نئی دہلی۔ اردو اکادمی دہلی کے زیرِ اہتمام جاری 36ویں اردو ڈراما فیسٹول کے دوسرے دن مشہور فرانسیسی ڈراما نگار مولیئر کا شہرۂ آفاق مزاحیہ ڈراما ’دی میزر‘ اردو اسٹیج روپ ’کنجوس‘ میں پیش کیا گیا۔ درشیم ٹرسٹ کی جانب سے پیش کیے گئے اس ڈرامے کی ہدایت کاری محترمہ سمپا منڈل نے کی۔ دلچسپ کہانی برجستہ مکالموں عمدہ اداکاری اور مزاحیہ مناظر سے مزین اس پیشکش نے ابتدا سے اختتام تک ناظرین کو محظوظ کیا۔
ڈرامے سے قبل نظامت کے فرائض جناب اطہر سعید نے انجام دیے۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں اردو ڈرامے کی تاریخ اور بالخصوص اسٹیج ڈرامے کی روایت و ارتقا پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر انہوں نے اردو کے چند منتخب اور معروف ڈراموں کا ذکر بھی کیا جو اپنی ادبی اور فنی اہمیت کے اعتبار سے عالمی ڈرامائی ادب میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
.webp)
موسیقی کے ساتھ شروع ہونے والا یہ مزاحیہ ڈراما تین مناظر پر مشتمل تھا۔ اس میں پانچ سے چھ مرکزی کرداروں کے علاوہ تقریباً دس ضمنی کردار بھی شامل تھے۔ کہانی کا مرکزی کردار مرزا سخاوت بیگ ہے جو دولت کی محبت اور غیر معمولی کنجوسی میں اس قدر گرفتار ہے کہ اس کے لیے خاندانی رشتوں اور انسانی جذبات سے زیادہ اہمیت مال و دولت کی ہے۔
مرزا سخاوت بیگ کے دو بچے ہیں۔ بیٹا فاروق اور بیٹی عذرا۔ عذرا اپنے والد کے ملازم ناصر سے محبت کرتی ہے جبکہ فاروق مریم کو پسند کرتا ہے۔ کہانی میں دلچسپ صورتِ حال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب مرزا سخاوت بیگ خود بھی مریم سے شادی کرنے کا خواہش مند ہوتا ہے۔
ڈرامے میں فرزینہ کا کردار بھی خاص طور پر قابلِ ذکر رہا جو رشتے کروانے کا کام کرتی ہے۔ اس کی مزاحیہ انداز میں آمد اور برجستہ گفتگو نے کئی مناظر کو مزید دلچسپ بنا دیا۔ کہانی میں محبت خاندانی رشتوں دولت کی ہوس اور خود غرضی جیسے موضوعات کو مزاحیہ پیرائے میں پیش کیا گیا ہے۔
.webp)
ڈرامے کا آخری حصہ ایک غیر متوقع انکشاف کے باعث مزید دلچسپ ہو جاتا ہے۔ چوری شدہ مال کی برآمدگی کے مرحلے پر مرزا اسلم بیگ کی آمد ہوتی ہے جن سے مرزا سخاوت بیگ اپنی بیٹی عذرا کا رشتہ طے کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم بعد میں انکشاف ہوتا ہے کہ مرزا اسلم بیگ دراصل مرزا نسیم ہیں جو ناصر کے برسوں پہلے بچھڑ جانے والے والد ہیں۔ اسی موقع پر ناصر کو یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ مریم اس کی بہن ہے۔ اس طرح ایک بچھڑا ہوا خاندان دوبارہ مل جاتا ہے اور ڈرامے کا اختتام خوش گوار انداز میں ہوتا ہے۔
اس ڈرامے کی ادبی اہمیت اس کے مصنف مولیئر سے بھی وابستہ ہے جو سترہویں صدی کے مشہور فرانسیسی ڈراما نگار اور اداکار تھے۔ ان کا ڈراما ’دی میزر‘ پہلی مرتبہ 1668 میں پیرس میں پیش کیا گیا تھا۔ مولیئر نے تقریباً ساڑھے تین سو برس قبل اس ڈرامے میں انسانی فطرت کی ایک بڑی کمزوری یعنی دولت کی بے پناہ ہوس اور حد سے بڑھی ہوئی کنجوسی کو موضوع بنایا تھا۔
انہوں نے طنز و مزاح کے ذریعے یہ واضح کیا کہ جب انسان کے لیے دولت ہی سب کچھ بن جائے تو محبت خاندانی رشتے اور انسانی اقدار پس پشت چلی جاتی ہیں۔ اس ڈرامے کی نمایاں خوبی یہ ہے کہ اس میں پیش کی گئی انسانی کمزوریاں آج بھی ہمارے معاشرے میں مختلف صورتوں میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہی اس کی آفاقی معنویت اور دیرپا ادبی اہمیت کا سبب ہے۔

.webp)
ڈرامے میں مرزا سخاوت بیگ سمیت تمام کرداروں کو فنکاروں نے خوبصورتی اور مہارت سے نبھایا۔ بالخصوص ارچت مالکوٹی انل موریہ گگن چودھری خوشبو آیوشی پٹنائک اور پرینکا کماری کی اداکاری قابلِ ستائش رہی۔ فنکاروں کے برجستہ مکالموں کرداروں سے ہم آہنگ اداکاری اور مزاحیہ انداز نے ڈرامے کو ابتدا سے آخر تک دلچسپ بنائے رکھا۔ مجموعی طور پر یہ ایک بھرپور مزاحیہ پیشکش تھی جس نے ناظرین کو خوب محظوظ کیا۔
ڈرامے کے اختتام پر اکادمی کے سینئر کارکنان جناب محمد ہارون اور جناب عزیر حسن قدوسی نے ہدایت کار محترمہ سمپا منڈل کو پودا پیش کرکے ان کی فنی کاوشوں کو سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔
ڈرامے کے اختتام پر ہدایت کار محترمہ سمپا منڈل کو پودا پیش کرتے ہوئے محمد ہارون اور عزیر حسن قدوسی