ٹائیگر شراف فائرنگ معاملہ: کرنال سے 13ویں ملزمہ گرفتار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-11-2026
ٹائیگر شراف فائرنگ معاملہ: کرنال سے 13ویں ملزمہ گرفتار
ٹائیگر شراف فائرنگ معاملہ: کرنال سے 13ویں ملزمہ گرفتار

 



ممبئی: بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے معاملے میں ممبئی کرائم برانچ نے ایک اور خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔ 22 سالہ ملزمہ کو ہریانہ کے کرنال سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اسے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس گرفتاری کے ساتھ ہی اس معاملے میں گرفتار ہونے والے ملزمان کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

اس سے قبل اس معاملے میں گرفتار 12ویں ملزم کو ہفتہ کے روز خصوصی مکوکا عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ عدالت نے اسے 6 نومبر تک پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔ممبئی پولیس نے جمعہ کو ہریانہ کے سونی پت سے 12ویں ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ اسے ٹرانزٹ ریمانڈ پر ممبئی لایا گیا تھا۔ 18 اکتوبر کو پیش آنے والی فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات مسلسل جاری ہیں۔

سماعت کے بعد وکیل اجنکیا مرگل نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹائیگر شراف فائرنگ معاملے کے 12ویں ملزم امر کو سونی پت سے گرفتار کرکے 3 دن کے ٹرانزٹ ریمانڈ پر ممبئی لایا گیا تھا۔ اسے خصوصی مکوکا عدالت میں پیش کیا گیا جہاں استغاثہ نے 15 دن کی پولیس حراست کی درخواست کی تھی۔وکیل کے مطابق دفاع کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم کی جسمانی حراست ضروری نہیں ہے کیونکہ الزامات کی بنیاد کیو آر کوڈ کے ذریعے مالی لین دین سے متعلق ہیں اور اس کی تفصیلات بینکوں سے براہ راست حاصل کی جا سکتی ہیں۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم کو 6 نومبر تک پولیس حراست میں بھیج دیا۔

اس سے ایک روز قبل ممبئی کرائم برانچ نے مقامی پولیس کی مدد سے جمعرات کو سونی پت میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا تھا۔ممبئی پولیس نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے دوران ملنے والی مخصوص معلومات کی بنیاد پر کرائم برانچ کی ٹیم نے سونی پت پولیس کی مدد سے ہریانہ کے سونی پت میں ایک اور مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔ اس سلسلے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

پولیس نے اس معاملے میں تمام ملزمان کے خلاف مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ 1999 یعنی مکوکا کی دفعات بھی نافذ کی ہیں۔پولیس کے مطابق ابتدا میں یہ مقدمہ 19 اکتوبر کو ڈیٹیکشن آف کرائم برانچ کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 109(1) اور 3(5) کے علاوہ آرمز ایکٹ کی دفعات 3 اور 25 کے تحت درج کیا گیا تھا۔

بعد ازاں 27 اکتوبر کو مجاز اتھارٹی نے مکوکا کی دفعہ 23(1)(a) کے تحت اس قانون کو نافذ کرنے کی اجازت دی۔ اس کے بعد تمام ملزمان کے خلاف مکوکا کی دفعات 3(1)(ii) 3(2) اور 3(4) بھی مقدمے میں شامل کر دی گئیں۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ 18 اکتوبر کو شام تقریباً 7 بجے ممبئی کے جوہو علاقے میں پیش آیا تھا۔ ٹائیگر شراف فٹ بال کی مشق کے بعد ایک فٹ بال کلب سے اپنی گاڑی میں روانہ ہو رہے تھے کہ اسی دوران ان کی گاڑی پر متعدد گولیاں چلائی گئیں۔اس حملے میں اداکار محفوظ رہے تاہم ان کے ڈرائیور کو چوٹیں آئیں۔ ایک راہ گیر بھی فائرنگ کے دوران زخمی ہوا تھا۔ واقعے کے اگلے روز 19 اکتوبر کو مقدمہ درج کیا گیا اور بعد میں اس کی تحقیقات ممبئی کرائم برانچ کے حوالے کر دی گئیں۔12ویں ملزم کی سونی پت سے گرفتاری کے بعد بھی پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ اب 13ویں ملزمہ کی گرفتاری سے اس معاملے میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا ہے۔