نئی دہلی۔ سپریم کورٹ نے 1994 میں گوپال گنج کے اس وقت کے ضلع مجسٹریٹ جی کرشنیا کے قتل کے معاملے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے سابق رکن پارلیمنٹ آنند موہن کو بہار حکومت کی جانب سے دی گئی سزا میں تخفیف کا حکم جمعرات کو منسوخ کر دیا۔ عدالت نے انہیں ایک ماہ کے اندر متعلقہ حکام کے سامنے خودسپردگی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس شیل ناگو پر مشتمل بنچ نے کہا کہ آنند موہن کی سزا میں تخفیف کا فیصلہ مناسب نہیں تھا اور قانونی معیار پر پورا نہیں اترتا، کیونکہ انہیں راحت دینے کے معاملے میں ماتحت عدالت کے جج کی رائے پر غلط طریقے سے غور کیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ نے بہار حکومت کی جانب سے 24 اپریل 2023 کو جاری کردہ اس نوٹیفکیشن کو منسوخ کر دیا جس کے تحت آنند موہن کی سزا میں تخفیف کی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے بہار جیل ضابطے میں کی گئی اس ترمیم کو بھی کالعدم قرار دے دیا، جس کے ذریعے دورانِ ڈیوٹی کسی سرکاری ملازم کے قتل کے مجرموں کی قبل از وقت رہائی پر عائد پابندی ختم کر دی گئی تھی۔ تاہم بنچ نے واضح کیا کہ بہار حکومت کو آنند موہن کی سزا میں تخفیف کرنے سے نہیں روکا گیا ہے، لیکن اس کے لیے مناسب قانونی طریقۂ کار پر عمل کرنا ہوگا۔ عدالت نے کہا کہ سزا میں تخفیف کے لیے نئی کارروائی آنند موہن کے ایک ماہ کے اندر خودسپردگی کرنے کے بعد ہی شروع کی جا سکتی ہے۔
تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے افسر جی کرشنیا کو 1994 میں مظفرپور ضلع میں ایک ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔ اس وقت ان کی گاڑی گینگسٹر چھوٹن شکلا کے آخری سفر سے آگے نکلنے کی کوشش کر رہی تھی۔ اس وقت رکن اسمبلی رہنے والے آنند موہن بھی اس آخری سفر میں شامل تھے۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ہجوم کو جی کرشنیا کے قتل کے لیے اکسایا تھا۔ مقتول افسر کی اہلیہ اوما کرشنیا نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرکے آنند موہن کی سزا میں تخفیف کے بہار حکومت کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے اسی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا ہے۔