مراد آباد میں سڑک حاثہ میں دس افراد ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 31-01-2021
شمالی ہند میں کہرے کی چادر
شمالی ہند میں کہرے کی چادر

 

مراد آباد۔ شمالی ہند میں سخت کہرے کے سبب ایک بڑے سڑک حادثہ نے اتر پردیش میں کم سے کم دس افراد کی جان لے لی۔ مراد آباد کے کندرکی علاقے میں شدید کہرے میں ایک ٹینکر اور بس کے مابین ہوئی خوفناک ٹکر میں کم از کم 10 مسافروں کی موت ہوگئی جبکہ 11 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ صبح تقریباً 8 بجےمراد آباد آگرہ ہائی وے پر بلاری سرکل میں حسین پور پلیا نان پور کے قریب اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری پرائیویٹ بس کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں ایک کینٹر اس سے ٹکرا گیا۔

ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کے ڈرائیوروالا سائیڈ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ بتایا جارہا ہے کہ ان دونوں گاڑیوں کی ٹکر کے ساتھ ہی ایک 10ٹائروالا ٹرک بھی ان گاڑیوں سے جاٹکرایا۔ اس خوفناک ٹکرمیں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں 11 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس اور انتظامیہ کے اعلی افسران موقع پر موجود ہیں۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ حادثے کی زد میں آئے زخمیوں کی تعداد میں اضافہ کاامکان ہے۔وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثہ پر رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو 50 50 ہزار کی مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،جبکہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 2،2 لاکھ روپے کی مالی امداد کے ساتھ ساتھ زخمیوں کا مناسب علاج کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

ضلع مجسٹریٹ راکیش کمار سنگھ نے ہفتے کے روز ہونے والے اس سڑک حادثے میں دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ، جبکہ زخمیوں کی تعداد 11 ہے۔اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے میں ہلاک شدگان کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلی نے اس حادثے میں ہلاک شدگان کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے کی مالی مدد دینے کی ہدایت دی ہے۔