قریبی خونی رشتوں میں شادی کے حوالے سے قانون بنانے کی ضرورت پر سپریم کورٹ نے مرکز سے جواب طلب کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2026
قریبی خونی رشتوں میں شادی کے حوالے سے قانون بنانے کی ضرورت پر سپریم کورٹ نے مرکز سے جواب طلب کیا
قریبی خونی رشتوں میں شادی کے حوالے سے قانون بنانے کی ضرورت پر سپریم کورٹ نے مرکز سے جواب طلب کیا

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو مرکزی حکومت سے پوچھا کہ کیا قریبی خونی رشتوں کے درمیان ہونے والی شادیوں کے حوالے سے کوئی قانون بنانے کی ضرورت ہے؟ عدالت نے ساتھ ہی واضح کیا کہ اس کا مقصد حکومت کو کوئی ہدایت دینا نہیں بلکہ اس مسئلے کی جانب اس کی توجہ مبذول کرانا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ عدالت اس طرح کی شادیوں کو کنٹرول نہیں کرسکتی، کیونکہ یہ مکمل طور پر قانون ساز ادارے کے دائرہ اختیار کا معاملہ ہے۔ سپریم کورٹ بنگلورو میں رہنے والی قانون کی ایک طالبہ چاروی ایس کی جانب سے دائر عرضی پر سماعت کررہی تھی۔

عرضی میں عدالت سے غور کرنے کی اپیل کی گئی تھی کہ کیا قانون کو ایسی روایت کی اجازت دیتے رہنا چاہیے جس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچوں کو جینیاتی بیماریوں اور دیگر ایسے نقصانات کا خطرہ لاحق ہوتا ہے جن سے بچا جاسکتا ہے۔ بنچ نے کہا، ’’ہم صرف اس محدود مقصد کے تحت نوٹس جاری کررہے ہیں کہ مرکزی حکومت اس بات پر غور کرے کہ آیا اس سلسلے میں مناسب قانون بنایا جانا چاہیے یا مختلف ذرائع سے بڑے پیمانے پر تشہیر اور عوامی بیداری کا انتظام کیا جانا چاہیے۔‘‘

عدالت نے مزید کہا کہ وہ مرکزی حکومت کو صرف اس مقصد سے نوٹس جاری کرسکتی ہے کہ وہ مناسب قانون بنانے کی ضرورت پر غور کرے۔ ہم اسے کوئی ہدایت نہیں دیں گے بلکہ صرف اس مسئلے کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ وکیل انجمن ترپاٹھی کے توسط سے دائر عرضی میں کہا گیا ہے کہ حالیہ طبی مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ قریبی خونی رشتوں میں شادی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچوں میں پیدائشی نقائص، نشوونما سے متعلق معذوریوں، شیر خوار بچوں کی اموات اور دیگر طبی مسائل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ سماعت کے دوران عرضی گزار کے وکیل نے کہا کہ بڑے پیمانے پر تشہیر کے ذریعے لوگوں کو ایسی شادیوں کے مضر اثرات سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کچھ حفاظتی اقدامات بھی ضروری ہیں، کیونکہ قریبی خونی رشتوں میں شادی کا رواج بڑھ رہا ہے۔ وکیل نے دلیل دی کہ اس طرح کی شادیاں زیادہ تر دیہی علاقوں میں دیکھنے کو ملتی ہیں، جہاں لوگ ان کے ممکنہ نتائج سے ناواقف ہونے کے باعث اپنے چچا زاد، پھوپھی زاد، ماموں زاد یا خالہ زاد بھائی بہنوں سے شادی کرلیتے ہیں۔ بنچ نے کہا کہ عرضی میں اٹھائے گئے مسئلے کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ شادی ذاتی پسند کا معاملہ ہے اور کسی بھی شخص کو اس طرح کی شادی کے بارے میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے۔ عدالت نے ایچ آئی وی سے متاثرہ شخص سے شادی کے ایک پرانے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی عدالت نے اسے ذاتی پسند کا معاملہ قرار دیا تھا۔ عرضی میں بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار خود 40 فیصد بصارت سے محروم ہیں اور وہ اپنے معاشرے میں رائج ایک قدیم روایت کے تحت چچا زاد اور ماموں زاد رشتوں میں ہونے والی شادی کی اولاد ہیں۔

درخواست میں عدالت سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہندو میرج ایکٹ 1955 کی دفعہ 5(4) اور 5(5) کی وضاحت کرے یا ان کی ایسی تشریح کرے جس کے تحت ’سپنڈ‘ رشتوں میں شادی سے پہلے صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازمی ہو۔ عرضی میں ان احتیاطی تدابیر کے طور پر طبی مشاورت، ممکنہ خطرات سے آگاہی، ڈاکٹروں کے مشورے پر طبی جانچ اور اس سلسلے میں سرٹیفکیٹ جاری کرنے جیسے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ہندو میرج ایکٹ کے تحت ’سپنڈ‘ رشتوں کی تعریف میں ماں کی طرف سے اوپر کی نسلوں میں تیسری نسل تک اور والد کی طرف سے اوپر کی نسلوں میں پانچویں نسل تک کے رشتے شامل ہیں۔ اس کی گنتی شادی کرنے والے شخص کو پہلی نسل مان کر اوپر کی جانب کی جاتی ہے۔