بنگلہ دیش کی گولڈن جبلی تقریب میں ہندوستان کے دو فنکار مدعو

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-03-2021
پنڈت اجوئے چکرورتی
پنڈت اجوئے چکرورتی

 



 

نئی دہلی

بنگلہ دیش نے اپنی آزادی کی 50 ویں سال گرہ کے موقع پر ثقافتی پروگرام کے لئے ہندوستان کے دو فنکاروں کو خصوصی طور پر مدعو کیا ہے۔ ہندوستان کے ساتھ دیرینہ ثقافتی تعلقات کے برملا اظہار کے طور پر حکومت بنگلہ دیش نے مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے دو فنکاروں ممتا شنکر اورپنڈت اجوئے چکرورتی کو اس گولڈن جبلی تقریب کی رونق بڑھانے کے لئے مدعو کیا ہے۔

اپنی آزادی کی 50 ویں سال گرہ کو مزید یادگار بنانے کے لئے بنگلہ دیش اپنے دیرینہ دوست ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلقات کی تجدید رہا ہے۔ اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ممتا شنکر معروف رقاصہ ہیں جبکہ پنڈت اجوئے چکرورتی ہندوستانی کلاسیکل گلوکار ہیں ۔

اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اجوئے چکرورتی کہتے ہیں کہ بنگلہ دیش میں پرفارم کرنا ہمیشہ ہی خاص ہوتا ہے۔ ربیندر ناتھ ٹیگور ، قاضی نذرالاسلام ، اتول پرساد سین ، ر جنی کا نتا سین اور ڈی ایل رے کی شراکت کے ذریعہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایک ایسا پائیدار رشتہ تعمیر ہوا ہے جس کی نظیر تاریخ میں بہت کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔