سپریم کورٹ نے اپنی سرکاری ویب سائٹ کی نقل کرنے والی جعلی ویب سائٹ سے خبردار کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 03-11-2026
سپریم کورٹ نے اپنی سرکاری ویب سائٹ کی نقل کرنے والی جعلی ویب سائٹ سے خبردار کیا
سپریم کورٹ نے اپنی سرکاری ویب سائٹ کی نقل کرنے والی جعلی ویب سائٹ سے خبردار کیا

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ کی رجسٹری نے عدالت عظمیٰ کی سرکاری ویب سائٹ کی نقل کرکے بنائی گئی ایک جعلی ویب سائٹ کے بارے میں منگل کو عوامی نوٹس جاری کیا ہے۔ اس میں تمام متعلقہ افراد اور اداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اس ویب سائٹ پر اپنی کوئی بھی ذاتی یا مالی معلومات شیئر نہ کریں۔ نوٹس کے مطابق، ’’یہ ہدایت 16 جولائی 2025، 28 اپریل 2026 اور 13 اگست 2026 کو جاری کیے گئے سابقہ عوامی نوٹس کے سلسلے میں جاری کی گئی ہے۔

ان نوٹس میں ایسی گمراہ کن ویب سائٹس کے بارے میں خبردار کیا گیا تھا، جنہیں ہندوستان کی سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ کی بالکل نقل کرکے بنایا گیا ہے، تاکہ عام لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی کی جاسکے۔‘‘ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رجسٹری تمام متعلقہ افراد کو ’ایس سی آئی گوو اِن جوڈیشل ڈاٹ کام‘ نامی ایک نئی جعلی ویب سائٹ سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دیتی ہے۔ رجسٹری نے بتایا کہ سائبر جرائم میں ملوث افراد اس ویب سائٹ کے ذریعے عام لوگوں کی حساس ذاتی معلومات اور خفیہ آئی ڈی و پاس ورڈ حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

سپریم کورٹ کی رجسٹری نے خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی شخص اپنی ذاتی یا مالی معلومات اس ویب سائٹ پر شیئر نہ کرے، کیونکہ ایسا کرنے سے سائبر مجرم ان کا ڈیٹا چوری کرسکتے ہیں۔ رجسٹری نے لوگوں کو محتاط رہنے اور ہر طرح کے الیکٹرانک پیغام یا رابطے کی اصلیت کی جانچ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ رجسٹری نے واضح کیا کہ ’’ہندوستان کی سپریم کورٹ ’ایس سی آئی ڈاٹ گوو ڈاٹ اِن‘ ڈومین کی رجسٹرڈ صارف ہے۔ صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ کسی بھی رابطے یا لین دین سے پہلے متعلقہ یو آر ایل کی اصلیت کی تصدیق ضرور کرلیں۔‘‘