دہلی ہائی کورٹ نے جوائنٹ پولیس کمشنر کو نئی رپورٹ پیش کرنے کے ٹرائل کورٹ کے حکم پر روک لگا دی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-11-2026
دہلی ہائی کورٹ نے جوائنٹ پولیس کمشنر کو نئی رپورٹ پیش کرنے کے ٹرائل کورٹ کے حکم پر روک لگا دی
دہلی ہائی کورٹ نے جوائنٹ پولیس کمشنر کو نئی رپورٹ پیش کرنے کے ٹرائل کورٹ کے حکم پر روک لگا دی

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے اس حکم پر روک لگا دی ہے جس میں جوائنٹ پولیس کمشنر (جوائنٹ سی پی) کو اپنی دستخط شدہ نئی ایکشن ٹیکن رپورٹ (اے ٹی آر) داخل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ یہ معاملہ ایک خاتون کی گاڑی کو پولیس کی تحویل میں نقصان پہنچنے اور اس کے پرزے چوری ہونے کی شکایت سے متعلق ہے۔ جسٹس سنجیو نرولا نے کہا کہ اس بات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ جب پہلے ہی ایکشن ٹیکن رپورٹ داخل کی جاچکی ہے اور اس میں جوائنٹ پولیس کمشنر کی منظوری کا ذکر بھی موجود ہے تو کیا ان کے ذاتی دستخط کے ساتھ نئی رپورٹ طلب کرنا ضروری ہے؟

ہائی کورٹ نے پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (اے سی جے ایم-02) کے 31 اگست 2026 کے حکم پر روک لگا دی ہے۔ ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ اس عبوری حکم سے گاڑی کے پرزے چوری ہونے کے معاملے کی پولیس تفتیش متاثر نہیں ہوگی اور یہ تفتیش قانون کے مطابق جاری رہے گی۔ یہ معاملہ اوشا نامی ایک خاتون کی درخواست سے متعلق ہے، جس نے ٹرائل کورٹ میں بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 175(3) کے تحت عرضی داخل کرکے پولیس افسران کی مبینہ لاپروائی اور بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ خاتون کا الزام ہے کہ پولیس کی تحویل میں رہنے کے دوران اس کی گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا اور اس کے کئی پرزے چوری کرلیے گئے۔

ابتدا میں ٹرائل کورٹ نے یکم جولائی 2026 کے حکم کے ذریعے جوائنٹ پولیس کمشنر سے ایکشن ٹیکن رپورٹ طلب کی تھی۔ اس کے جواب میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) نے 8 اگست کو رپورٹ داخل کی، جس میں کہا گیا تھا کہ اسے جوائنٹ پولیس کمشنر کی منظوری حاصل ہے۔ تاہم، ٹرائل کورٹ نے نشاندہی کی کہ عدالتی ریکارڈ میں ایسا کوئی دستاویز موجود نہیں ہے جس سے اس منظوری کی تصدیق ہوسکے۔ اس کے بعد 31 اگست کے حکم میں ٹرائل کورٹ نے کہا کہ ڈی سی پی کی رپورٹ کو بی این ایس ایس کی دفعہ 175(4)(b) کے تحت ان کا جواب تصور کیا جاسکتا ہے، لیکن دفعہ 175(4)(a) کے تحت مطلوبہ سینئر افسر کی رپورٹ ابھی پیش نہیں کی گئی ہے۔

چنانچہ پولیس کمشنر کے دفتر کے ذریعے جوائنٹ پولیس کمشنر کو نیا نوٹس جاری کیا گیا اور انہیں اپنے دستخط کے ساتھ رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس حکم کو چیلنج کرتے ہوئے پر وین یادو نے دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی۔ وہ اس وقت وسنت کنج ساؤتھ پولیس اسٹیشن میں اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کے عہدے پر تعینات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی داخل کی جاچکی ایکشن ٹیکن رپورٹ میں ان تمام حقائق کا احاطہ کیا گیا ہے جن کے بارے میں عدالت نے معلومات طلب کی تھیں۔ رپورٹ میں جوائنٹ پولیس کمشنر کی منظوری کا ذکر بھی موجود تھا۔

ان کے مطابق ٹرائل کورٹ نے رپورٹ میں ایسی کسی ٹھوس خامی کی نشاندہی نہیں کی جس کی بنیاد پر جوائنٹ پولیس کمشنر سے الگ اور نئی رپورٹ طلب کرنے کی ضرورت پیش آتی۔ عرضی گزار نے یہ بھی دلیل دی کہ ٹرائل کورٹ نے اس بات کا جائزہ نہیں لیا کہ موجودہ ای-ایف آئی آر کی تفتیش میں اوشا کے الزامات شامل ہیں یا نہیں۔ عدالت نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ پہلے سے موجود رپورٹ اور دیگر دستاویزات اس کی درخواست پر فیصلہ کرنے کے لیے ناکافی کیوں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بی این ایس ایس کی دفعہ 175(3) کے تحت مجسٹریٹ ضرورت محسوس ہونے پر تحقیقات کا حکم دے سکتے ہیں، لیکن اس معاملے میں نئی رپورٹ طلب کرنے کی ضرورت کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی۔

دونوں جانب کی دلیلیں سننے کے بعد جسٹس سنجیو نرولا نے معاملے پر مزید غور کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے عرضی گزار کو عبوری راحت دے دی۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ اصل شکایت کنندہ اوشا کو مقدمے میں دوسرے فریق کی حیثیت سے شامل کیا جائے اور انہیں تمام قانونی طریقوں سے نوٹس جاری کیا جائے۔ ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں یہ بھی صاف کردیا کہ روک صرف جوائنٹ پولیس کمشنر کو نئی دستخط شدہ رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت تک محدود ہے۔ اس کا 28 مئی 2026 کو ساگر پور پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 303(2) کے تحت درج ای-ایف آئی آر کی تفتیش پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یہ ایف آئی آر گاڑی کے پرزے چوری ہونے کے الزامات سے متعلق ہے اور اس کی تفتیش حسب معمول جاری رہے گی۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 17 فروری 2027 کو ہوگی۔