نئی دہلی : آواز دی وائس
سوامی وویکانند نے ہندوستانی معاشرے میں خود اعتمادی اور بیداری پیدا کرنے کے لیے روحانیت کو تبدیلی کا ذریعہ بنایا۔ ان کا پیغام تھا کہ اٹھو۔ بیدار ہو جاؤ اور اس وقت تک نہ رکو جب تک منزل حاصل نہ ہو جائے۔
ان تاثرات کا اظہار قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوامی وویکانند نے روحانیت کو محض مذہبی تصور کے طور پر نہیں دیکھا بلکہ اسے ہندوستانی معاشرے کی تعمیر اور قومی بیداری کے لیے ایک طاقتور ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ ان کے نزدیک روحانیت میں وہ غیر معمولی قوت موجود تھی جو ایک مایوس اور احساس کمتری میں مبتلا معاشرے کو خود اعتمادی اور اجتماعی طاقت عطا کر سکتی تھی۔وہ وویکانند انٹرنیشنل فاؤنڈیشن میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کے چیئرمین شری گرو مورتی۔ ڈائریکٹر جنرل جنرل انل چوہان اور کتاب کے مصنف راجیو سکری سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔
ہندوستان کی اصل شناخت اس کی روحانیت ہے
اجیت ڈوبھال نے کہا کہ سوامی وویکانند کے مطابق ہر قوم کا ایک بنیادی اور منفرد تشخص ہوتا ہے جس پر اس کی قومی شناخت قائم ہوتی ہے۔ ہندوستان کے معاملے میں یہ تشخص اس کی روحانیت ہے۔ یہی چیز ہندوستان کو دوسری قوموں سے ممتاز کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تہذیبی اقدار۔ ثقافت اور روحانی روایات نے صدیوں کے دوران لوگوں کو ایک قوم کی حیثیت سے متحد رکھا ہے۔ یہ اتحاد مغربی تصور ریاست کے عام عناصر سے کہیں زیادہ گہرا ہے۔ان کے مطابق ہندوستان کی قومی وحدت کو سمجھنے کے لیے اس کی تہذیبی اور روحانی بنیادوں کو سمجھنا ضروری ہے۔
NSA Ajit Doval's Powerful Speech on Swami Vivekananda | A Message for Today's India #SwamiVivekananda #NSAAjitDoval #VIF #AnilChauhan #SGurumurthy #RajivSikri #Philosophy @vifindia https://t.co/tzR4ZMKynw
— Awaz-The Voice (@AwazThevoice) November 28, 2026
وویکانند انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی جانب سے 8 نومبر 2026 کو معروف روحانی شخصیت سوامی وویکانند کی زندگی اور افکار پر مبنی کتاب ’Swami Vivekananda for Our Times‘ کی تقریب رونمائی منعقد کی گئی ۔ کتاب کی تدوین اور ترتیب سابق سفارت کار امب راجیو سکری نے کی ہے۔اس تقریب میں ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کتاب کی رونمائی کے ساتھ خصوصی خطاب بھی کیا۔تقریب میں سابق خارجہ سکریٹری امب راجیو سکری کتاب کے بارے میں اظہار خیال کیا جبکہ وویکانند انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے چیئرمین ایس گرو مورتی تعارفی کلمات پیش کئے۔ جنرل انیل چوہان افتتاحی خطاب کیا
مذہب کا مطلب محض رسومات نہیں بلکہ سچائی کی تلاش ہے
راجیو سکری کی کتاب کا ذکر کرتے ہوئے اجیت ڈوبھال نے کہا کہ اس کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ سوامی وویکانند کی اصل تعلیمات اور خیالات تک براہ راست رسائی فراہم کرتی ہے۔ عام طور پر کسی مفکر کے خیالات کو سمجھتے وقت درمیان میں تشریح کرنے والے شخص کے اپنے تعصبات اور تاثرات بھی شامل ہو جاتے ہیں۔ لیکن اس کتاب میں اصل تعلیمات کو موضوعات کے اعتبار سے مرتب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کتاب میں مذہب کے بارے میں سوامی وویکانند کے تصور کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ ان کے نزدیک مذہب کا مطلب صرف عبادات۔ رسومات یا کرم کانڈ نہیں تھا بلکہ حقیقت اور سچائی کی تلاش تھا۔ڈوبھال کے مطابق وویکانند کا خیال تھا کہ ہر مذہب اور ہر فلسفیانہ مکتب فکر میں کوئی نہ کوئی سچائی موجود ہے۔ اسی لیے وہ مختلف مذہبی اور فکری نظریات کے تئیں وسیع النظری اور رواداری کا رویہ رکھتے تھے۔
احساس کمتری سے نکل کر اپنی تہذیب پر فخر کرنے کا پیغام
اجیت ڈوبھال نے کہا کہ سوامی وویکانند نے اپنے دور کے ہندوستانی معاشرے میں مایوسی اور خود اعتمادی کی کمی محسوس کی تھی۔ لوگ اپنے ماضی۔ اپنے اسلاف اور اپنی تاریخ پر فخر کرنے کے بجائے مغربی اقدار اور طرز زندگی کی نقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ صدیوں کے ظلم و ستم اور محرومیوں نے معاشرے کے اندر ایک طرح کی بے بسی پیدا کر دی تھی۔ ایسے حالات میں وویکانند نے محسوس کیا کہ ہندوستانی معاشرے کے اندر روحانیت کی ایک پوشیدہ قوت موجود ہے جسے بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ان کے مطابق وویکانند کا مقصد اسی اندرونی قوت کو بیدار کرکے لوگوں میں خود اعتمادی اور اپنی تہذیب کے تئیں فخر کا جذبہ پیدا کرنا تھا۔
1888 سے 1893 تک کا سفر اور ہندوستان کی روح کی تلاش
ڈوبھال نے بتایا کہ سوامی وویکانند کی زندگی کے اہم ترین ادوار میں 1888 سے 1893 کا زمانہ شامل ہے۔ شکاگو میں تاریخی خطاب سے پہلے انہوں نے ایک سیاح اور خانہ بدوش سنیاسی کی حیثیت سے پورے ہندوستان کا سفر کیا۔اس دوران انہیں یہ بھی معلوم نہیں ہوتا تھا کہ اگلی رات کہاں قیام کریں گے یا کھانا کہاں ملے گا۔ ان کے اس سفر نے انہیں ہندوستانی معاشرے اور اس کی حقیقی روح کو قریب سے سمجھنے کا موقع دیا۔انہوں نے بنارس کے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 1888 میں ایک سنسکرت عالم اپادھیائے نے وویکانند کو بھارت درددشا نامی ڈرامے کے بارے میں بتایا تھا۔ یہ ڈراما ہندوستانی معاشرے کی زبوں حالی۔ اس کی اخلاقی پستی اور بیرونی جبر کی عکاسی کرتا تھا۔
ڈوبھال کے مطابق اس ڈرامے میں ایک سنیاسی کے ذریعے ہندوستان کی مختلف حالتوں کو پیش کیا گیا تھا۔ ایک منظر میں معاشرہ اخلاقی زوال اور باہمی انتشار کا شکار نظر آتا ہے۔ دوسرے مناظر میں ظلم۔ ذلت۔ جہالت اور بے بسی کی تصویر دکھائی گئی ہے۔ آخری منظر میں ہندوستان کو بے ہوشی کی حالت میں پڑا دکھایا گیا ہے جسے سنیاسی دوبارہ زندگی اور حرکت دینے کی کوشش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وویکانند نے بھی اپنے سفر کے دوران ہندوستان کی اسی مایوس اور شکست خوردہ کیفیت کو محسوس کیا اور اسے بیدار کرنے کا عزم کیا۔
اٹھو۔ بیدار ہو جاؤ اور منزل کے حصول تک نہ رکو
اجیت ڈوبھال نے کہا کہ سوامی وویکانند نے قدیم ہندوستانی فلسفے کے ایک معروف پیغام کو قومی بیداری کا نعرہ بنا دیا۔
ان کا مشہور پیغام تھا:
اٹھو۔ بیدار ہو جاؤ اور اس وقت تک نہ رکو جب تک منزل حاصل نہ ہو جائے۔
ڈوبھال کے مطابق کتھوپنشد میں اس پیغام کا بنیادی مفہوم روحانی علم حاصل کرنا اور جہالت کے اندھیروں سے نکلنا ہے۔ لیکن وویکانند نے اسے ہندوستانی معاشرے کی اجتماعی بیداری اور قومی تعمیر کے مقصد سے جوڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ وویکانند کے نزدیک اصل مقصد ہر ہندوستانی کے اندرونی وجود میں تبدیلی پیدا کرنا تھا۔ جب افراد کے اندر خود اعتمادی اور شعور پیدا ہوگا تو وہ منظم ہو کر اجتماعی طاقت حاصل کر سکیں گے۔
نئی ہندوستان کی تعمیر کسانوں اور محنت کشوں سے ہوگی
اجیت ڈوبھال نے سوامی وویکانند کے اس تصور کا بھی ذکر کیا جس میں انہوں نے ایک نئے ہندوستان کے ابھرنے کی بات کی تھی۔انہوں نے وویکانند کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نیا ہندوستان کسانوں کی جھونپڑیوں۔ موچیوں۔ ماہی گیروں۔ مزدوروں۔ کارخانوں۔ بازاروں اور جنگلوں میں رہنے والے لوگوں کے درمیان سے ابھرنا چاہیے۔ان کے مطابق وویکانند کا تصور صرف مذہبی یا روحانی اصلاح تک محدود نہیں تھا بلکہ وہ معاشرے کے عام لوگوں کو بااختیار بنانے اور انہیں قومی تعمیر کے عمل میں شامل کرنے کے خواہاں تھے۔
قومی طاقت کا راز تنظیم اور اجتماعی عمل میں پوشیدہ ہے
ڈوبھال نے کہا کہ سوامی وویکانند ہندوستان کے عظیم مستقبل کا راز تنظیم کو قرار دیتے تھے۔ ان کے خیال میں ہر فرد کو پہلے خود کو مضبوط اور باصلاحیت بنانا چاہیے۔ اس کے بعد انفرادی قوتوں کو ایک مشترکہ مقصد کے تحت متحد کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ انفرادی صلاحیتوں اور کوششوں کو منظم کرکے ہی اجتماعی طاقت پیدا کی جا سکتی ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے معاشرے میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ان کے مطابق وویکانند ایک سنیاسی تھے۔ ان کے پاس نہ فوج تھی۔ نہ ہتھیار اور نہ ہی دولت۔ لیکن انہیں یقین تھا کہ روحانیت میں ایک ایسی داخلی قوت موجود ہے جو لوگوں کو بیدار کرکے ایک بڑے اجتماعی مقصد کے لیے متحد کر سکتی ہے۔
گاندھی اور بھگت سنگھ کی تحریکوں میں بیداری کا کردار
اجیت ڈوبھال نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کی تحریک میں مہاتما گاندھی کی اپیل پر ہزاروں لوگوں کا متحد ہونا بھی اسی اجتماعی بیداری کا نتیجہ تھا۔ اسی طرح بھگت سنگھ اور چندر شیکھر آزاد جیسے انقلابیوں کی جرات اور اعتماد کے پیچھے بھی ایک بیدار ذہن اور مضبوط عزم کارفرما تھا۔انہوں نے کہا کہ سوامی وویکانند نے جس ذہنی اور روحانی بیداری کی بنیاد رکھنے کی کوشش کی تھی اس کے اثرات ان کی زندگی کے بعد بھی ہندوستانی معاشرے میں محسوس کیے گئے۔
راجیو سکری کی کتاب کو اہم علمی کاوش قرار دیا
اپنے خطاب کے اختتام پر اجیت ڈوبھال نے راجیو سکری کی کتاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سوامی وویکانند کی وسیع تعلیمات میں سے اہم اقتباسات کو نہایت منظم انداز میں جمع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کتاب کا آخری باب خصوصی طور پر متاثر کن ہے۔ اس میں وویکانند کے خیالات کو اس انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ قارئین انہیں آسانی سے سمجھ سکیں اور اپنی زندگی میں اختیار کر سکیں۔انہوں نے کتاب کے ناشر روپھا پبلی کیشنز کو بھی مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ کتاب قارئین میں مقبولیت حاصل کرے گی۔