کورٹ نے انتخابی کامیابی کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج کرنے کی سی جوزف وجے کی درخواست مسترد کردی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2026
کورٹ نے انتخابی کامیابی کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج کرنے کی سی جوزف وجے کی درخواست مسترد کردی
کورٹ نے انتخابی کامیابی کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج کرنے کی سی جوزف وجے کی درخواست مسترد کردی

 



چنئی: مدراس ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے کی اس درخواست کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے پیرامبور اسمبلی حلقے سے اپنی انتخابی کامیابی کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج کرنے کی اپیل کی تھی۔ جسٹس وی لکشمی نارائنن نے وجے کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عرضی میں لگائے گئے الزامات کی سماعت کے دوران جانچ ضروری ہے اور انہیں ابتدائی مرحلے میں ہی عرضی خارج کرنے کی بنیاد نہیں بنایا جاسکتا۔

پیرامبور حلقے کے ووٹر دنیش نے اپنی انتخابی عرضی میں الزام لگایا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے اپنے غیر منقولہ اثاثوں کے بارے میں جان بوجھ کر معلومات چھپائیں، غلط حقائق پیش کیے اور جھوٹے اعلانات کیے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نامزدگی کے کاغذات کی جانچ کے دوران ریٹرننگ افسر کو وجے کا پرچہ نامزدگی مسترد کردینا چاہیے تھا، کیونکہ اس میں کئی سنگین خامیاں تھیں۔ اس لیے ان کا پرچہ نامزدگی قبول کیا جانا درست نہیں تھا۔

جسٹس لکشمی نارائنن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیمینیو ہاؤکپ ہانگشنگ بنام کین رائخان اور دیگر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اس اصول کی واضح مثال ہے کہ ووٹروں کو کسی امیدوار کے اثاثوں کے بارے میں جاننے کا بنیادی حق حاصل ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ اثاثوں سے متعلق معلومات چھپانے کے الزامات کی باقاعدہ سماعت کے دوران جانچ ہونی چاہیے۔ ان الزامات کی بنیاد پر ابتدائی مرحلے میں انتخابی عرضی خارج نہیں کی جاسکتی۔

جسٹس لکشمی نارائنن نے کہا کہ پنروتی میں واقع جائیداد کو مبینہ طور پر چھپانے، پاڈی میں جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والی 35 کروڑ روپے کی رقم، کوراٹور میں جائیداد کے ایک حصے کی فروخت، ٹی نگر میں زمین کے رقبے اور تعمیرات کی حدود اور مائلاپور میں تعمیراتی معاہدے جیسے معاملات اہم نوعیت کے ہیں یا نہیں، اس کا فیصلہ صرف باقاعدہ سماعت کے بعد ہی کیا جاسکتا ہے۔