نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے نومبر 2025 سے اگست 2026 کے درمیان 59 ہزار سے زیادہ عوامی شکایات اور اپیلوں کا نپٹارا کیا ہے۔ یہ معلومات وزارت کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں دی گئی ہیں۔ بیان کے مطابق، زیر التوا معاملات کو کم کرنے اور سرکاری دفاتر میں کام کا ماحول بہتر بنانے کی حکومت کی کوششوں کے تحت وزارت نے انتظامی معاملات کے نپٹارے کی رفتار تیز کردی ہے۔ وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق، مذکورہ 10 ماہ کے دوران 52,050 عوامی شکایات اور 7,410 اپیلوں کا نپٹارا کیا گیا۔
اس کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے موصول ہونے والے 299 معاملات، ریاستی حکومتوں سے متعلق 336 معاملات اور وزیر اعظم کے دفتر سے موصول ہونے والے سات معاملات کو بھی نمٹایا گیا۔ وزارت نے یہ اعداد و شمار ایسے وقت جاری کیے ہیں جب وہ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمے (ڈی اے آر پی جی) کی جانب سے منعقد کیے جانے والے خصوصی مہم-6 میں حصہ لینے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد زیر التوا معاملات کو کم کرنا، ریکارڈ رکھنے کے نظام کو بہتر بنانا اور سرکاری دفاتر میں صفائی کو فروغ دینا ہے۔ بیان کے مطابق مہم کا تیاری کا مرحلہ 15 ستمبر سے 30 ستمبر تک جاری رہے گا، جبکہ اس پر عمل درآمد 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک کیا جائے گا۔
وزارت نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر تعاون امت شاہ کی رہنمائی میں عوام سے براہ راست جڑے علاقائی اور دور دراز کے دفاتر پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزارت داخلہ میں خصوصی مہم-6 کا مقصد مستقل اور ماحول دوست کام کی جگہیں تیار کرنا اور مختلف زمروں سے متعلق معاملات اور زیر التوا کیسوں کو نمٹانا ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ وزارت اور اس کے ماتحت اداروں نے 10 ماہ کے دوران 761 صفائی مہمات چلائیں۔
اس دوران وزارت کے دفاتر اور مرکزی مسلح پولیس فورسز نے 1,02,084 مربع فٹ دفتری جگہ بھی خالی کرائی۔ وزارت نے کہا کہ مرکزی مسلح پولیس فورسز (سی اے پی ایف) اور مرکزی پولیس تنظیموں (سی پی او) کو خصوصی مہم کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا ہے۔ انہیں مہم کے طے شدہ مقاصد اور اہداف کو حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے اور مقررہ ہدف سے بھی زیادہ کام کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ وزارت نے بتایا کہ وہ ایک داخلی وزارت پورٹل کا استعمال کر رہی ہے، جس کے ذریعے وزارت کے تمام ڈویژنوں کے ساتھ ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور دہلی پولیس کی جانب سے مہم سے متعلق اعداد و شمار اپ لوڈ کیے جاتے ہیں۔