ڈرامے کی ایک خاص بات ہدایت کار احد خان کی تخلیقی پیش کش رہی۔ زاہدہ زیدی نے اصل ڈرامے میں تین مناظر تحریر کیے ہیں۔ تاہم ہدایت کار نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرامے کے آغاز سے پہلے ایک اضافی منظر شامل کیا۔ اس منظر میں سورج اور سونیا کو دوسرے کمرے کے بارے میں گفتگو کرتے دکھایا گیا ہے۔ اسی دوران ایک اجنبی شخص اچانک اسٹیج پر نمودار ہوتا ہے جس کی خوف ناک شخصیت اور پراسرار موجودگی ماحول میں دہشت پیدا کر دیتی ہے۔اگرچہ یہ منظر اصل تحریر کا حصہ نہیں تھا لیکن اس اضافے نے ڈرامے کی علامتی اور تجریدی فضا کو مزید گہرا کرنے کے ساتھ ناظرین میں تجسس بھی بڑھا دیا۔ اس طرح اصل ڈرامے کے تین مناظر کے ساتھ ایک اضافی منظر شامل کرکے مجموعی طور پر چار مناظر پیش کیے گئے۔

ڈرامے کی کہانی سورج اور سونیا نامی میاں بیوی کے گرد گھومتی ہے جو دو کمروں کے ایک مکان میں رہتے ہیں۔ ان کی معمول کی زندگی میں دوسرا کمرہ رفتہ رفتہ ایک پراسرار اور خوف ناک حیثیت اختیار کر لیتا ہے۔ اس کمرے سے وابستہ عجیب واقعات۔ نامعلوم خدشات اور لاشوں کی موجودگی کہانی کو ایک ایسے معمے میں تبدیل کر دیتی ہے جس کا جواب تلاش کرنا آسان نہیں۔ ناظرین آخر تک یہ سمجھنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں کہ اسٹیج پر پیش آنے والے واقعات حقیقت ہیں۔ خواب ہیں یا کرداروں کے ذہنی خوف اور وہم کا عکس۔ یہی ابہام اور تجسس ڈرامے کی سب سے نمایاں خصوصیت بن کر سامنے آتا ہے۔
ڈرامے میں موسیقی کا استعمال بھی خاصا مؤثر رہا۔ خوف اور دہشت کے مناظر میں پس منظر کی موسیقی نے پراسرار ماحول کو مزید گہرا کیا۔ اس کے برعکس نسبتاً پرسکون اور خوشگوار لمحات میں موسیقی بھی اسی کیفیت سے ہم آہنگ رہی۔ اس طرح موسیقی محض پس منظر کی آواز تک محدود نہیں رہی بلکہ اس نے ڈرامے کے جذباتی اور نفسیاتی اثر کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
زاہدہ زیدی کا یہ ڈراما محض ایک گھر اور اس کے دو کمروں کی کہانی نہیں بلکہ انسانی ذہن میں موجود خوف۔ بے یقینی۔ وہم اور نامعلوم خدشات کی علامتی عکاسی بھی کرتا ہے۔ یہ زندگی کی ان پوشیدہ حقیقتوں کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے جنہیں سمجھنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ ڈرامے کا اختتام بھی ایک دلچسپ اور پراسرار موڑ پر ہوتا ہے جہاں امید۔ خوف اور مستقبل کے اندیشے ایک ساتھ نمایاں ہو جاتے ہیں۔ یوں یہ ڈراما اختتام کے بعد بھی ناظرین کے ذہنوں میں کئی سوالات چھوڑ جاتا ہے اور انہیں غور و فکر پر مجبور کرتا ہے۔

ڈرامے میں سورج کا کردار سمت سنگھ اور سونیا کا کردار رچا رائے نے ادا کیا۔ شبانہ کے معاون کردار میں سریتا چترویدی نظر آئیں۔ اجنبی شخص کا کردار گروندر سنگھ نے نبھایا جبکہ رام پرساد اور ونود کمار کے کردار امان احمد نے ادا کیے۔ تمام فنکاروں نے اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دیں۔ تاہم مرکزی کرداروں میں سمت سنگھ اور رچا رائے کی اداکاری کے ساتھ معاون کردار میں سریتا چترویدی کی پیش کش بھی قابل ذکر رہی۔
مجموعی طور پر ’دوسرا کمرہ‘ ایک منفرد۔ فکر انگیز اور پراسرار ڈرامائی پیش کش ثابت ہوا۔ فنکاروں کی عمدہ اداکاری اور احد خان کی ہدایت کاری نے ڈرامے کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس پیش کش نے ناظرین کو محض کہانی سے محظوظ نہیں کیا بلکہ واقعات کے پس پردہ مفہوم تلاش کرنے اور انسانی ذہن کی پیچیدگیوں پر غور کرنے کی دعوت بھی دی۔

ڈرامے کے اختتام پر اردو اکادمی کے سینئر کارکنان محمد ہارون اور عزیر حسن قدوسی نے ہدایت کار احد خان کو پودا پیش کرکے ان کی فنی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر موجود ناظرین نے بھی فنکاروں اور ہدایت کار کی بھرپور پذیرائی کی۔
