جموں: جموں و کشمیر پولیس نے پاکستان سے چلنے والی پابندی عائد تنظیم لشکر طیبہ کے تین مبینہ معاونین کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے تینوں افراد کئی برسوں سے اپنی سرگرمیاں چلا رہے تھے اور انہوں نے جموں خطے کے راجوری اور ریاسی سے جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع تک کئی دہشت گرد گروپوں کی نقل و حرکت میں مبینہ طور پر مدد کی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ راجوری کے کوٹ چرواَل کے رہنے والے محمد اعظم، ذاکر حسین اور محمد مشتاق کو 14 ستمبر کو گرفتار کیا گیا۔ ان پر لشکر طیبہ سے وابستہ ایک ’اسٹریٹجک سپورٹ ماڈیول‘ چلانے کا الزام ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تینوں ملزمان گزشتہ کئی برسوں سے سرگرم تھے۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے متعدد دہشت گرد گروپوں کو پناہ اور ضروری مدد فراہم کی، جبکہ راجوری، ریاسی اور پیر پنجال کے علاقے سے ہوتے ہوئے شوپیاں تک دہشت گردوں کی نقل و حرکت میں بھی مدد کی۔ ترجمان کے مطابق تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ تینوں ملزمان نے 2023 میں ریاسی ضلع کے چسانہ میں ایک مڈبھیڑ کے دوران مارے گئے دہشت گردوں کی مبینہ طور پر مدد کی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتاری کے بعد ملزمان کی نشاندہی پر گاؤں سے متصل جنگل سے ایک طاقتور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلہ (آئی ای ڈی) برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ جمعرات کو ان کے ٹھکانے سے ایک پستول، میگزین اور گولہ بارود کے ساتھ چین میں تیار کیے گئے دو دستی بم بھی برآمد کیے گئے۔