جموں و کشمیر میں اپرنٹس شپ اسکیم کی نگرانی کے لیے دو کمیٹیوں کی تشکیل

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 30-09-2026
جموں و کشمیر میں اپرنٹس شپ اسکیم کی نگرانی کے لیے دو کمیٹیوں کی تشکیل
جموں و کشمیر میں اپرنٹس شپ اسکیم کی نگرانی کے لیے دو کمیٹیوں کی تشکیل

 



جموں: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نیشنل اپرنٹس شپ پروموشن اسکیم (این اے پی ایس) کو مضبوط بنانے اور اس کی نگرانی کے لیے دو اہم ادارے تشکیل دیے ہیں۔ حکام کے مطابق، حکومت کی جانب سے جاری حکم نامے کے تحت یونین ٹیریٹری اپرنٹس شپ کونسل (یو ٹی اے سی) اور یونین ٹیریٹری امپلیمنٹیشن ریویو کمیٹی (یو ٹی آئی آر سی) قائم کی گئی ہیں۔ حکم نامے کے مطابق 20 ارکان پر مشتمل یو ٹی اے سی کی سربراہی اسکل ڈیولپمنٹ محکمہ کے وزیر کریں گے۔ یہ کونسل جموں و کشمیر میں اپرنٹس شپ ٹریننگ کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطح کا مشاورتی اور رابطہ جاتی ادارہ ہوگی۔ اس کا مقصد تربیتی مواقع کو بڑھانے، صنعتوں کی شمولیت کو روزگار کے مواقع سے جوڑنے اور اپرنٹس شپ کو روزگار حاصل کرنے کے ایک راستے کے طور پر فروغ دینا ہے۔

اس کے علاوہ ایم ایس ایم ای اور نئی ابھرتی ہوئی صنعتوں کو اپرنٹس رکھنے کے لیے متحرک کیا جائے گا۔ کونسل کے دائرۂ کار میں کام کے دوران تربیت، ڈوئل سسٹم آف ٹریننگ اور آئی ٹی آئی، پولی ٹیکنک اور دیگر اہل اداروں کے ذریعے اپرنٹس شپ پر مبنی تعلیم کو فروغ دینا بھی شامل ہے۔ اسکل ڈیولپمنٹ محکمہ کے انتظامی سکریٹری کو کونسل کا نائب چیئرمین اور محکمہ کے اپرنٹس شپ ایڈوائزر کم ڈائریکٹر کو ممبر سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ کونسل میں اہم محکموں کے انتظامی سکریٹریوں کے علاوہ یونیورسٹیوں، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ (ڈی جی ٹی)، اسسٹنٹ اپرنٹس شپ ایڈوائزرز اور نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ڈی سی) کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

کونسل مرکزی اور یونین ٹیریٹری حکومت کی مختلف اسکیموں کے ساتھ اپرنٹس شپ پروگراموں میں تال میل پیدا کرے گی اور ضلعی اسکل کمیٹیوں، روزگار دفاتر، آئی ٹی آئی، پولی ٹیکنک اداروں، صنعتوں اور صنعتی تنظیموں کے درمیان رابطہ مضبوط کرے گی۔ یہ اپرنٹس شپ کے اہداف، اپرنٹس کی شمولیت، تربیت مکمل کرنے کی شرح اور تربیت کے بعد روزگار حاصل کرنے والے افراد کی صورت حال کا وقتاً فوقتاً جائزہ بھی لے گی اور عمل درآمد میں آنے والی رکاوٹوں کی نشاندہی کرے گی۔

کونسل نصاب کی تیاری میں صنعتوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ نئی ابھرتی ہوئی تجارت اور روزگار سے متعلق ضروریات کی نشاندہی میں بھی مدد کرے گی۔ مینوفیکچرنگ، سیاحت و ہوٹلنگ، آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس، الیکٹرانکس، قابل تجدید توانائی، تعمیرات، لاجسٹکس، صحت اور آٹوموبائل جیسے تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ یونین ٹیریٹری کی سطح پر سالانہ اپرنٹس شپ ایکشن پلان تیار کرنے اور اس کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینے میں بھی کونسل کا اہم کردار ہوگا۔

اس منصوبے میں اضلاع، شعبوں، تجارت اور اداروں کے لیے قابل پیمائش اہداف مقرر کیے جائیں گے اور تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان رابطے کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔ حکومت نے 50 ارکان پر مشتمل یونین ٹیریٹری لیول امپلیمنٹیشن ریویو کمیٹی (یو ٹی آئی آر سی) بھی تشکیل دی ہے۔ اسکل ڈیولپمنٹ محکمہ کے انتظامی سکریٹری اس کے چیئرمین اور مشن ڈائریکٹر ممبر سکریٹری ہوں گے۔ کمیٹی میں صنعتی تنظیموں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جن میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، جموں و کشمیر کے صدر، کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی)، جے کے کے چیئرمین اور فیڈریشن آف انڈسٹریز، جے کے کے چیئرمین شامل ہیں۔

یو ٹی آئی آر سی یونین ٹیریٹری کی سطح پر این اے پی ایس کے نفاذ، تال میل اور نگرانی کا کام کرے گی۔ یہ متعلقہ رہنما خطوط کے مطابق اسکیم کی پیش رفت اور اہم کارکردگی کے اشاریوں کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی ضلعی اسکل کمیٹیوں کی رپورٹوں کا بھی جائزہ لے گی اور مختلف اضلاع میں اپرنٹس کی شمولیت اور کارکردگی کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی سرکاری محکموں، ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ (آر ڈی ایس ڈی ای)، اپرنٹس شپ ایڈوائزرز، این ایس ڈی سی، صنعتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان تال میل کو بھی یقینی بنائے گی۔

اس کے علاوہ یو ٹی آئی آر سی عوام میں بیداری پیدا کرنے اور اپرنٹس شپ کے لیے لوگوں کو متحرک کرنے کی سرگرمیوں کا جائزہ لے گی، خاص طور پر ایم ایس ایم ای، ترجیحی شعبوں اور نئی ابھرتی ہوئی صنعتوں سے متعلق اقدامات پر توجہ دی جائے گی۔ کمیٹی عمل درآمد میں درپیش مشکلات کی نشاندہی کرکے بہتری کے لیے تجاویز بھی دے گی۔ حکم نامے کے مطابق کمیٹی ضرورت کے مطابق پیش رفت اور درپیش چیلنجوں سے وزارتِ ہنرمندی کی ترقی اور کاروباری امور (ایم ایس ڈی ای) کو آگاہ کرے گی۔