سلطان پور: سعودی عرب میں جاں بحق ہونے والے سلطان پور کے دو افراد کی لاشیں جلد ہندوستان لائی جائیں گی۔ ریاض میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے دونوں معاملات میں نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کر دیا ہے۔ مقامی بی جے پی رہنما نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔
بی جے پی اقلیتی سیل کے ضلع نائب صدر عبدالحق نے بتایا کہ دونوں خاندان اپنے عزیزوں کی لاشیں ہندوستان واپس لائے جانے کا انتظار کر رہے تھے اور اب اس سلسلے میں آخری رسمی کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ دھن پت گنج تھانہ علاقے کے سرائیا بھارتی گاؤں کے رہنے والے 52 سالہ نندلال پال روزگار کی تلاش میں 2013 میں سعودی عرب گئے تھے اور 2016 میں دوبارہ وہاں گئے۔
عبدالحق کے مطابق، وہاں انہیں ایک معاملے میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔ 22 ستمبر کو ان کے اہل خانہ کو جیل سے فون پر ان کی موت کی اطلاع دی گئی۔ نندلال پال کی اہلیہ رام کماری 2016 سے ان کی واپسی کا انتظار کر رہی تھیں۔ شوہر کی موت کی اطلاع ملنے کے بعد انہوں نے وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے لاش ہندوستان واپس لانے میں مدد کی درخواست کی۔
دوسرے معاملے میں بدھو اکلا تھانہ علاقے کے حسن پور گاؤں کے رہنے والے 26 سالہ عبدالقادر سعودی عرب میں 24 ستمبر کو ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ ناظم کے بیٹے عبدالقادر روزگار کے لیے 6 جون 2023 کو سعودی عرب گئے تھے۔
بی جے پی رہنما نے بتایا کہ انہوں نے وزارت خارجہ اور ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے کے افسران سے رابطہ کیا اور دونوں معاملات میں مسلسل پیش رفت کی معلومات حاصل کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی کاغذی کارروائی مکمل ہوتے ہی دونوں افراد کی لاشیں ان کے آبائی گاؤں پہنچا دی جائیں گی۔