چھترپتی سمبھاجی نگر: مہاراشٹر کے ہنگولی ضلع کے کچھ علاقوں میں ہفتہ کی صبح چند گھنٹوں کے وقفے سے زلزلے کے دو ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد لوگوں میں خوف پھیل گیا۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے مطابق پہلا جھٹکا 3.3 شدت کا تھا، جو صبح تقریباً 7 بج کر 46 منٹ پر آیا۔ اس دوران گڑگڑاہٹ جیسی آواز بھی سنائی دی۔
زلزلے کا مرکز اونڈھا ناگ ناتھ تحصیل کے گڑھالا گاؤں میں زمین سے 7 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ حکام نے بتایا کہ تقریباً دو گھنٹے بعد 4.5 شدت کا زیادہ تیز جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کے اثرات ضلع کے کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں سے لوگ خوف زدہ ہوئے، تاہم کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے یا املاک کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اونڈھا ناگ ناتھ تحصیل کے پمپل دری اور آس پاس کے دیہات کے لوگوں نے بتایا کہ دوسرے جھٹکے سے چند منٹ پہلے انہیں گڑگڑاہٹ جیسی آواز سنائی دی تھی۔
اس سے قبل یکم اکتوبر کو قریبی پانگرا شندے گاؤں میں بھی اسی طرح کی گڑگڑاہٹ کی آواز سنائی دی تھی۔ حکام کے مطابق اس علاقے میں گزشتہ چھ برس سے وقتاً فوقتاً زلزلے کی سرگرمیاں ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔ رواں سال 9 اور 11 جولائی کو بھی یہاں بالترتیب 4.6 اور 3.5 شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کے باعث مبینہ طور پر کچھ مکانات میں دراڑیں پڑ گئی تھیں۔