مغل بادشاہ اورنگ زیب کا مقبرہ پانچ دن کے لئے بند

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
مغل بادشاہ اورنگ زیب کا مقبرہ پانچ دن کے لئے بند
مغل بادشاہ اورنگ زیب کا مقبرہ پانچ دن کے لئے بند

 

 

اونگ آباد: اتر پردیش میں گیان واپی مسجد کیس کے درمیان مہاراشٹر میں مغل بادشاہ اورنگ زیب کی قبر پر بھی تنازعہ کھڑاکرنے کی کوشش ہے۔

اب آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے مقبرے کو پانچ دنوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔ دو دن پہلے مہاراشٹر نو نرمان سینا کے ترجمان گجانن کالے سمیت کئی لیڈروں نے یادگار پر سوالات اٹھائے تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ اورنگ آباد کے خلد آباد علاقے میں ایک مسجد کمیٹی نے اس جگہ کو تالے لگانے کی کوشش کی تھی۔ اس کے بعد اے ایس آئی نے یہ کاروائی کی ہے۔ ایم این ایس کے ترجمان نے کہا تھا کہ اس یادگار کو تباہ کر دیا جانا چاہیے۔ اس کے بعد سے اے ایس آئی نے اضافی گارڈز تعینات کر دیے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اورنگ آباد میں پولیس افسر نے کہا، 'اس سے قبل مسجد کمیٹی نے اس جگہ کو بند کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن ہم نے اسے کھول دیا۔ بدھ کو، ہم نے اگلے پانچ دنوں کے لیے مزار کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'ہم صورتحال کا جائزہ لیں گے اور فیصلہ کریں گے کہ اسے کھولنا ہے یا اگلے پانچ دنوں تک بند رکھنا ہے۔'

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بھی کہا، ’’مغل بادشاہ اورنگ زیب کا مقبرہ 5 دن تک بند رہے گا تاکہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال متاثر نہ ہو۔‘‘

خاص بات یہ ہے کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے لیڈر اکبرالدین اویسی اسی ماہ قبر پر پہنچے تھے۔ اے آئی ایم آئی ایم لیڈر کے دورے پر شیو سینا کی طرف سے شدید تنقید کی گئی تھی، جو ریاست کے حکمراں اتحاد مہا وکاس اگھاڑی کا حصہ ہے۔ راج ٹھاکرے کی قیادت والی ایم این ایس بھی اویسی پر تنقید کرنے والوں میں شامل ہے۔