نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو تمل ناڈو کی اس درخواست کو مسترد کردیا جس میں کرناٹک کو ہدایت دینے کی مانگ کی گئی تھی کہ وہ پانی کی مبینہ کمی کی تلافی کے لیے کاویری ندی کا اضافی پانی تمل ناڈو کو فراہم کرے۔ تمل ناڈو حکومت نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ پانی کی قلت سے کسانوں اور ان کی فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس اپریش کمار سنگھ پر مشتمل بنچ نے درخواست خارج کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے درخواست مسترد کردی ہے۔‘‘ تمل ناڈو حکومت نے سپریم کورٹ میں 2 درخواستیں دائر کرکے کرناٹک کو ہدایت دینے کی مانگ کی تھی کہ وہ کاویری ندی کے پانی میں تمل ناڈو کا واجب حصہ فوری طور پر جاری کرے۔
اگست میں تمل ناڈو نے الزام لگایا تھا کہ بارش میں کمی کے باوجود کرناٹک نے کاویری پانی کے اپنے مقررہ حصے میں سے پانی جاری نہیں کیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 11 ٹی ایم سی پانی کی کمی ہوگئی۔ ریاستی حکومت کا کہنا تھا کہ پانی کی اس قلت کے باعث کسانوں کو آبپاشی کے لیے پانی فراہم کرنا ممکن نہیں ہو پا رہا ہے۔ دوسری جانب کرناٹک نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کاویری واٹر مینجمنٹ اتھارٹی (سی ڈبلیو ایم اے) کی ہدایات پر عمل کررہا ہے۔
تمل ناڈو نے 3 اگست کو سپریم کورٹ سے رجوع کرکے اتھارٹی کے 30 جولائی کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے کی درخواست کی تھی۔ اس فیصلے میں کرناٹک کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ 15 دن تک روزانہ 3500 کیوسک کاویری پانی جاری کرے۔ یہ پانی کرناٹک کے کبیری اور کرشنا راجا ساگر آبی ذخائر سے چھوڑا جانا تھا۔ تمل ناڈو نے 15 دن تک روزانہ 3500 کیوسک پانی کے حساب سے مجموعی طور پر 4.536 ٹی ایم سی پانی جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھ
اس نے سپریم کورٹ سے اپیل کی تھی کہ اس تنازع کو حل کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی جائیں تاکہ اسے مقررہ مدت میں کاویری پانی کا جائز حصہ مل سکے۔ کاویری آبی تنازع ٹریبونل کے فیصلے کے تحت پانی کی تقسیم کے معاہدے میں تمل ناڈو کے لیے سالانہ 64 ٹی ایم سی پانی مختص کیا گیا ہے۔ تمل ناڈو نے اس سے قبل عدالت کو بتایا تھا کہ اسے صرف 14 ٹی ایم سی پانی ملا ہے۔ اس کا دعویٰ تھا کہ ندی کے طاس میں پانی کی آمد میں کمی کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی وہ دستیاب پانی کے 55.29 فیصد حصے کا حقدار ہے اور اسے تقریباً 20 ٹی ایم سی پانی کی کمی کا سامنا ہے۔