سپریم کورٹ کا دیپتھون فیصلہ تاریخی اور اہم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-11-2026
سپریم کورٹ کا دیپتھون فیصلہ تاریخی اور اہم
سپریم کورٹ کا دیپتھون فیصلہ تاریخی اور اہم

 



نئی دہلی: پڈوچیری کے وزیر داخلہ اے نمسیویام نے سپریم کورٹ کے ’دیپتھون‘ (Deepathoon) فیصلے کو رام مندر فیصلے کے بعد ایک تاریخی اور اہم فیصلہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ جنوبی ہندوستان کے عوام، بالخصوص بھگوان موروگن کے تمل عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات کو تسلیم کرتا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نمسیویام نے کہا کہ رام مندر فیصلے کے بعد یہ ایک انتہائی اہم فیصلہ ہے۔ جنوبی ہندوستان میں بھگوان موروگن کو تمل عوام کا دیوتا مانا جاتا ہے اور لوگوں کے ان سے گہرے مذہبی جذبات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عوام کے ان جذبات کو سمجھتے ہوئے ایک منفرد فیصلہ سنایا ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے وابستہ افراد ہی نہیں بلکہ عام لوگ بھی اس فیصلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ ان کے مطابق تمل عوام، خاص طور پر خواتین، اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کر رہی ہیں۔ انہوں نے اسے دیوتاؤں کا آشیرواد قرار دیا۔ واضح رہے کہ تروپارن کنڈرم پہاڑی پر واقع روایتی چراغ ’دیپتھون‘ کو ہفتہ کی شام 5 بجے روشن کیا جانا ہے۔ اس عمل کی نگرانی کے لیے مقرر کیے گئے ریٹائرڈ جج جسٹس ایس ویداناتھن اور جسٹس وی پارتیبن براہ راست نگرانی کریں گے۔ اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں بھگوان موروگن کو یاد کرتے ہوئے ان کی ستائش کی۔ انہوں نے تین مرتبہ لکھا کہ مقدس نیزہ رکھنے والے بھگوان موروگن کی جے۔

دریں اثنا، مجوزہ حلقہ بندی کے عمل اور خواتین کے لیے ریزرویشن کے قانون کے نفاذ کے بارے میں بات کرتے ہوئے نمسیویام نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے دائرے میں توسیع کے پیش نظر عوام کی بہتر نمائندگی کے لیے پارلیمنٹ کے ارکان کی تعداد میں اضافہ ضروری ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مسلسل ترقی کر رہا ہے اور آبادی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 2011 سے 2026 کے درمیان آبادی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ملک میں اس وقت تقریباً 140 کروڑ لوگ آباد ہیں۔ ایسے حالات میں پارلیمنٹ میں نمائندگی بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ملک میں کیے گئے اہم اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کی تعداد بڑھنے سے عوامی مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے اور ان کے حل میں مدد ملے گی۔ نمسیویام کے مطابق جب کسی رکن پارلیمنٹ کو بہت بڑے جغرافیائی علاقے کی نمائندگی کرنی پڑتی ہے تو ہر شخص تک پہنچنا، اس کے مسائل سننا اور اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کی تعداد میں اضافے سے عوامی نمائندوں کے لیے لوگوں کی بہتر خدمت کرنا ممکن ہوگا۔ انہوں نے مجوزہ بل کو ملک کی ترقی کے لیے ایک اچھا قدم قرار دیا۔

مجوزہ حلقہ بندی بل میں ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لیے لوک سبھا کی نشستوں میں 50 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ اسی تناسب سے ریاستی اسمبلیوں کی مجموعی نشستیں بھی بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ اس تجویز کا ایک اہم مقصد ’ناری شکتی وندن ادھینیم‘ کے نفاذ کی راہ ہموار کرنا بھی ہے، جس کے تحت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد نشستیں مخصوص کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ ادھر لوک سبھا سکریٹریٹ کے جمعرات کو جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق 18ویں لوک سبھا کے آٹھویں اجلاس کا دوسرا مرحلہ پیر 30 نومبر سے شروع ہونے والا ہے۔