نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتر پردیش میں ہونے والے آئندہ راجیہ سبھا انتخابات کے لیے وزیر دھرم پال سنگھ سمیت آٹھ امیدواروں کے ناموں کا پیر کو اعلان کیا۔ بی جے پی کے ایک بیان کے مطابق دیگر سات امیدوار رادھاکانت اوجھا، پرکاش پال، ودیا ساگر سونکر، گوپی کرشن پانڈے، پریانکا سنگھ راوت، رام پرتاپ سنگھ چوہان اور شروتی گنگوار ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان آٹھوں امیدواروں کے ناموں کو بی جے پی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے منظوری دی ہے۔
مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کا نام اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔ وہ بی جے پی کے ان ارکان میں شامل ہیں جن کی راجیہ سبھا کی مدت مکمل ہونے والی ہے۔ بی جے پی کے ذرائع کے مطابق پارٹی نے امیدواروں کے انتخاب میں سماجی، علاقائی اور ذات پات کے توازن کو مدنظر رکھا ہے۔ بی جے پی کے ایک رہنما نے ’پی ٹی آئی-بھاشا‘ کو بتایا کہ فہرست میں تین امیدوار اعلیٰ ذاتوں سے ہیں، جن میں رادھاکانت اوجھا اور گوپی کرشن پانڈے بھی شامل ہیں اور دونوں برہمن ہیں۔ دو امیدوار خواتین ہیں، تین دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) سے اور دو درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اتر پردیش، اتراکھنڈ اور مغربی بنگال سے راجیہ سبھا کی 12 نشستوں کے لیے 16 اکتوبر کو انتخابات ہوں گے۔
ان میں اتر پردیش کی 10 اور اتراکھنڈ کی ایک نشست شامل ہے، جبکہ مغربی بنگال کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہوگا۔ اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے موجودہ ارکان کی مدت 25 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ اتر پردیش سے جن راجیہ سبھا ارکان کی مدت ختم ہونے والی ہے، ان میں بی جے پی کے ہردیپ سنگھ پوری، ارون سنگھ، گیتا شکیا، نیرج شیکھر، برج لال، بی ایل ورما اور سیما دویدی کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے رہنما رام گوپال یادو اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے رام جی گوتم شامل ہیں۔
اتر پردیش کے سابق نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما کی راجیہ سبھا نشست بھی 11 ستمبر سے خالی ہے۔ انہیں انڈمان اور نکوبار جزائر کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیے جانے کے بعد انہوں نے 11 ستمبر کو راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا، جو اسی روز نافذ ہوگیا تھا۔