نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (آپ) کے رکن اسمبلی جرنیل سنگھ نے جمعرات کو دہلی کے تعمیرات عامہ کے محکمے (پی ڈبلیو ڈی) کے وزیر پرویش ورما کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا۔ یہ مقدمہ مغربی دہلی کے تلک نگر میں سڑک کے معائنے کے دوران وزیر کی جانب سے ایک نوجوان کو تھپڑ مارے جانے کے بعد پیدا ہونے والے تنازع کے درمیان درج کرایا گیا ہے۔
آپ رکن اسمبلی نے پرویش ورما سے سڑک کے معائنے کی کارروائی کو موبائل فون کے کیمرے میں ریکارڈ کرنے والے نوجوان کو تھپڑ مارنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جرنیل سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، ’’سڑک کے کام سے متعلق ان کے دعووں کو کھلے عام چیلنج کیے جانے کے بعد وزیر اپنا آپا کھو بیٹھے اور انہوں نے تلک نگر میں ایک نوجوان کو تھپڑ مار دیا۔ میں نے وزیر پرویش ورما کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا ہے۔
ان کے پاس یہ بتانے اور معافی مانگنے کے لیے سات دن ہیں کہ انہوں نے نوجوان کو تھپڑ کیوں مارا۔‘‘ گزشتہ ہفتے پیش آئے اس واقعے کے بعد آپ کی دہلی یونٹ کے صدر سوربھ بھاردواج اور جرنیل سنگھ سمیت پارٹی کے کئی کارکنوں کے خلاف ایک ہیڈ کانسٹیبل کے ساتھ مبینہ طور پر مارپیٹ کرنے اور اسے سرکاری ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس نے گزشتہ ہفتے سڑک کے معائنے کے دوران 22 سالہ ساحب سنگھ کو تھپڑ مارنے کے معاملے میں پرویش ورما کے خلاف غیر قابلِ دست اندازی پولیس رپورٹ (این سی آر) بھی درج کی ہے۔