نئی دہلی: کیرالہ کے سبری مالا میں واقع بھگوان ایّپا مندر کے دروازے منگل کی علی الصبح تین بجے کھول دیے گئے، جس کے ساتھ ہی دو ماہ تک جاری رہنے والی سالانہ منڈلا مکر ویلاکو یاترا کا آغاز ہوگیا۔ ہزاروں عقیدت مند ’’سوامیے شرنم ایّپا‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے پہاڑی علاقے میں واقع مندر پہنچے۔
نو مقرر کردہ میل شانتی (مرکزی پجاری) اریّکارا سبرامنیم شنکرن نمبودری نے ملیالم کیلنڈر کے ورشچیکم مہینے کے پہلے دن عقیدت مندوں کے لیے مندر کے دروازے کھولے۔ اس کے ساتھ ہی یاترا کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ اسی وقت ملکاپورم مندر کے دروازے بھی کھولے گئے، جہاں نو مقرر کردہ میل شانتی اے دامودرن نمبودری نے پوجا اور دیگر مذہبی رسومات شروع کیں۔ پوجا کی تیاریوں کے لیے پیر کی شام دونوں مندروں کو کھولا گیا تھا۔
اس دوران سبکدوش ہونے والے مرکزی پجاریوں نے اپنے جانشینوں کو ذمہ داریاں سونپ دیں۔ نئے مقرر کردہ میل شانتی نے تنٹری کندارو برہمدتن کی جانب سے روایتی ابھیشیک کی رسومات ادا کیے جانے کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ پیر کے روز تیاریوں سے متعلق رسومات کے بعد کوئی دوسری اہم مذہبی تقریب مقرر نہیں تھی۔ ریاست کے وزیر دیوسوم کے مرلی دھرن نے علی الصبح تین بجے ایّپا مندر میں نرمالیہ درشن کیے۔