سپریم کورٹ نے بدعنوانی کیس میں سرکاری افسر کو بری کر دیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2026
سپریم کورٹ نے بدعنوانی کیس میں سرکاری افسر کو بری کر دیا
سپریم کورٹ نے بدعنوانی کیس میں سرکاری افسر کو بری کر دیا

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے دو دہائی سے زیادہ پرانے بدعنوانی کے ایک معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی تفتیش کے دوران ’’سنگین خامیوں اور جلد بازی‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے ایک سرکاری افسر کو تمام الزامات سے بری کر دیا۔ اس معاملے میں مبینہ رشوت طلب کیے جانے پر افسر کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کے لیے جال بچھایا گیا تھا۔ جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس این. کوٹیشور سنگھ کی بنچ نے کیرالہ ہائی کورٹ کے مئی 2024 کے احکامات کو چیلنج کرنے والی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی یہ ثابت کرنے میں ناکام رہی کہ برآمد کی گئی ’’رشوت‘‘ کی رقم اسی افسر کے لیے تھی۔

کیرالہ ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت کی جانب سے سرکاری افسر کو قصوروار قرار دینے اور سزا سنانے کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔ افسر پر الزام تھا کہ ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کے ڈویژنل سکیورٹی کمشنر کی حیثیت سے انہوں نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا اور تبادلے، تعیناتی اور دیگر ملازمت سے متعلق فوائد کے خواہش مند آر پی ایف اہلکاروں سے ماتحت افسران کو بیچولیے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر غیر قانونی رشوت طلب کی اور حاصل کی۔ تفتیش کے بعد کئی حتمی رپورٹیں داخل کی گئیں اور مبینہ رشوت کے مختلف لین دین کی بنیاد پر متعدد مقدمات بھی درج کیے گئے۔

سپریم کورٹ کی بنچ نے کہا کہ اس معاملے میں جال بچھانے کی کارروائی کے طریقہ کار میں شکوک پیدا ہوتے ہیں۔ عدالت نے بتایا کہ شکایت کنندہ نے 3 اگست 2005 کو سی بی آئی کو مبینہ طور پر افسر کی جانب سے رشوت طلب کیے جانے کی اطلاع دی تھی اور تفتیشی ایجنسی نے اگلے ہی دن جال بچھانے کا فیصلہ کر لیا۔ 4 اگست 2005 کو ایف آئی آر درج کی گئی اور اسی دن جال بچھانے کی کارروائی بھی انجام دے دی گئی۔ 16 ستمبر کو سنائے گئے فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا، ’’یہ حیران کن ہے کہ سی بی آئی نے باضابطہ ایف آئی آر درج ہونے سے پہلے ہی رشوت کی شکایت کی تصدیق کرتے ہوئے قابلِ دست اندازی جرم کی تفتیش شروع کر دی۔

یہ بھی سامنے آیا کہ سی بی آئی نے جال بچھانے کی کارروائی سے کچھ ہی دیر پہلے دو آزاد گواہوں کا انتظام کیا۔‘‘ عدالت نے کہا کہ تفتیشی ایجنسی کو غیر معمولی تیزی سے جال بچھانے کی کارروائی کرنے پر قصوروار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، تاہم اس سے کچھ شکوک ضرور پیدا ہوتے ہیں۔ بنچ نے کہا کہ نچلی عدالت نے اپیل کنندہ کی جانب سے اٹھائے گئے ان شکوک کو نظر انداز کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ جال بچھانے کی کارروائی کے طریقہ کار میں شکوک کے عناصر موجود تھے اور نچلی عدالت کی جانب سے نظر انداز کی گئی خامیاں استغاثہ کے مقدمے کے بارے میں معقول شک پیدا کرتی ہیں۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے دونوں اپیلیں منظور کرتے ہوئے اپیل کنندہ کو تمام الزامات سے بری کر دیا۔