جھارکھنڈ: دمکا میں تین نابالغ ٹرین سے کٹ گئے

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 21-05-2022
جھارکھنڈ: دمکا میں تین نابالغ ٹرین سے کٹ گئے
جھارکھنڈ: دمکا میں تین نابالغ ٹرین سے کٹ گئے

 

 

آواز دی وائس،رانچی

ریاست جھارکھنڈ کے دمکا ضلع کے برماسیا میں ریلوے ٹریک پر دو طالب علم اور ایک طالبہ کی لاشیں ملنے کے بعد سنسنی پھیل گئی ہے۔ شبہ ہے کہ تینوں نے ٹرین کی زد میں آکر خودکشی کی ہے۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ خودکشی کا ہے، تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق  ہفتہ کی صبح جب کچھ گاؤں والوں نے برماسیا ریلوے اسٹیشن سے کچھ فاصلے پر تین بچوں کی لاشیں دیکھی تو اس کی اطلاع پولیس اور آس پاس کے گاؤں کے لوگوں کو دی گئی۔

ان کی شناخت  کرلی گئی ہے۔اجے ہیم برم(گیارہویں جماعت)، سائمن مرانڈی(آٹھویں جماعت)،اورپانچویں جماعت کی طالبہ البینا مرمو کے طور پر ہوئی ہے۔

بچوں کے گھر والوں کا برا حال ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شام چار پانچ طالب علموں کو ریلوے ٹریک کے قریب چہل قدمی کرتے دیکھا گیا تھا۔ یہ تینوں بھی ایک ہی گروپ میں شامل تھے۔

واقعہ کے بارے میں باقی طلباء کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ جن حالات میں تینوں کی لاشیں ملی ہیں، اسے دیکھ کر یہ خودکشی کا معاملہ لگتا ہے۔ شکاری پاڑا پولیس اسٹیشن کے انچارج اروند سنگھ نے بتایا کہ تینوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ریلوے پولیس بھی واقعہ کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔