ضلعی ججوں کی سبکدوشی عمر 62 سال کرنے پر سپریم کورٹ کا زور

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-11-2026
ضلعی ججوں کی سبکدوشی عمر 62 سال کرنے پر سپریم کورٹ کا زور
ضلعی ججوں کی سبکدوشی عمر 62 سال کرنے پر سپریم کورٹ کا زور

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ضلعی عدلیہ کے ججوں کی سبکدوشی کی عمر یکساں کرنے کی حمایت کرتے ہوئے بدھ کے روز ریاستی حکومتوں سے کہا کہ وہ ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھا کر 62 سال کرنے کے لیے مثبت اور تعمیری تجاویز پیش کریں۔ عدالت نے ان ریاستوں کو دو ہفتوں کی مہلت دی ہے، جنہوں نے ابھی تک سبکدوشی کی عمر 62 سال کرنے کی منظوری نہیں دی یا اس معاملے پر غور کر رہی ہیں۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ اگر تمام ریاستیں اس تجویز سے اتفاق کرلیتی ہیں تو اس معاملے کی کارروائی خوشگوار اور اطمینان بخش انداز میں ختم کی جاسکتی ہے۔

چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے ملک بھر میں ضلعی عدلیہ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھا کر 62 سال کرنے سے متعلق درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ متعدد ریاستوں نے اس تجویز سے اتفاق کرلیا ہے، جبکہ بعض ریاستوں نے اس معاملے پر غور کرنے کے لیے مزید وقت طلب کیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ اس معاملے میں یکسانیت ضروری ہے کیونکہ اس کا تعلق مساوات اور یکساں مواقع سے بھی ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا، ’’ہم ان تمام ریاستوں سے سنجیدگی کے ساتھ اپیل کرتے ہیں جنہوں نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا یا اس معاملے پر غور کر رہی ہیں کہ وہ اپنے موقف پر دوبارہ غور کریں اور مثبت و تعمیری تجاویز پیش کریں، جنہیں عدالت کے ریکارڈ پر رکھا جاسکے۔‘‘ بنچ نے اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمنی سے بھی درخواست کی کہ وہ متعلقہ ریاستوں کے ایڈووکیٹ جنرلز سے بات کریں تاکہ ان ریاستوں کو ریٹائرمنٹ کی عمر 62 سال کرنے پر آمادہ کیا جاسکے جنہوں نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا ہے۔ عدالت نے کہا، ’’جن ریاستوں نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا ہے، وہ دو ہفتوں کے اندر اپنا فیصلہ کریں اور ہمیں اس سے آگاہ کریں۔ ہم اپنا فیصلہ محفوظ رکھ رہے ہیں۔‘

‘ سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ 12 ریاستوں نے ابھی تک ضلعی عدالتی افسران کی سبکدوشی کی عمر 62 سال کرنے کی منظوری نہیں دی ہے، جبکہ بعض ریاستیں اب بھی اس معاملے پر غور کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو اس معاملے کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا کہ 14 ریاستیں ضلعی عدلیہ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے پر رضامند ہوگئی ہیں۔

اس سے قبل بھی سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ریاستی حکومتیں عدالتی افسران کی سبکدوشی کی عمر بڑھانے کی مخالفت میں مالی بوجھ کا جواز پیش نہیں کرسکتیں۔ عدالت نے ریاستی حکومتوں سے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے کے معاملے پر دوبارہ غور کرنے کو کہا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کے جج 65 سال کی عمر میں ریٹائر ہوتے ہیں، جبکہ ہائی کورٹ کے ججوں کی سبکدوشی کی عمر 62 سال مقرر ہے۔