نئی دہلی: مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے ہفتے کے روز کہا کہ مرکزی حکومت نے ایگری اسٹیک نظام کے تحت 11 کروڑ کسانوں کو 11 ہندسوں پر مشتمل منفرد شناختی نمبر جاری کرنے کا ہدف مارچ 2027 کی مقررہ مدت سے پانچ ماہ پہلے حاصل کرلیا ہے۔
یہ شناختی کارڈ ڈیجیٹل زراعت مشن کے تحت جاری کیے جارہے ہیں۔ چوہان نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ یہ کامیابی 23 اکتوبر کی رات حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا، ’’11 کروڑ کسان شناختی کارڈ بنانے کا کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرلیا گیا ہے۔‘‘
مرکزی وزیر نے اسے ’’ہندوستانی زراعت کے لیے ایک تاریخی دن‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مارچ 2027 تک 11 کروڑ کسان شناختی کارڈ بنانے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ انہوں نے اس پہل کو حکومت کے ’وکست بھارت‘ یعنی ترقی یافتہ ہندوستان کے تصور سے جوڑتے ہوئے کہا کہ جدید زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔ چوہان نے کہا کہ کسان شناختی کارڈ جاری کرنے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ سرکاری اسکیموں کے فوائد صحیح کسانوں تک صحیح وقت پر اور شفاف طریقے سے پہنچیں۔