’جنگل‘ کی تعریف کی آئینی حیثیت تک محدود رہے گی سماعت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2026
’جنگل‘ کی تعریف کی آئینی حیثیت تک محدود رہے گی سماعت
’جنگل‘ کی تعریف کی آئینی حیثیت تک محدود رہے گی سماعت

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز کہا کہ وہ فاریسٹ (کنزرویشن) ترمیمی ایکٹ، 2023 کے تحت ’جنگل‘ کی تعریف کی آئینی حیثیت کو دی گئی چیلنج تک ہی اپنی سماعت محدود رکھے گی۔ عدالت نے واضح کیا کہ مختلف زمین کے ٹکڑوں سے متعلق انفرادی تنازعات کا فیصلہ متعلقہ ہائی کورٹس کریں گی۔

چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئی مالیا باگچی اور جسٹس وی. موہنا پر مشتمل بنچ ریٹائرڈ محکمہ جنگلات کے افسر اشوک شرما کی عرضی پر سماعت کر رہی تھی۔ شرما نے 2023 کے قانون میں ’جنگل‘ کی تعریف کو اس بنیاد پر چیلنج کیا ہے کہ یہ سپریم کورٹ کی جانب سے 1996 میں دی گئی تعریف کو محدود کرتی ہے۔ بنچ نے کہا، "ہم 1996 میں ٹی این گودا ورمن معاملے میں اس عدالت کی جانب سے دی گئی جنگل کی تعریف کو بنیاد مان رہے ہیں۔

تاہم، پارلیمنٹ کو اپنے دائرۂ اختیار میں تعریف طے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ ہم اس کا احترام کرتے ہیں اور ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا اس میں کوئی تضاد موجود ہے۔" عرضی گزاروں کا کہنا ہے کہ گودا ورمن معاملے میں عدالت کے حکم کے مطابق ’جنگل‘ کی تشریح لغت میں دیے گئے عام معنی کے مطابق ہونی چاہیے۔ تاہم، فاریسٹ (کنزرویشن اینڈ اینہانسمنٹ) ایکٹ، 1980 کی دفعہ 1 اے جنگل کی تعریف کو محدود کرتی ہے اور ان علاقوں کو قانون کے دائرے سے باہر کردیتی ہے جو لغت کے عام معنی کے مطابق جنگل کے زمرے میں آتے ہیں۔

عرضی گزاروں نے یہ بھی دلیل دی کہ مرکزی حکومت، ریاستی حکومتیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے ایسے علاقوں کو معاوضی شجرکاری کے لیے استعمال کرسکتے ہیں جو حقیقت میں جنگلاتی علاقے ہیں، لیکن سرکاری ریکارڈ میں انہیں جنگل کے طور پر درج نہیں کیا گیا ہے۔ ان میں تباہ شدہ جنگلات اور نجی جنگلات وغیرہ شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے نتیجے میں جنگلاتی رقبہ کم ہوسکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو، جنہوں نے اب تک ماہرین کی کمیٹی تشکیل نہیں دی ہے، ہدایت دی کہ ایسی کمیٹیاں بنائی جائیں جو زمین کا مشترکہ ریکارڈ تیار کریں۔ اس ریکارڈ میں جنگل جیسے علاقے، غیر درجہ بند زمینیں اور اجتماعی جنگلاتی زمین شامل کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ فاریسٹ (کنزرویشن اینڈ اینہانسمنٹ) رولز، 2023 کے ضابطہ 16(1) کے تحت مطلوبہ یہ عمل مکمل کیا جانا چاہیے۔ بنچ نے تمل ناڈو میں 59 ایکڑ زمین سے متعلق ایک معاملہ مدراس ہائی کورٹ کو بھیج دیا۔

عرضی گزاروں کا دعویٰ تھا کہ یہ زمین زراعت اور باغبانی کے لیے خریدی گئی تھی، لیکن 1922 کے ایک نوٹیفکیشن کے تحت اب بھی سرکاری ریکارڈ میں اسے نجی جنگل کے طور پر درج کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ زمین کے الگ الگ ٹکڑوں سے متعلق ایسے تنازعات کا فیصلہ ہائی کورٹس کریں گی۔ اس دوران زمین کے سابقہ استعمال، جغرافیائی صورت حال اور دیگر متعلقہ پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے گا۔ عدالت عظمیٰ نے مہاراشٹر حکومت کی جانب سے چندرپور میں چڑیا گھر بنانے سے متعلق الگ الگ عرضیوں کو بھی مرکزی بااختیار کمیٹی کے پاس بھیج دیا۔ عرضی گزار اس کمیٹی کے سامنے اپنی اعتراضات پیش کرسکتے ہیں۔