نے کہا کہ اقبال کی تخلیقات آج بھی نوجوانوں کو خود اعتمادی، محنت اور زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ عطا کرتی ہیں۔ تقریباً 20 انٹر کالجوں کے طلبہ و طالبات اور اردو اساتذہ کو کیا گیا اعزاز سے سرفراز پروگرام کا خاص حصہ ضلع مظفرنگر کے تقریباً 20 انٹر کالجوں سے آئے ان ہونہار طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی تھی جنہوں نے اردو مضمون میں نمایاں نمبر حاصل کیے تھے۔ ان کالجوں کے اردو اساتذہ کو بھی ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔ طلبہ و طالبات کو انعامات دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اعزازات حاصل کرنے پر طلبہ اور اساتذہ کے چہروں پر خوشی نمایاں تھی۔
اس کے علاوہ اردو زبان و ادب کی خدمت کرنے والی متعدد شخصیات کو مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر صداقت دیوبندی، ڈاکٹر صداقت اللہ خان علیگ، حاجی محمد احمد خان اور وارث علی سمیت کئی معزز شخصیات کو اعزازات پیش کیے گئے۔ رانا پبلک اسکول کے منیجر جناب نور سلیم رانا اور صدر شمیہ زینت کو بھی ان کے تعاون اور خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔ پروگرام کی صدارت کر رہے ڈاکٹر شمیم الحسن نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام مہمانوں، اعزاز حاصل کرنے والی شخصیات، منتظمین اور شرکاء کو کامیاب پروگرام کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے اعزاز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اسی طرح محنت کرتے رہیں اور تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں۔ انہوں نے اردو کے فروغ کے لیے یو ڈی او کی کوششوں کو سراہا اور تمام لوگوں سے اس مشن میں تعاون کی اپیل کی۔ پروگرام میں یو ڈی او کے سرپرست ڈاکٹر شمیم الحسن، حاجی سلامت راہی، اسد فاروقی، ضلع صدر کلیم تیاگی، کنوینر تحسین علی عساروی، سکریٹری شمیم قصار، مولانا موسیٰ قاسمی، ڈاکٹر سلیم سلمانی، بدرالزمان خان، ماسٹر امتیاز علی، غلام فام احمد، ماسٹر خلیل احمد، ڈاکٹر فاروق حسن، ماسٹر ندیم ملک، قاری توحید، ڈاکٹر محمد یوسف خان، ساجد خان، کنور عارف رانا، عبدالصمد رائنی اور قاری سلیم مہربان سمیت تنظیم کے متعدد عہدیداران، اراکین اور معززین موجود رہے۔
پروگرام کی نظامت کلیم تیاگی اور مس اُجالا عباسی نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ اس موقع پر ڈاکٹر تنویر گوہر، حاجی سلامت راہی اور صداقت دیوبندی نے علامہ اقبال کی شان میں اپنے اشعار پیش کیے۔ اردو زبان کی اہمیت اور اس کے فروغ کے مقصد سے رانا پبلک اسکول، نواب عظمت علی گرلز انٹر کالج اور مدینہ پبلک اسکول کے طلبہ و طالبات نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کیے۔ ان پروگراموں میں مشاعرہ، قوالی، تقریریں، اردو نظمیں اور علامہ اقبال کی شاعری خاص طور پر قابل ذکر رہیں، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔
اس موقع پر امیر اعظم خان ایڈووکیٹ، کنور محمد عارف رانا، عبدالصمد، سلیم ملک، اظہر فاروقی، ڈاکٹر فہد فاروقی، ڈاکٹر عادل چودھری، انجینئر عثمان احمد، ساجد جاٹ فیڈریشن، محمد نعیم میسکو، ڈاکٹر گوہر کھتولی، عبد المالک کھتولی، ظفریاب خان، الطاف مشعل، ہاشم حیدری، امید اسد، ماسٹر رئیس الدین رانا، ارشد رانا، حافظ مصطفیٰ کمال پاشا، ماسٹر شاہ نظر، ماسٹر عابد، مولانا سعید الزماں، ڈاکٹر نازش فاروقی، ڈاکٹر آس محمد امین، محمد ہاشم بلاسپور، بابَر خان، ماسٹر سعید تیاگی، ماسٹر سید حسن، ماسٹر ارشاد، ڈاکٹر ریاض علی، بلقیس تیاگی، شاہانہ پروین، تشمور علی، شفا پروین، اریبہ پروین، خدیجہ خاتون اور ڈاکٹر فردوس علی گڑھ کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں محبان اردو نے شرکت کی۔ آخر میں منتظمین نے تمام مہمانوں، اعزاز یافتہ شخصیات، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور پروگرام میں شریک تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔